پی ٹی آئی کے رہنما اور وفاقی وزیرِ مملکت علی محمدخان نے کہا ہے کہ کراچی میں مینڈیٹ ہی تحریک انصاف کا ہے اور سندھ میں بھی ہماری حکومت آنے والی ہے
وفاقی وزیر مملکت علی محمد خان کا کہنا ہے کہ اس وقت اپوزیشن کی جماعتیں فرق نہیں کر پا رہیں کہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف یا حکومت کے خلاف جلسہ کرنا ہے
انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا یا پریس کانفرنس کرنا ایک قانونی حق ہے لیکن حکومت کے خلاف بات کرنے اور ریاست کے خلاف بولنے میں بہت فرق ہوتا ہے
ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ آئین کے مطابق حکومت کے خلاف بیانیہ دے سکتے ہیں لیکن ریاست کے خلاف آپ بیانیہ نہیں دے سکتے۔ کراچی توان کے ہاتھ سے گیا۔ کراچی میں مینڈیٹ ہی تحریک انصاف کا ہے اور سندھ میں بھی ہماری حکومت آنے والی ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں ان کے جزیرے لینے کا کوئی شوق نہیں ہے لیکن سندھ اور وفاق کے درمیان معاہدہ ہوا تھا۔ ان کی کابینہ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ نے اتفاق کیا تھا
پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنماسید نویدقمر کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں جو بھی زمین ہوتی ہے وہ صوبوں کی ہوتی ہے ، وفاقی حکومت کی طرف سے ایک آرڈیننس پاس کردینا جس سے وہ زمین صوبے کی ملکیت سے نکل کر وفاق کی ملکیت میں چلی جائے، ظاہر ہے یہ وفاق اورصوبے کا تناؤ ہے، ہمارے خیال میں یہ آئین اورصوبائی حقوق پرحملہ ہے.