انسانیت کا رشتہ: پاکستانی سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے برطانوی شہری کی میراتھن

ویب ڈیسک

بریڈ فورڈ سے تعلق رکھنے والے ایش والس چھ نومبر کو نیویارک میراتھن کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے وقف کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں

’پینی اپیل‘ نامی فلاحی ادارے کے مطابق دو بچوں کے والد ایش والس نے چھ ہفتوں کے دوران چار بڑی میراتھن میں حصہ لیا ہے، جن میں سے چھ نومبر کو نیویارک میراتھن کے ذریعے حاصل ہونے والی رقم وہ پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دیں گے

ایش والس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ساری میراتھنز میں بھاگنے کا مقصد ’پینی اپیل‘ نامی چیریٹی تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنا ہے

ان میں لندن، برلن، شکاگو اور نیویارک میراتھن شامل ہیں

ایش والس نے 10 جولائی کو لندن کی دس کلومیٹر ریس مکمل کی تھی، چار ستمبر 2022 سے شروع ہونے والی لندن ہاف میراتھن، 18 ستمبر کو بریڈفورڈ دس کلومیٹر ریس، 25 ستمبر کو برلن میراتھن، دو اکتوبر کو لندن میراتھن اور نو اکتوبر کو شکاگو میراتھن میں حصہ لے چکے ہیں، جبکہ وہ چھ نومبر کو نیویارک میں ہونے والی میراتھن میں حصہ لیں گے

انہوں نے بین الاقوامی انسانی خیراتی ادارے پینی اپیل کی سپورٹ اور پناہ گزینوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو میں مدد کے لیے اس بڑے چیلنج کو پورا کرنے کا عزم کیا ہے

والس کہتے ہیں: اس ناقابلِ یقین کارنامے سے جو بھی پیسہ جمع ہوگا، وہ مشکلات میں گھرے لوگوں اور ان کی زندگیاں بہتر بنانے کے لیے مدد میں استعمال ہوگا

ان میں ایشیا، افریقہ اور مشرق وسطیٰ سمیت برطانیہ میں جنگ اور تنازعات سے فرار ہونے والے افراد، قدرتی آفات کے متاثرین، بے گھر ہونے والے افراد اور پناہ گزین شامل ہیں

ایش والس کا مقصد اتنی رقم جمع کرنا ہے جس سے ان لوگوں کے لیے گھر تعمیر ہو سکیں، جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں

والس مختلف چیلنجوں میں حصہ لے کر آج تک پینی اپیل کے لیے چیس ہزار پاؤنڈ جمع کر چکے ہیں

2015ع میں بریڈفورڈ دس کلومیٹر ریس میں حصہ لینے کے بعد انہوں نے مزید کثرت سے دوڑنا شروع کر دیا۔ خود کو میراتھن میں بھاگنے کے لیے چیلنج کیا اور اس اہم مقصد کے لیے اپنی کوششوں کو فنڈ ریزنگ کے لیے وقف کر دیا

انہوں نے جس کام کو وزن کم کرنے کے لیے شروع کیا تھا، لیکن وہ جلد ہی چیلنج بدل گیا

والس ایک عام انسان تھے، جنہوں نے وزن کم کرنے کے لیے دوڑنا شروع کیا لیکن انہوں نے اپنی ذاتی صحت سے جڑے مسئلے کو دنیا بھر میں دوسروں کی مدد کرنے کی مہم میں تبدیل کردیا

ایش والس کا کہنا ہے کہ ’وزن کم کرنے کی ایک وجہ یہ یقینی بنانا تھا کہ جب میرے بچوں کے بچے ہوں تو میں تب بھی ان کے آس پاس ہوں۔ میں ہفتے میں صرف تین بار بھاگتا ہوں

’اس سے مجھے سکون اور اپنے آپ پر وقت صرف کرنے کا موقع ملتا ہے۔ مجھے اپنے دماغ کو صاف کرنے اور زندگی میں بہت سی چیزوں کے بارے میں سوچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اب یہ ایک عادت بن گئی ہے، جو مجھے اور دوسروں کو بدل سکتی ہے۔‘

کووڈ-19 کے دوران، برلن میراتھن کے ساتھ ساتھ لندن میراتھن میں دوڑنے کا ایش کا خواب ادھورا رہ گیا تھا، لیکن انہوں نے چھ ہفتوں کے دوران چار بڑی ریسوں میں دوڑ کر اس سے بھی بڑے چیلنج کے ساتھ واپس آنے کا فیصلہ کیا

واضح رہے کہ ’پینی اپیل‘ ایوارڈ یافتہ بین الاقوامی انسانی خیراتی ادارہ ہے، جو دنیا بھر کے سینتالیس ملکوں میں زندگی بچانے والے منصوبوں پر کام کرتا ہے۔ یہ کمیونٹیز کو بااختیار بنانے اور غربت ختم کرنے میں افراد کی مدد کرنے کے لیے بیرون اور اندرون ملک کام کرتا ہے

پاکستان میں اس سال مون سون بارشوں سے سیلابی صورت حال نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، لیکن حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے کام میں مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔ ایسے میں ایش والس جیسے لوگوں کو یقیناً انسانیت کے رشتے کی اعلیٰ مثال قرار دیا جا سکتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close