بحرِ ظلمات میں، ”گھوڑا دیے دوڑے ہم نے…..!“

ویب ڈیسک

کراچی – سوشل میڈیا صارفین اور خاص طور پر میمرز ہمارے دور کی وہ ”مخلوق“ ہیں ، جو تفریح کی غرض سے مذاق اڑانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے

ایسا ہی کچھ وزیر اعظم عمران خان کے خلاف پیش کی جانے والی تحریک عدم اعتماد کے بعد بعد دیکھنے میں آیا ہے، جس کی حمایت اور مخالفت میں شیئر کی جانے والی طنز و مزاح پر مبنی ان پوسٹوں میں محبت اور نفرت کے سارے رنگ نمایاں ہیں

ایک ایسے وقت جب تحریک عدم اعتماد کی وجہ سے عمران خان کی حکومت کو جان کے لالے پڑے ہیں، سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی مزاحیہ میمز، تصویروں، وڈیوز اور ٹیکسٹ پیغامات نے اس سنجیدہ مئسلے کو بھی عوامی تفریح کا ذریعہ بنا دیا ہے

سوشل میڈیا پر جہاں کچھ لوگ اپنے رد عمل کے اظہار میں ”سرخ لکیر‘‘ عبور کرتے نظر آ رہے ہیں، وہیں بعض ماہرین کے بقول یہ غیر سینسر شدہ عوامی ردعمل ہے، جس سے رائے عامہ کے رجحانات کا اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے۔ اسی رد عمل کے دوران ایک اہم بات یہ بھی مشاہدے میں آئی کہ عمران خان حکومت کے بعض حامیوں کی لفظی گولہ باری کا رخ ملک کے طاقت ور حلقوں کی طرف بھی ہوتا جا رہا ہے

ایک صارف نے لکھا کہ لوٹے سیاسی پارٹیوں میں موجود ”سرکار“ کے نمائندے ہیں اور یہ پاکستان کی سیاست کی گاڑی میں اسٹیئرنگ کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں۔ ”سرکار“ انہی کے ذریعے پاکستان کی سیاست کا رخ موڑتی ہے

ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ سندھ ہاؤس میں تو پیسوں کی بوریاں تقسیم ہو رہی ہیں، لیکن کیا جہانگیر ترین کے جہاز میں جائے نماز، تسبیحیاں اور مسواکیں تقسیم ہوتی رہیں تھیں؟

ایک پوسٹ پر تحریر ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو اقتدار کا کوئی لالچ نہیں، وہ تو چوہدریوں کے گھر رمضان کا کیلنڈر دینے گئے تھے

ایک اور سوشل میڈیا صارف نے بہت ہی دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ”ع سے عمران اسماعیل ع سے عثمان بزدار کو بچانے کے لئے ع سے عمران خان کے حکم پر ع سے علیم خان کو ع سے عدم اعتماد سے روکنے آئیں گے ع سے عارف ع سے علوی کے کردار کے باوجود عین ممکن ہے کہ عین موقعہ پر سب عین غین ہو جائے اور ع سے عام انتخابات ہو جائیں“

ایک اور پوسٹ میں پوچھا گیا کہ ”جب سینیٹ کے الیکشن میں چونتیس ارکان والی پارٹی نے پینسٹھ ارکان والی اپوزیشن کو ہرایا تھا، تب آپ کا ضمیر کیوں غیر مطمئن نہیں ہوا؟‘‘

مبینہ طور پر پارٹی چھوڑنے والے پی ٹی آئی کے تینتیس ارکان اسمبلی کے پس منظر میں ایک صارف نے لکھا کہ نئے پاکستان سے پہلا طیارہ تینتیس مسافروں کو لے کر پرانے پاکستان میں لینڈ کر گیا ہے

ایک صارف نے وفاداری بدلنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے نام اور تصویریں ایک صفحے پر لگا کر ای کامرس کے سے انداز میں ان تصویروں کے اوپر لکھا ”سولڈ آؤٹ“ یعنی فروخت ہو چکے ہیں

ایک اور صارف نے اپنی پوسٹ میں رائے دی کہ جب آپ اقتدار کے لالچ میں اپنے نظریاتی کارکنوں کو چھوڑ کر لوٹوں پر انحصار کریں گے، تو اس کا انجام یہی ہو گا۔ کیونکہ لوٹے لوٹ جاتے ہیں

