فیفا ورلڈکپ: ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کے لیے کس ٹیم کو کیا کرنا ہوگا؟

ویب ڈیسک

قطر میں جاری فٹبال ورلڈکپ 2022 کے گروپ میچز کا دوسرا مرحلہ ختم ہو گیا۔ اس مرحلے کے اختتام کے ساتھ ہی یہ صورتحال بھی واضح ہونا شروع ہو گئی ہے کہ کس ٹیم کو اگلے ناک آؤٹ مرحلے میں جانے کے لیے گروپ میچز کے تیسرے اور حتمی راؤنڈ میں کیا کرنا ہوگا

جو ٹیمیں ابھی سے ورلڈکپ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ان ٹیموں میں سرفہرست قطر ہے، جو اپنے ابتدائی دونوں میچز ہار چکی ہے، تاہم وہ اپنا تیسرا اور آخری میچ کھیلے گا۔ قطر کے علاوہ کینیڈا کی ٹیم بھی ورلڈکپ سے باہر ہو گئی ہے

جبکہ فرانس، برازیل اور پرتگال تینوں ورلڈکپ کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں

فرانس اور برازیل وہ دو ٹیمیں ہیں، جو اس ورلڈکپ کے لیے فیورٹ ہیں۔ دفاعی چیمپیئن فرانس نے پہلے دونوں میچ جیتے ہیں۔ روایتی فیورٹ برازیل نے بھی اپنے دونوں میچز جیت لیے ہیں اور رونالڈو کی پرتگال بھی دو میچ جیت کر اگلے مرحلے میں جا چکی ہے

ورلڈکپ میں ٹیموں کو آٹھ گروپوں میں ترتیب دیا گیا ہے اور ہر گروپ سے پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ’لاسٹ 16‘ یا ناک آؤٹ راؤنڈ میں جائیں گی

گروپ اے

اس گروپ میں سے قطر پہلے ہی ناک آؤٹ دوڑ سے باہر ہو چکا ہے اور باقی تین ٹیموں کی صورتحال کچھ یوں ہے:

نیدرلینڈز

گروپ اے میں نیدرلینڈز کو آگے جانے کے لیے قطر کے خلاف میچ جیتنا یا ڈرا کرنا ہوگا۔ نیدرلینڈز اگر ہار بھی جاتا ہے اور سینیگال ایکواڈور سے ہار جاتا ہے تو پھر بھی نیدرلینڈز آگے چلا جائے گا۔

ایکواڈور

ایکواڈور کا سینیگال سے میچ ابھی باقی ہے اور اگر ایکواڈور جیت جاتا ہے تو کوالیفائی کر جائے گا اور اگر میچ ڈرا بھی ہو جائے تو ایکواڈور آگے چلا جائے گا

ایکواڈور اگر ہارتا ہے تو پھر بھی وہ آگے جا سکتا ہے، مگر اس کے لیے قطر کو نیدرلینڈز کو ہرانا ہو گا جو کہ ناممکن نظر آتا ہے

سینیگال

سینیگال کو آگے جانے کے لیے ایکواڈور کو ہرانا ضروری ہے۔ سینیگال اور ایکواڈور کا میچ اگر برابر رہتا ہے تو سینیگال کے آگے جانے کے لیے قطر کو نیدرلینڈز کو بھاری مارجن سے ہرانا ہو گا

گروپ بی

گروپ بی میں انگلینڈ، ایران، امریکہ اور ویلز ہیں۔

انگلینڈ

انگلینڈ اس گروپ میں پہلے نمبر پر ہے اور اپنا تیسرا میچ ویلز کے خلاف کھیلے گا اور اس کے لیے اگلے مرحلے میں جانا آسان نظر آ رہا ہے۔ انگلینڈ میچ جیت کر، ڈرا کر کے اور ہار کر بھی آگے جا سکتا ہے

ہارنے کی صورت میں انگلینڈ تب باہر ہو گا جب ویلز انگلینڈ کو چار گولوں سے ہرائے جو کہ مشکل نظر آتا ہے

ایران

ایران اس گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے اور آج اس کا میچ روایتی حریف امریکہ سے ہے۔ ایران آج تک کبھی ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں نہیں پہنچا۔ امریکہ کو ہرا کر یا میچ برابر کر کے بھی ایران آگے جا سکتا ہے۔ ڈرا کی صورت میں اگر ویلز انگلینڈ کو ہراتا ہے تو ایران ورلڈ کپ سے باہر ہو سکتا ہے

