قومی بچت میں شریعت سے مطابقت رکھنے والی 2 اسیکمز متعارف کرنے کے علاوہ اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) آئندہ ماہ سے شریعت سے مطابقت رکھنے والی دو بچت اسکیمیں، سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ (ایس آئی ایس اے) اور سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ (ایس آئی ٹی اے) شروع کرے گا

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ نے رفاہ نیشنل سیونگز (آر این ایس) کے نام سے ایک اسلامی ونڈو قائم کی ہے، جس کا کردار سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ رولز 2019 کے تحت شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے مختلف مواقع فراہم کرنا ہے

وفاقی کابینہ پہلے ہی ان قوانین کی منظوری دے چکی ہے اور یہ اسکیمیں قومی بچت کے تمام مراکز پر دستیاب ہوگی

اسکیموں اور آپریشنز کی شرعی تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے سینٹرل ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے معروف اسکالرز پر مشتمل ایک نگراں بورڈ بھی مقرر کیا گیا ہے

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ کے مطابق سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ کی کوئی مقررہ مدت نہیں ہوگی، البتہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ ایک، تین، پانچ اور دس سال کی 4 مختلف مدتوں پر مشتمل ہوگا جس میں ابتدائی طور پر تین اور پانچ سالہ مدت کی پیشکش کی جائے گی

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں بتایا گیا کہ سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ میں جمع کی گئی رقم پر منافع کی متوقع شرح 13.50 فیصد ہوگی جبکہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی رقم پر 5 اور 3 سال کی مدت کے لیے بالترتیب 12.60 فیصد اور 13.28 فیصد منافع ملے گا

سینٹرل ڈائریکٹوریٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت کی کہ سروا اسلامک سیونگ اکاؤنٹ ایک لامحدود مدت کے لیے کھولا جائے گا اور اس وقت تک اصل رقم اور منافع کی ادائیگی کے لیے درست رہے گا جب تک کہ سروا اسلامک ٹرم اکاؤنٹ سے منسلک نہیں ہوجاتا یا رجسٹرڈ ہولڈر کی جانب سے سرمایہ کاری کو نقد یا نکال نہیں لیا جاتا ہے

◼️ قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ

وفاقی حکومت نے قومی بچت سکیموں کے شرح منافع میں ردوبدل کر دیا ہے

ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح کو 12.36 فیصد سے بڑھا کر 24 بیسس پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 12.60 فیصد کر دیا گیا ہے

اسی طرح سیونگز اکاؤنٹس پر منافع کی شرح میں 125 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سیونگز اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 12.25 فیصد سے بڑھا کر 13.50 فیصد کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر سرٹیفیکیٹس پر منافع کی شرح کو برقرار رکھا گیا ہے

اس وقت ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح 12.40 فیصد، بہبود سیونگز سرٹیفیکیٹس 14.16 فیصد، اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس 13 فیصد، اور پنشنرز بینیفیٹس اکاؤنٹس پر منافع کی شرح 14.16 فیصد مقرر ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close