ایک صارف نے لکھا ”یہ بھی قیامت کی نشانی ہی لگتی ہے کہ بار بار پارٹیاں بدلنے والے شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شیخ رشید اور پرویز خٹک جیسے لوگ دوسروں کو لوٹا کہہ رہے ہیں“

ایک وڈیو میں ایک صاحب ترنم کے ساتھ پی ٹی آئی کے ایک ترانے کی پیروڈی اس طرح گنگناتے دکھائی دے رہے ہیں ”کب جائے گا عمران،
چھوٹے گی جان۔۔۔۔
کہ بچے گا میرا پاکستان۔

دوسری طرف عمران خان کے ایک حامی نے لکھا، ”جو بیماری کی ایکٹنگ کرکے لندن چلا گیا وہ شیر ہے اور جو تن تنہا گیارہ پارٹیوں کا مقابلہ کر رہا ہے وہ گھبرایا ہوا ہے…؟ اچھا مذاق ہے بھئی!“

پاکستان کی ایک طاقتور شخصیت کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی تصویر کے ساتھ ایک جگہ لکھا ہوا ہے کہ ”مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ“

کئی پوسٹوں میں پنجاب کے وزیر اعلٰی سردار عثمان بزدار کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایک میم میں بہت سادہ سی شلوار قمیض میں ملبوس وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کسی سے بات کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ”سنا ہے کہ عالمی طاقتیں مجھے ہٹانے کے لئے اکٹھی ہو رہی ہیں“

ایک اور پوسٹ کے مطابق اپوزیشن ارکان کی طرف سے وزیر اعلٰی پنجاب سے جب یہ کہا گیا کہ اگر وہ پوری اے بی سی سنا دیں تو ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔ اس پر عثمان بزدارنے بڑی معصومیت سے پوچھا کہ ”اے بی سی نکی یا وڈی؟‘‘ یعنی کیا اے بی سی کیپٹل حروف والی سنانی ہے یا چھوٹے حروف والی

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان مسلم لیگ قاف اور ان کے لیڈروں کو بھی نہیں بخشا۔ ایک پوسٹ میں ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان مسلم لیگ قاف کے تمام اراکین کو جمع کر لیا جائے تو ان کی تواضح کے لیے منگوائی گئی کوک کی ڈیڑھ لٹر کی ایک بوتل میں سے سب کو ایک ایک گلاس دے دیا جائے، تو بھی ڈیڑھ گلاس بچ جاتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود معلوم نہیں کہ عدم اعتماد کے حوالے سے ان کی کئی ہفتوں سے جاری مشاورت کیوں ختم ہونے میں نہیں آ رہی

ایک دوسری پوسٹ میں ایک صارف نے لکھا کہ چوہدری برادران حکومت کی تبدیلی کی کوششوں میں ساتھ دینے کے لئے ہونے والے مذاکرات میں اتنے سخت گیر مذاکرات کار ہیں کہ اس بات کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ کہیں وہ (اقوام متحدہ کی) جنرل اسمبلی میں اپنے لیے مستقل نشست کا مطالبہ ہی نہ پیش کر دیں

ایک صارف نے لکھا ہے کہ سوشل میڈیا پر بکنے والے ایم این اے کی چتھرول دیکھ کر ق لیگ نے صحن سے مشاورتی چارپائی اٹھا کر دیوار کے ساتھ کھڑی کردی

یاد رہے کہ ماضی میں عمران خان چوہدری پرویز الہی اور ایم کیو ایم کو سخت الفاظ کے ساتھ ہدف تنقید بناتے رہے ہیں۔ ان دونوں پارٹیوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے اب عمران خان ان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ اس پس منظر میں علی سلمان نامی ایک صارف کا موقف یہ تھا کہ پی ٹی آئی کے حامیوں کو اس بات کی سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ چوہدریوں کو قاتل کہیں یا پھر رکھ رکھاؤ والے لوگ قرار دیں ۔ اسی طرح انہیں اس بات کی بھی سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ ایم کیو ایم والوں کو بھتہ خور کہیں یا نفیس لوگ۔ ان کے بقول اب پی ٹی آئی کارکنوں کی حالت اس گیت جیسی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ‘رل تے گئی آن پر چس بڑی آئی اے’

ایک اور پوسٹ میں دنیا کے خطرناک ہتھیاروں میں بیوی کے آنسو اور پڑوسن کی مسکراہٹ کے بعد چوہدریوں کی مشاورت کو شامل کیا گیا ہے

ایک دل جلے نے موجودہ حالات میں اپنے جذبات کے اظہار کے لئے معراج فیض آبادی کے ان اشعار کا سہارا لیا:
جو تھے سیاسی گھرانے والے، سب ایک نکلے،
بجھانے والے، جلانے والے، سب ایک نکلے..

