عبدالقادر بلوچ اور ثنا ﷲ زہری نے ن لیگ سے علیحدگی اختیار کر لی

نیوز ڈیسک

مسلم لیگ نون بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے جماعت سے علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا، جب کہ سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ﷲ زہری پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیٹیو کمیٹی سے مستعفی ہو گئے ہیں

نون لیگ کے صوبائی صدر عبدالقادر بلوچ نے پارٹی ورکر کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم جلسے میں کچھ ایسے واقعات ہوئے جس پر ن لیگ سے راستہ جدا کرنے کا سوچنا پڑا

انہوں نے کہا کہ ہم 2010ع میں ن لیگ میں شامل ہوئے تھے۔ ہم نے پارٹی کے لئے بلوچستان میں خون دیا۔ 22 اراکین کے باوجود پارٹی نے ہمارا وزیر اعلیٰ نہیں آنے دیا۔ ہم نے پھر بھی قربانی دی، نواب زہری نے ڈھائی سال حکومت نیشنل پارٹی کے حوالے کی

عبدالقادر بلوچ ںے کہا کہ نواز شریف پانچ سالہ دور میں سوائے کوئٹہ اور گوادر کے کہیں نہیں گئے، مجھے ایسی وزارت دی گئی جس کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں تھا

انہوں نے گذشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والے پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے کہا کہ جلسے سے ایک روز قبل مجھے فون کیا گیا کہ نواب زہری اسٹیج پر نہیں آئیں گے۔ نواب زہری چیف آف جھالاون سابق وزیر اعلیٰ اور نون لیگ کا سابق صدر تھا

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سپہ سالار کوئی حکم دے تو آئین کو دیکھیں۔ ہم حلف لیتے ہیں کہ جو حکومت حکم دے گی ہم عمل کریں گے۔ نواز شریف کا بیانیہ فوج میں بغاوت کا باعث بن سکتا ہے۔ نواز شریف سپہ سالار کے خلاف نام لے کر اْکسا رہے ہیں۔

اس موقعے پر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے ورکرز کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے شہداء کا رتبہ سیاست اور نواز شریف سے کہیں بلند ہے. شروع سے ہی نواز شریف کی بے رخی دیکھ رہے تھے

ثنا ﷲ زہری کا کہنا تھا کہ ہمیں بلوچستان کے کئی نواب اور سرداروں نے کہا کہ نواز شریف سے خیر کی توقع نہیں. نواز شریف کی فطرت میں ڈسنا شامل ہے. نواز شریف نے اپنے محسنوں کو نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف مودی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں

انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف تم نے مجھے بھی استعمال کیا۔ میرا بیٹا اور بھائی بھتیجا شہید ہوگئے۔ نواز شریف سن لو بلوچستان ہمارا ہے، ہم بلوچستان کی سرزمین پر رہتے ہیں، خیرات نہیں عزت مانگتے ہیں۔ میں ن لیگ کی سینٹرل کمیٹی کے عہدے سے استفیٰ دیتا ہوں اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا جلد اعلان کیا جائے گا

مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق سینیٹر اعظم ریکی نے بھی مسلم لیگ ن سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔ انہوں بے کہا کہ ن لیگ کو اب بلوچستان میں کوئی عہدیدار نہیں ملے گا۔ ن لیگ کے لیے ثناء اللہ زہری نے بھائی، بیٹے اور ساتھیوں کی قربانی دی

کوئٹہ میں منعقد ہونے والے مسلم لیگ ن کے ورکرز کنوینشن میں پارٹی کے صوبائی رہنماؤں سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صوبائی قیادت کی جانب سے مرکزی پارٹی قیادت پر عدم اعتماد کے اظہار کے بعد بلوچستان میں مسلم لیگ ن کے کئی ضلعی عہدے دارن کی جانب سے بھی مستعفی ہونے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close