غبارہ نما کیپسول میں خلا کی سیر… ٹکٹ صرف….!

ویب ڈیسک

فلوریڈا : پرائيويٹ کمپنیوں کی جانب سے خلا تک یا اس کے کنارے تک جانے کی دوڑ جاری ہے۔ اسی تناظر میں اب ایک اور کمپنی نے ایک غبارے نما کیپسول بنایا ہے جس کی بدولت عام افراد کو کچھ دیر کے لئے خلا کی سر کرائی جاسکے گی

اس خوبصورت غبارے کو نظامِ شمسی کے ایک سیارے کے تحت اسپیس شپ نیپچون کے نام دیا گیا ہے۔ اسے امریکی کمپنی ’اسپیس شپ پرسپیکٹوو‘ اور برطانوی کمپنی اسٹوڈیو پریسٹ مان گڈ نے ڈیزائن کیا ہے

یہ کسی بہت بڑے روایتی گرم غبارے جیسا ہے، لیکن اس میں ہیلیم گیس بھری گئی ہے جو ہائیڈروجن کے بعد کائنات کی دوسری سب سے ہلکی گیس ہے

واضح رہے کہ ہیلیم سے بھرے غبارے ماضی میں بھی تحقیق کی غرض سے خلاء کی نچلی حدود تک بھیجے جاتے رہے ہیں۔ مسافر بردار خلائی غبارہ بھی اسی نوعیت کا ہے لیکن جسامت میں یہ تحقیق کی غرض سے استعمال ہونے والے ہیلیم بھرے غباروں سے بہت زیادہ بڑا ہے.

اس غبارے کے نیچے ایک لمبی اور مضبوط تار ہے جس کے ساتھ مسافر بردار کیپسول بندھا ہے جس میں آٹھ مسافروں اور ایک پائلٹ کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ کیپسول کے اندر مسافروں کی حفاظت اور زمین جیسا ماحول پیدا کرنے کےلیے تقریباً اسی دباؤ پر ہوا بھری گئی ہے کہ جتنا زمینی سطح پر ہوا کا دباؤ ہوتا ہے

ہیلیم بھرا دیوقامت غبارہ اپنے ساتھ بندھے ہوئے مسافر بردار کیپسول کو لے کر بلند ہوتا جائے گا، یہاں تک کہ اس مقام پر پہنچ جائے گا، جہاں زمینی کرہ ہوائی کی بالائی حدود ختم اور خلاء کی نچلی حدود شروع ہوتی ہیں۔ یہ تقریباً ایک لاکھ فٹ کی بلندی بنتی ہے

جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس گولے میں بیٹھ کر خلائی سیر کے خواہش مند مسافروں کی پہلی پرواز کی بکنگ شروع ہوچکی ہے اور اس کا ٹکٹ سوا لاکھ ڈالر (تقریباً دو کروڑ پاکستانی روپے) کا ہے۔ لیکن اس کا ایک حساب کتاب یوں ہے کہ اولین فلائٹس مہنگی ہیں اور اس کے بعد کی پروازوں کے ٹکٹ کم قیمت میں دستیاب ہوں گے

منصوبے کے تحت پہلی آزمائشی پرواز 18 جون کو فلوریڈا کے ٹیٹس ویلی خلائی اڈے سے روانہ ہوئی۔ اس میں کوئی مسافر نہیں تھا لیکن چھ گھنٹے اور 39 منٹ کی اس آزمائشی پرواز میں کرہِ ارض کی خوبصورت تصاویر لی گئیں

اسپیس پرسپیکٹوو کے سی ای او جین پوئنٹر نے کہا کہ ہم خلا تک رسائی کے تصور کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں ۔ اس میں خلائی سیاحت اور خلائی تحقیق، دونوں ہی مقاصد شامل ہیں۔ پہلی فلائٹ اگرچہ فلوریڈا سے روانہ ہوگی تاہم یہ کمپنی دنیا بھر اپنے خلائی اڈے قائم کرنے کی خواہاں ہے

خلائی غبارے کی بدولت سیاحوں کو 99 فیصد فضا سے اوپر لے جایا جائے گا جہاں خلائی حدود شروع ہوتی ہے جو ایک لاکھ فٹ بلند علاقہ بھی ہے۔ پورا سفر چھ گھنٹے کا ہے لیکن مسافر دو گھںٹے خلا میں گزار کر کیبن کی کھڑکیوں سے 360 درجے خوبصورت نظارہ کرسکیں گے

نیبچون غبارے کا کل رقبہ فٹبال کے ایک میدان کے برابر ہے لیکن جس کیپسول میں لوگ بیٹھیں گے اس کا قطر صرف 5 میٹر ہے۔ واپسی پر یہ کیپسول سمندر میں اترے گا جہاں سے مسافروں کو کشتی کے ذریعے ساحل تک پہنچایا جائے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close