حرام کے رزق میں کوئی امتیاز کیسا،
کہ کھانے والے، کھلانے والے، سب ایک نکلے!

ہمارے ماضی کی اک عمارت یہ کہہ رہی ہے،
بچانے والے، گِرانے والے، سب ایک نکلے..

ایک اور صارف نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کی تصاویر کے ساتھ عوام کو مخاطب کرتے ہوئے یہ شعر لکھا ہے:
اے لوگو تمہیں خاموش رہنے کی یہ عادت مار ڈالے گی،
ریاست گر بچانی ہے سیاست چھین لو ان سے،
وگرنہ اس ریاست کو سیاست مار ڈالے گی!

ایک وڈیو میں ایک شخص ریڑھی پر چند بندے بٹھائے بازار سے گزرتے ہوئے ”ایم این اے لے لو، ایم این اے لے لو‘‘ جیسی آوازیں لگاتا دکھائی دے رہا ہے۔ ایک گاہک کے استفسار پر ریڑھی والا بتاتا ہے کہ آج کل پاکستان میں ایم این ایز کی بڑی ڈیمانڈ ہے۔ جو بھی انہیں خریدے گا حکومت اسی کی ہوگی

تحریک عدم اعتماد کے بعد ہارس ٹریڈنگ کے پس منظر میں بہت سے لوگ حبیب جالب کے ان اشعار کو شیئر کر رہے ہیں:
پہلے پہلے غَریب بِکتے تھے،
اب تو عِزت مآب بِکتے ہیں

شیخ، واعظ، وزیر اور شاعر،
سب یہاں پر جَناب بِکتے ہیں

دَور تھا اِنقلاب آتے تھے،
آج کل انقلاب بِکتے ہیں!

ایک من چلے نے لکھا کہ جیسے ہی فواد چوہدری نے یہ اعلان کیا کہ آصف زرداری پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی میں بیس بیس کروڑ بانٹ رہا ہے تو یہ سنتے ہی پی ٹی آئی کے بچے کچھے ممبران بھی سندھ ہاؤس پہنچ گئے

ایک صارف نے عدم اعتماد تحریک کو 8 مارچ یوم خواتین سے جوڑتے ہوئے لکھا ”عدم اعتماد کی تحریک نے اس بار عورت مارچ کو سائیڈ لائن کر دیا۔ ساری میڈیا کوریج اپوزیشن لے گئی۔ اس بار وہ 8 مارچ والے میمز ہی نہیں بنے“

تحریک انصاف کی موجودہ صورتحال پر عوام کی جانب سے دلچسپ میمز سامنے آرہی ہیں ، سوشل میڈیا پر ایک صارف نے لکھا ”اتنے تو بلڈ گروپ نہیں جتنے پی ٹی آئی میں سے گروپ نکل آئے ہیں“ جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ ”پی ٹی آئی نہ ہوگئی واٹس ایپ گروپ ہوگیا، ہر تھوڑی دیر بعد ناراض ارکان اپنا علیحدہ گروپ بنا لیتے ہیں“

ایک پوسٹ میں پیپلز پارٹی کے بلاول بھٹو کی اردو زبان کی لغزشوں کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کی ایک ممکنہ تقریر میں سے علامہ اقبال کے ایک شعر کو اس طرح ادا ہوتے ہوئے بتایا گیا:
دشت تو دشت تھے صحرا بھی نہ چھوڑے ہم نے،
بحر ظلمات میں گھوڑا دیے دوڑے ہم نے

سوشل میڈیا پر اس طرح کی پوسٹس کے حوالے سے ادارہ علوم ابلاغیات جامعہ پنجاب کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر نوشینہ سلیم کہتی ہیں کہ اس طرح کے ابلاغ کو کسی تھیوری میں بند کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ ان کے بقول بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر شئیر کیا جانے والا کافی سارا مواد مناسب نہیں ہوتا۔ اس ضمن میں محتاط طرزعمل اپنانے کی ضرورت ہے

ڈاکٹر نوشینہ کے مطابق پاکستان میں سوشل میڈیا کے قوانین موجود ہیں۔ ان کا احترام کیا جانا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر بلا جواز کسی کی پگڑیاں اچھالنے اور فیک نیوز پھیلانے کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close