ارشد شریف: لانگ مارچ سے قبل فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس سے پاکستان میں نئی سیاسی ہلچل

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو قتل کرنے کی سازش پاکستان میں تیار ہوئی جبکہ وہ اسٹیبلشمنٹ سے رابطے میں تھا اور پاکستان آنا چاہتا تھا

فیصل واوڈا نے کہا ’ارشد شریف کا قتل ہوا ہے اور اس کی سازش پاکستان میں ہوئی ہے، ارشد شریف سے متعلق کوئی ثبوت لیپ ٹاپ یا موبائل نہیں ملے گا، شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔‘

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں بدھ کی رات پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کی موت ایک حادثہ نہیں ہے، آنے والے دنوں میں بہت کچھ بتاتا رہوں گا اب میں نہیں رکوں گا

انہوں نے خیال ظاہر کیا ’گاڑی کے اندر یا بہت قریب سے مارا گیا ہے، ارشد شریف کو دو گولیاں لگیں، جو سینے اور سر پر ہیں۔‘

فیصل واڈا نے کہا کہ کہانی بنائی گئی بچہ اغوا ہوا اس کے لیے گولی ماری گئی، اس گاڑی کے اندر منصوبہ بندی سے قتل صرف ارشد شریف کا ہوا ہے کسی اور کا نہیں ہوا‘

پی ٹی آئی کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ’یہ سازش رچی گئی ہے ارشد شریف نہ بھاگنے والا اور نہ ملک چھوڑنے والا آدمی تھا، ان پر ایف آئی آرز کٹیں لیکن ارشد شریف ملک چھوڑنے کو تیار نہیں تھا۔‘

فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو سازشیوں نے ڈرایا اور مجبور کیا اور وہ شخصیت تھی، جن پر یقین کرنا بنتا ہے اور ان کو یہاں سے نکال دیا گیا، جب نکال دیا گیا تو وہ دبئی پہنچے

فیصل واڈا نے کہا ’جب وہ دبئی پہنچا تو کہا گیا کہ کسی اسٹیبلشمنٹ یا کسی نامعلوم ادارے نے دبئی سے نکالنے کے لیے دباؤ اور وہاں سے نکال دیا، یہ بھی بالکل بے بنیاد اور جھوٹ ہے، جتنے دن ویزا تھا وہ اتنے دن دبئی میں رہا، جب ویزا ختم ہوگیا تو ان کو دبئی چھوڑنا پڑا۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ اپنی پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو بتا چکے ہیں کہ یہ جو سازش رچائی جا رہی ہے، اس کے تانے بانے اور سازش کے فائدے اور مقاصد کچھ اور ہیں

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان پرامن مارچ کرنے جا رہے ہیں، جو ہمارا جمہوری حق ہے ’لیکن میں واضح طور پر بتا رہا ہوں مجھے اس مارچ کے اندر خون ہی خون، موت ہی موت اور جنازے ہی جنازے نظر آرہے ہیں اور وہ جنازے دیے جائیں گے۔‘

انہوں نے کہا ’میں معصوم پاکستانیوں کو چند لوگوں کی سازش کے تحت مرنے نہیں دوں گا اپنے آخری وقت تک کوشش کروں گا کہ ملک میں یہ خون اور لاشوں کا کھیل بند ہو۔‘

وفاقی وزیر داخلہ کیا کہتے ہیں؟

فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کے کچھ ہی لمحات بعد پاکستان کے نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی نمودار ہوئے۔ میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ان کا اس نیوز کانفرنس کے بارے میں اور فیصل واوڈا کے دعوں کے بارے میں کیا خیال ہے تو وزیر داخلہ نے کہا وہ خود اس نیوز کانفرنس کا انتظار کر رہے تھے اور ان کے خیال میں ’فیصل واؤڈا کے بیانیات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’سارے تانے بانے عمران خان کی طرف جاتے ہیں اور وہ سازش کا سرغنہ لگتا ہے۔‘

پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا رد عمل

فیصل واوڈا کی نیوز کانفرنس جو کہ پاکستان کے کم و بیش تمام نجی ٹی وی چینلز پر دکھائی گئی، سرکاری ٹی وی پر بھی نشر کی گئی تھی۔

اس کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماؤں کی جانب سے مختلف رد عمل سامنے آنے شروع ہو گئے

علی زیدی نے ٹوئٹ کیا کہ واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ دلچسپ ہے کہ تمام چینلز بشمول پی ٹی وی نے پریس کانفرنس کو کور کیا ہے تو واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے انہیں ’لانچ‘ کیا ہے

اسد عمر نے علی زیدی کے اس ٹوئٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اعلان کیا کہ فیصل واوڈا کا بیان پارٹی کی پالیسی اور خیالات کی نمائندگی نہیں کرتا۔ پارٹی کے سندھ کے صدر کو چیئرمین کے احکامات سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ فیصل واوڈا کے خلاف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کیے جائیں

سابق گورنر سندھ اور پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل نے ٹوئٹ کیا کہ ’فیصل واوڈا نہ جانے کس کی ایما پر یہ سب بول رہے ہیں۔ میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ آج کی پریس کانفرنس کا اصل مقصد کیا تھا؟ ہماری لانگ مارچ پر امن ہے۔ لاشوں کی سیاست عمران خان کا شیوہ نہیں۔ ارشد شریف شہید پر سیاست نہ کی جاے- لانگ مارچ پر امن ہوگی اسے خراب کرنے کی سازش ناکام ہوگی

تاہم پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اس بارے میں کوئی ٹویٹ یا بیان اس تحریر کے چھپنے تک نہیں دیا تھا اور نہ ہی پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے کوئی بیان جاری کیا گیا تھا

فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بدھ کی رات کی گئی اپنی ’دھماکہ خیز‘ پریس کانفرنس کے بعد ہونے والی تنقید کے بعد اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ صحافی ارشد شریف کے کینیا میں قتل اور پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں

پاکستان تحریک انصاف انہیں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے

نوٹیفیکیشن کے مطابق فیصل واوڈا کو دو دن کے اندر اپنا جواب جمع کرانا ہے، اس دوران ان کی پارٹی رکنیت معطل رہے گی اور وہ پارٹی کے کسی عہدے اور پارٹی کا موقف میڈیا کو دینے کے اہل نہیں ہوں گے

فیصل واوڈا نے اس نوٹیفیکیشن پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صحافی ارشد شریف کے مبینہ قتل سے متعلق جو بھی کہا وہ اس پر ’کھڑے‘ ہیں جبکہ لانگ مارچ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا: ’میں نے اپنی پارٹی کو ایک سچا مشورہ دیا ہے، پہلے بھی کہا چکا ہوں اور آج بھی کہہ رہا ہوں کہ کچھ سازشی ہمارے پر امن مارچ میں معصوم لوگوں کو بلی کا بکرا بنا سکتے ہیں، اس میں پارٹی پالیسی کے خلاف کیا ہے؟‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close