قطر میں جاری فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سی کے ایک میچ میں سعودی عرب نے دو سال سے ناقابلِ شکست رہنے والی ارجنٹائن کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کا پہلا اپ سیٹ کر دیا ہے
آج منگل کو دوحہ کے لیوسل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سعودی عرب نے ایک کے مقابلے میں دو گول سے فتح اپنے نام کی
فیفا نے ٹوئٹ میں ورلڈ کپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا
میچ کا پہلا گول ارجنٹائن کی جانب سے لیونل میسی نے پہلے ہاف کے دسویں منٹ میں پینلٹی کک پر کیا۔ اس کے جواب میں اڑتالیسویں منٹ میں سعودی عرب کے صالح الشہری نے پہلا گول کر کے اسکور برابر کر دیا
اس کے محض پانچ منٹ کے بعد ہی سالم الدوسیری نے سعودی عرب کا دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی جو میچ کے آخر تک برقرار رہی
میچ کے دوران ارجنٹائن تین بار مخالف گول پوسٹ میں گیند داغنے میں کامیاب رہا، لیکن آف سائڈ کی وجہ سے یہ گول مسترد قرار پائے
ارجنٹینا کی مضبوط ٹیم نے گول کرنے کے کئی کوششیں کیں لیکن سعودی عرب کے ڈیفنس کی کارکردگی شان دار رہی اور میسی جیسے اسٹرائیکر مزید گول کرنے میں ناکام رہے
سعودی عرب کے گول کیپر الاویس نے ارجنٹینا کے کھلاڑیوں کو مکمل طور پر بے بس کردیا اور ان کے تمام حربے ناکام بنائے۔
الاویس نے اختتامی لمحات میں گیند روکنے کی زبردست کوشش کے دوران اپنے ہی کھلاڑی کے سر پر پاؤں مارا، حادثاتی طور پر لگنے کی والی چوٹ کے باعث ڈاکٹروں کو میدان میں طلب کیا گیا۔
اس موقع پر تھوڑی دیر تک کھیل روک دیا گیا تاہم مطلوبہ طبی امداد کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا اور 100 منٹ کا کھیل مکمل ہوا۔
میچ کا اختتام سعودی عرب کی ایک گول کی برتری کے ساتھ ہوا اور یوں روں ورلڈ کپ کا پہلا اپ سیٹ ہوا
خیال رہے کہ ارجنٹائن تین مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے، جبکہ سعودی قومی ٹیم اس سے قبل پانچ مرتبہ ورلڈ کپ کے مقابلوں میں حصہ لے چکی ہے
دوحہ کے لوسیل اسٹیڈیم میں اٹھاسی ہزار سے زائد تماشائی موجود تھے، جس میں سعودی مداحوں کی بڑی تعداد شریک تھی
سعودی عرب کے اسٹار پلیئر ریاض شراحیلی آج کے مقابلے میں شریک نہیں ہو سکے کیونکہ انہیں طبی نگرانی میں علاج کی ضرورت ہے
میچ سے قبل سعودی ٹیم کے فرانسیسی کوچ ریناد نے کہا تھا کہ قومی ٹیم پوری طرح سے مقابلے کے لیے تیار ہے
ان کی اس بات کو آج سعودی عرب کی ٹیم نے ثابت بھی کر دکھایا
دوسری طرف ارجنٹائن کے کھلاڑی میسی نے کہا تھا کہ قطر فیفا ورلڈکپ ان کے سفر کی آخری منزل ہے، جہاں سے وہ ورلڈ کپ جیتنے کا خواب پورا کریں گے
سعودی ٹیم گروپ سی میں ہے، جس کے ساتھ ارجٹنائن، میکسیکو اور پولینڈ ہیں۔