فٹبال ورلڈکپ 2022 میں پاکستان کیسے شریک ہوگا؟

ویب ڈیسک

قطر میں شیڈول فٹبال ورلڈکپ 2022 میں پاکستان کی شرکت اپنے تیار کردہ فٹبالز کے ذریعے ہوگی، جہاں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی فٹبال ‘الریحلہ’ استعمال کی جائے گی اور یوں عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی کا کہنا تھا کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈکپ 2022ع کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ‘الریحلہ’ استعمال کیا جائے گا

شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے کہا کہ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کے لیے الریحلہ فٹ بال تیار کیا ہے، جو باضابطہ طور پر فیفا فٹبال ورلڈکپ میں استعمال ہوگی اور یہ سیالکوٹ سمیت پاکستان کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز اور فخر کی بات ہے

انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والی گیندیں استعمال ہو رہی ہیں، بلکہ یہ تیسرا موقع ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا

ان کا کہنا تھا کہ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے اور اس کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال ہوا ہے

شیخ زوہیب سیٹھی نے بتایا کہ یہ بال بیس پینلز پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بہترین فٹبال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے

تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے روایتی طور پر فٹبال ہاتھ سے سلے ہوئے تھے، تاہم ایک نئی ٹیکنالوجی تھرموس بانڈنگ پہلی بار 2014 کے ورلڈ کپ میں متعارف کرائی گئی تھی

انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ ملکی برآمدات کے حوالے سے اہم شہر ہے اور میں والی بال، ہاکی اسٹکس، کرکٹ بیٹ اور کھیلوں میں استعمال ہونے والا لباس سمیت کھیلوں کا سامان بنانے کے لیے بھی مشہور ہے

ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کی صنعت بین الاقوامی معیار کی ٹیکنالوجی استعمال کر رہی ہے

شیخ زوہیب سیٹھی نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ اس ورلڈکپ میں بین الاقوامی فٹبال اسٹارز اور ٹیمیں سیالکوٹ میں تیار کردہ فٹبال کے ساتھ کھیلیں گی، جس سے پاکستان میں نہ صرف فٹبال انڈسٹری کو فروغ ملے گا، بلکہ کھیلوں کے حوالے سے صنعت پر بھی اس کا مثبت اثر پڑے گا

خیال رہے کہ قطر میں فٹبال ورلڈکپ رواں برس نومبر میں شروع ہوگا، جس کا پہلا میچ 21 نومبر کو میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان البیت اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا

ورلڈکپ فٹبال میں شرکت کرنے والی بتیس ٹیموں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ میں شامل تمام چار ٹیمیں آپس میں ایک،ایک میچ کھیلیں گی

9 دسمبر کو کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز ہوگا جبکہ 13 اور 14 دسمبر کو دونوں سیمی فائنل کھیلے جائیں گے

ورلڈ کپ کا فائنل 18 دسمبر کو لوسیل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close