خوبصورتی بڑھانے کی خواہش میں بھارتی اداکارہ پلاسٹک سرجری کے دوران جان گنوا بیٹھی

ویب ڈیسک

بھارت کی جنوب مغربی فلم انڈسٹری ’سینڈل ووڈ‘ کی کامیاب اداکارہ اکیس سالہ چیتنا راج جسامت خوبصورت بنانے کی خواہش میں پلاسٹک سرجری کے دوران ہونے والی پیچیدگیوں کا شکار ہو کر اپنی جان سے ہی ہاتھ دھو بیٹھیں

چیتنا راج کنڑ فلم انڈسٹری کی مقبول اداکارہ تھیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے وہ بڑھتے وزن کا شکار تھیں، جس وجہ سے وہ اپنے کیریئر کے حوالے سے بھی پریشانی کا شکار تھیں

واضح رہے کہ کنڑ فلم انڈسٹری جنوب مغربی ریاست کرناٹک کی انڈسٹری کو کہا جاتا ہے، جسے ’سینڈل ووڈ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے

مذکورہ فلم انڈسٹری جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری جس میں تامل اور تیلگو زبان کی فلم انڈسٹری نمایاں ہیں، ان کے ٹکر کی انڈسٹری ہے

کنڑ فلم انڈسٹری کی بہت ساری اداکارائیں اور اداکار بولی وڈ کا حصہ بھی بنے اور پلاسٹک سرجری کے دوران پیچیدگیوں کا شکار ہونے والی چیتنا راج بھی ہندی فلموں میں کام کرنے کی خواہش رکھتی تھیں

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق چیتنا راج 16 مئی کو زائد الوزنی کی وجہ سے پلاسٹک سرجری کروانے کے دوران ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث ہلاک ہوگئیں

رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیتنا راج نے والدین کو بتائے بغیر بنگلورو کے ایک نجی پلاسٹک سرجری کلینک سے چربی ختم کروانے کی سرجری کروائی

رپورٹ کے مطابق چیتنا راج کی سرجری کرنے والے کلینک میں سہولیات دستیاب نہیں تھیں اور اداکارہ کی سرجری کرنے والے ڈاکٹرز بھی زیادہ ماہر نہیں تھے، جس وجہ سے ان کے آپریشن کے دوران شدید پیچیدگیاں سامنے آئیں

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرجری کے دوران ہی اداکارہ کے پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا، جس وجہ سے ان کی صحت مزید بگڑ گئی اور ان کی پلاسٹک سرجری کرنے والے ڈاکٹرز نے انہیں دوسرے ہسپتال منتقل کیا، جہاں وہ مردہ قرار دی گئیں

جس ہسپتال میں اداکارہ چیتنا راج کو منتقل کیا گیا، وہاں کے ڈاکٹرز کے مطابق اداکارہ پلاسٹک سرجری کے دوران ہی ہلاک ہوگئی تھیں، تاہم پلاسٹک سرجنز نے خود کو بچانے کے لیے انہیں دوسرے ہسپتال منتقل کیا

چیتنا راج کی کم عمری میں ہلاکت پر کنڑ فلم انڈسٹری کی شخصیات اور خاص طور پر اداکارائیں صدمے میں ہیں، جب کہ ان کے مداح پلاسٹک سرجنز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close