کون سی موٹرسائیکل جیب پر ہلکی اور کارکردگی میں تگڑی؟

ویب ڈیسک

پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی موٹر سائیکلوں کی فروخت چھی بڑھ گئی ہے

بہت سے ایسے لوگ جو پہلے گاڑیاں استعمال کرتے تھے، پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد وہ گاڑیاں ترک کرکے موٹرسائیکل کو اپنی سواری بنا رہے ہیں

کراچی میں ایک پرائیویٹ سافٹ وئیر کمپنی میں کام کرنے والے سلیم احمد بھی ان میں سے ایک ہیں

وہ بتاتے ہیں ”پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد میں نے گاڑی کا استعمال چھوڑ کر کام پر جانے کے لیے ایک 150 سی سی موٹر سائیکل خرید لی ہے۔ اب میں دفتر آنے جانے کے لیے گاڑی کی بجائے موٹر سائیکل استعمال کر رہا ہوں۔ گاڑی میں یومیہ ایک ہزار کا خرچہ ہوتا تھا جبکہ موٹر سائیکل پر تین سو روپے میں آنا جانا ہوجاتا ہے“

موٹر سائیکل ڈیلرز صابر شیخ نے تصدیق کی ہے کہ ان کے پاس موٹر سائیکل خریدنے کے لیے آنے والوں میں سے بہت سے لوگ وہ ہیں، جو پہلے کاروں میں سفر کرتے تھے

وہ کہتے ہیں ”حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں اضافے کی وجہ سے اب گاڑی میں سفر کرنے والے بہت سے افراد موٹر سائیکل خریدنے آرہے ہیں“

موٹر سائیکل ڈیلرز کے جاری اعداد وشمار کے مطابق سالانہ پچیس لاکھ موٹر سائیکلیں فروخت ہوتی ہے۔ جن میں تقریبا اکیس لاکھ 70 سی سی اور چار لاکھ 115، 125 ،150 اور اس سے زائد ہارس پاور کی موٹر سائیکلیں ہوتی ہیں۔ لیکن گذشتہ سال ان موٹرسائیکلوں کی فروخت پانچ لاکھ یونٹس تک بڑھ گئی

قیمت بڑھنے کے بعد کون سی موٹر سائیکل کتنے کی؟

مارکیٹ سروے کے مطابق سب سے زیادہ فروخت ہونے والی موٹر سائیکل اب بھی 70 سی سی ہی ہے۔ لیکن چینی سامان سے پاکستان میں اسمبل ہونے والی موٹر سائیکلیں بھی صارفین کی خاص توجہ کا مرکز بنی ہیں

لیکن موٹر سائیکلوں کی فروخت میں اضافے کے ساتھ ہی ان کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے

ڈیلرز کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ روپے کی قدر میں کمی اور درآمد پر عائد ٹیکسز کی وجہ سے کیا گیا ہے، جس کے بعد تقریباً تمام موٹر سائیکل 25 سے 30 فیصد تک مہنگے ہو گئے ہیں

موٹر سائیکل ڈیلرز کے مطابق اس وقت چینی سامان سے تیار ہونے والی 70 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت 72 ہزار روپے سے 76 ہزار روپے ہے۔ جبکہ 125 سی سی کی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار سے ایک لاکھ 45 ہزار تک ہے

اسی طرح یاماہا وائی بی زیڈ 125 سی سی 2 لاکھ 55 ہزار روپے میں فروخت کی جارہی ہے، جبکہ وائی بی 125 سی سی ڈی ایکس 2 لاکھ 73 ہزار 500 اور وائی بی آر 125 سی سی 2 لاکھ 95 ہزار میں فروخت کی جارہی ہے

ہنڈا کی 70 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت 1 لاکھ 11 ہزار 500 روپے ہے۔ 125 سی سی کی قیمت 1 لاکھ 74 سے 2 لاکھ 63 ہزار روپے تک ہے۔ جبکہ سی بی 150 ایف کی قیمت 3 لاکھ 23 ہزار 900 روپے سے 3 لاکھ 27 ہزار 900 روپے ہے

سستی موٹر سائیکلوں کے پرزے جلد خراب کیوں ہو جاتے ہیں؟

صارفین کے مطابق مقامی سطح پر اسمبل ہونی والی موٹر سائیکل قیمت میں تو کم ہے لیکن وزن میں کم اور شاکس اچھے نہ ہونے کی وجہ سے اس کا سفر آرام دہ نہیں ہے، اس لیے کئی افراد اسے ناپسند کر رہے ہیں

کراچی کے رہائشی مصطفٰی صدیقی، جو کافی عرصے سے موٹر سائیکل استعمال کر رہے ہیں، بتاتے ہیں ”چین کے بنے پارٹس سے مقامی سطح پر بننے والی موٹر سائیکل سستی تو ہے لیکن استعمال کے کچھ ہی عرصے بعد اس کو مرمت کی ضرورت پڑ جاتی ہے۔ اور اگر سوزوکی یا ہنڈا موٹر سائیکل خریدیں تو اس کی قمیت اس سے تقریبا دو گنا زیادہ ہے“

وہ کہتے ہیں ”پہلے تھوڑا عرصہ موٹر سائیکل استعمال کرکے دوسری لے لیا کرتے تھے۔ اب تو پرانی استعمال شدہ موٹر سائیکل بہت کم پیسوں میں فروخت ہو رہی ہے اور نئی موٹر سائیکل بہت مہنگی ہے“

صابر شیخ کے مطابق اس وقت خریدار زیادہ ترجیح ان موٹر سائیکلوں کو دے رہے ہیں جن کی فیول ایوریج اچھی ہے اور پارٹس سستے ہیں

ان کا کہنا ہے کہ پائیداری کے حساب سے ہنڈا، یاماہا اور سوزوکی کمپنیز کی موٹر سائیکلز کا پاکستان میں ایک نام رہا ہے لیکن اب چینی سامان سے مقامی سطح پر اسمبل ہونی والی موٹر سائیکل بھی اچھے معیار کی بن رہی ہیں

تاہم صارفین کی شکایتیں بھی بڑھی ہیں۔ وہ کہتے ہیں ”موٹر سائیکلوں میں پلاسٹک کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے اور ہماری سڑکوں کی خرابی کی وجہ سے یہ سامان جلدی ٹوٹ جاتا ہے“

صارفین کا کہنا ہے کہ اگر موٹر سائیکل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تو ان کے پرزہ جات کے معیار کو بھی بہتر بنائے جانے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close