فیصل آباد: نوجوان نے یوٹیوب دیکھ کر الیکٹرک بائیک تیار کر لی

ویب ڈیسک

فیصل آباد کے رہائشی احمد شہزاد نے مشہور مقولے ’ضرورت ایجاد کی ماں ہے‘ کو سچ ثابت کر دکھایا ہے

احمد نے انجینیئرنگ کی کوئی رسمی تعلیم حاصل کیے بغیر ہی یوٹیوب سے ٹیوٹوریل وڈیوز دیکھ کر اپنی الیکٹرک بائیک تیار کر کے مہنگے پیٹرول سے نجات حاصل کر لی ہے

انہوں نے بتایا ’میں نے سوچا کہ چلیں پیٹرول کا خرچہ بچے گا، بس اس وجہ سے میں نے الیکٹرک بائیک بنائی ہے‘

احمد شہزاد کے مطابق ان کی تعلیم ایف اے ہے اور وہ اپنے والد کے ساتھ ہارڈوئیر کی دکان چلاتے ہیں

انہوں نے بتایا ’مجھے الیکٹریکل اور مکینیکل معاملات سے کافی دلچسپی ہے اور میں ایک ورکشاپ میں کام کر کے یہ کام کافی حد تک سیکھ بھی چکا ہوں

احمد شہزاد کے مطابق یوٹیوب پر انہوں نے الیکٹرک بائیکس کی جو وڈیوز دیکھی تھیں، وہ بہت زیادہ مہنگی اور قیمتی بائیکس تھیں، جن کی ڈیزائننگ وغیرہ پر بھی بہت زیادہ پیسے خرچ کئے گئے تھے

”میں نے سوچا کہ میں کوئی سستی الیکٹرک بائیک بناؤں۔ وہاں سے پھر مجھے ایک آئیڈیا آیا کہ میں کیوں نہ خود اسکریپ سے چیزیں اکٹھی کر کے سارے اسپیئر پارٹس، پائپ وغیرہ یا فریم خود ہی بنا لوں“

ان کا کہنا ہے ”بائیک بنانے کے لیے زیادہ تر اسپیئر پارٹس یا اشیا کباڑ مارکیٹ سے ڈھونڈ کر خریدی گئی ہیں، جبکہ بائیک کا فریم اور ڈھانچہ میں نے خود ورکشاپ میں بنایا ہے“

مزید تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا ”میں نے 12 وولٹ کی دو بیٹریاں لگائی ہیں، ان کو میں نے سیریز میں لگایا ہے، جو 24 وولٹ بنتا ہے۔ 24 وولٹ 30 ایمپئر کی بیٹری ہے اور اسے میں نے 10 ایمپئر کا چارجر لگایا ہے“

انہوں نے بتایا کہ یہ الیکٹرک بائیک تقریباً تین گھنٹے میں چارج ہو جاتی ہے اورایک دفعہ چارج ہونے کے بعد اس پر زیادہ سے زیادہ 30 کلومیٹر تک سفر کیا جا سکتا ہے۔ یہ بائیک چلانے والے کے وزن پر منحصر ہے یا رفتار پر۔ اس کی نارمل مائلیج بیس سے پچیس کلومیٹر بنتی ہے“

احمد شہزاد کے مطابق یہ الیکٹرک بائیک ایک آدمی کے لیے بنائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ’میری کوشش ہے کہ اسے مزید ہائی ایفیشنٹ کروں۔‘

احمد شہزاد کہتے ہیں ”میں اپنی الیکٹرک بائیک زیادہ تر گھر سے دکان پر آنے جانے کے لیے استعمال کرتا ہوں اور جب لوگ اس الیکٹرک بائیک کو دیکھ کر حیرت یا خوشی کا اظہار کرتے ہیں تو مجھے بہت اچھا لگتا ہے“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close