اے آر وائے نیوز چینل کا این او سی منسوخ کر دیا گیا

ویب ڈیسک

وفاقی وزارت داخلہ نے نجی ٹی وی چینل ‘اے آر وائی نیوز’ کو دیا جانے والا نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ یعنی ’این او سی‘ ایجنسیوں کی منفی رپورٹ کے بعد منسوخ کر دیا ہے

وفاقی وزارت داخلہ سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے ”اے آر وائی کمیونیکیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ (اے آر وائی) نیوز کو جاری این او سی منسوخ کردیا گیا ہے اور اس پر فوری عمل درآمد ہوگا“

نوٹیفیکیشن کے مطابق ”ایجنسیوں کی جانب سے ناسازگار رپورٹ کی بنیاد پر اے آر وائی نیوز کو جاری کیا جانے والا این او سی اگلے احکامات آنے تک فوری طور پر منسوخ کیا جا رہا ہے“ تاہم اس ناسازگار رپورٹ کی وجوہات واضح نہیں کی گئی ہیں

اے آر وائی کی انگریزی ویب سائٹ میں اس اقدام کو پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سربراہی میں اتحادی حکومت کی جانب سے نیوز چینل سے منسلک چار ہزار سے زائد میڈیا کارکنان کا معاشی قتل قرار دیا

چینل نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ صحافی برادری کے خلاف ایک نیا قدم ہے اور یہ بغیر کسی نوٹس کے کیا گیا ہے

چینل کی انتظامیہ نے نشریات معطل کرنے کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چینل کو نشانہ بنا رہی ہے

11 اگست کو جاری ہونے والے لیٹر میں نوٹ بھی شامل ہے، جس میں کہا گیا ہے ”اس لیٹر کی کاپی پیمرا کے جنرل منیجر لائسنسنگ ونگ کو بھیجی جا رہی ہے“

حالانکہ دو روز قبل سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے نیوز چینل کو جاری کیے گئے شوکاز نوٹس کا جواب دینے کی مدت میں 15 اگست تک کی توسیع کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز کو کیبل میں بحال کرنے کا حکم دے دیا تھا

واضح رہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے تمام چینلوں کو اپنی کمپنی کے ڈائریکٹرز کی سکیورٹی کلیئرینس کے حوالے سے وزارت داخلہ سے ایک این او سی حاصل کرنا ہوتا ہے۔ اس کی بنیاد پر انہیں لائسنس جاری کیا جاتا ہے یا اس کی تجدید کی جاتی ہے

اگر کسی چینل کی سکیورٹی کلیئرنیس منسوخ ہو جائے تو پیمرا کو اس کا لائسنس کینسل کرنا ہوتا ہے اور اس کی نشریات بند کرنی پڑتی ہیں۔ لیکن عدالت میں اس عمل کو چیلنج کیا جا سکتا ہے

اے آر وائی کا لائسنس منسوخ کرنے کے اقدام پر مختلف سیاست دانوں اور صحافیوں نے مذمت کی ہے

موجودہ اتحادی حکومت کا حصہ پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سیکریٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ”اے آر وائی کی سیکیورٹی کلیئنر منسوخ، اس کی 101 معقول وجوہات ہوسکتی ہیں لیکن سوال ہے کہ منسوخی کا اہل کون ہے“

انہوں نے کہا ”کیسے اور کس طرح قواعد پر عمل کیا گیا، جواب دینا ہوگا۔ بے ربط طریقے سے ریاستی طاقت کا استعمال بیک فائر ہوگا“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close