چین پاکستان میں 28 ارب ڈالر کے کون سے نئے منصوبے لگا رہا ہے؟

ویب ڈیسک

چینی کمپنیوں نے سی پیک کے تحت پاکستان میں 28 ارب ڈالر کے نئے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جن میں گوادر میں آئل ریفائنری، ملک میں فائبر آپٹک کا نیٹ ورک، گاڑیاں تیا کرنے اور موبائل فون بنانے کے کارخانے سمیت 16 منصوبے شامل ہیں

دستیاب دستاویزات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے اس سال فروری میں چین کے دورے میں پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے حوالے سے متعدد منصوبوں پر بات چیت کی گئی تھی

سابق وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران ان میں سے سب سے بڑے منصوبے کی تجویز دو چینی کمپنیوں کے کنسورشیم نے پیش کی، جس کے تحت گوادر میں 19 ارب ڈالر کی لاگت سے متعدد ریفائنریز اور کارخانے لگائے جائیں گے۔ ان میں پیٹروکیمیل اور انڈسٹریل پارک پسنی شامل ہے، جس میں آئل ریفائنری، سیمنٹ پلانٹ، واٹر ڈی سیلینیشن پلانٹ اور بجلی کے کارخانے شامل ہیں

علاوہ ازیں گوادر میں ہی ساڑھے چار ارب ڈالر کا ری سائیلکنگ پارک لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ اس کے تحت لوہے، دھات اور کاغذ کے دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے پلانٹ لگائے جائیں گے تاکہ انہیں برآمد کیا جا سکے

دلچسپ بات ہے کہ اسلام آباد میں پانچ ہزار گھر بنانے کا بھی ایک منصوبہ چین کی سرکاری کمپنی نے تجویز کیا ہے

کراچی کی مچھر کالونی میں کوسٹل زون کی تعمیر کا منصبوبہ بھی 35 لاکھ ڈالر کی لاگت سے زیر غور ہے

زراعت اور پولٹری کے شعبے کے منصوبے

چینی کمپنیوں کی طرف سے مجوزہ منصوبوں میں ایک کیڑے مار ادویات کی تیاری کا پلانٹ، مرغیوں اور مویشیوں کی خوارک کی تیاری کا کارخانہ اور مکئی و سویابین کی صنعتی پیمانے پر کاشت کے منصوبے بھی شامل ہیں

اس کے علاوہ آٹھ کروڑ لاگت سے بھینسوں کے دودھ کے لیے فارم اور پھر ملک پراڈکٹس کی پراسسنگ فیکٹری بھی لگانے کا منصوبہ زیر غور ہے

زرعی سائنس اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے لیے 55 کروڑ ڈالر کا منصوبہ بھی حتمی شکل پانے کا منتظر ہے۔ اسی کمپنی نے ایل این جی کو ذخیرہ کرنے کا پلانٹ بھی لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے

موبائل اور گاڑیوں کی تیاری کے کارخانے

پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں کئی منصوبے زیر غور ہیں، جن میں ملک کے تمام بڑی شہروں میں ایک لاکھ کلومیٹر تک فائبر کیبل نیٹ ورک بچھانے کا بڑا منصوبہ شامل ہے۔ اس منصوبے پر دو ارب ڈالر کی لاگت آئے گی

اس کے علاوہ پاکستان میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری، اسمبلی اور فیبریکیشن پلانٹ بھی لگایا جائے گا

جبکہ اسلام آباد کے خصوصی ٹیکنالوجی زون میں موبائل فونز کی اسیمبلنگ اور پرزہ جات بنانے کا کارخانہ بھی لگایا جائے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close