امریکہ

امریکہ اگر ایران کو ہرائے گا تو آگے چلا جائے گا۔ میچ ڈرا ہونے یا امریکہ کی ہار، دونوں صورتوں میں امریکہ باہر ہو جائے گا

ویلز

ویلز کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کے بہت کم امکانات ہیں۔ تیسرے میچ میں انہیں انگلینڈ کو ہرانا ہو گا اور ایران امریکہ میچ برابر ہونے کی دعا کرنا ہو گی۔ ویلز انگلینڈ کو چار گول کی برتری سے ہرا کر بھی آگے جا سکتا ہے

گروپ سی

گروپ سی میں پولینڈ، ارجنٹینا، سعودی عرب اور میکسیکو کی ٹیمیں ہیں

پولینڈ

پولینڈ خلاف توقع اس گروپ میں پہلے نمبر پر ہے اور اس کا آخری میچ ارجنٹینا کے ساتھ ہے۔ ارجنٹینا کے خلاف جیت یا میچ برابر ہونے کے نتیجے میں پولینڈ آگے چلا جائے گا۔ پولینڈ اگر ارجنٹینا سے ہار بھی جائے تو آگے جا سکتا ہے مگر اس کے لیے میکسیکو اور سعودی عرب کے درمیان میچ برابر ہونا یا میکسیکو کی جیت ضروری ہے

ارجنٹینا

سپر اسٹار میسی کی ارجنٹینا نے ورلڈکپ کا کچھ اچھا آغاز نہیں کیا۔ ارجنٹینا کو اگلے راؤنڈ میں جانے کے لیے پولینڈ کو ہرانا ہو گا مگر میچ برابر ہونے کی صورت میں بھی ارجنٹینا آگے جا سکتا ہے، مگر اس کے لیے میکسیکو اور سعودی عرب کا میچ برابر ہونا یا میکسیکو کی کم گول سے جیت ہونا شرط ہو گی

سعودی عرب

سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ہرا کر بڑا اپ سیٹ کیا اور ورلڈ کپ کا شاندار آغاز کیا۔ سعودی عرب اگر میکسیکو کو ہراتا ہے تو اگلے راؤنڈ میں چلا جائے گا۔ میچ برابر ہونے کی صورت میں بھی سعودی عرب آگے جا سکتا ہے مگر اس کے لیے پولینڈ اور ارجنٹینا کا میچ برابر نہیں ہونا چاہیے اور اس کے بعد گولوں کی تعداد میں فرق فیصلہ کرے گا

میکسیکو

میکسیکو کے آگے جانے کے بہت کم چانسز ہیں مگر ان کا آگے جانا ناممکن نہیں۔ میکسیکو کو اپنا میچ بڑے مارجن سے تو جیتنا ہی ہو گا مگر دعا کرنی ہو گی کہ ارجنٹینا پولینڈ کو ہرائے یا میچ برابر ہو جائے۔ تاہم اس صورت میں گولوں کی تعداد میں فرق فیصلہ کرے گا

گروپ ڈی

گروپ ڈی سے فرانس پہلے ہی اگلے مرحلے میں جا چکا ہے جب کہ باقی ٹیموں میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس شامل ہیں

آسٹریلیا

ڈنمارک کے خلاف جیت آسٹریلیا کو اگلے مرحلے میں لے جائے گی۔ میچ برابر ہونے کی صورت میں انہیں امید کرنا ہو گی کہ فرانس تیونس کو ہرائے یا میچ برابر کرے

ڈنمارک

ڈنمارک کو آگے جانے کے لیے آسٹریلیا کو ہرانا ہو گا اور امید کرنا ہو گی کہ فرانس تیونس کو ہرائے یا میچ برابر کرے۔ اگر تیونس کسی طرح فرانس کو ہرا دیتا ہے تو پھر ڈنمارک اور تیونس کے درمیان گولوں کی تعداد کا فرق دیکھا جائے گا

تیونس

تیونس کا گروپ مرحلے کا آخری میچ فرانس کے خلاف ہے۔ انہیں آگے جانے کے لیے فرانس کو ہرانا ہو گا اور امید کرنا ہو گی کہ آسٹریلیا اور ڈنمارک کے درمیان میچ برابر ہو۔ ڈنمارک کی جیت کی صورت میں گولوں کی تعداد پر فیصلہ ہوگا

گروپ ای

گروپ ای کو ورلڈ کپ کے آغاز سے پہلے ’گروپ آف ڈیتھ‘ کہا جا رہا تھا اور ایسا ہی ہوا۔ جرمنی جیسی ٹیم اس گروپ میں آخری نمبر ہے جب کہ باقی ٹیموں میں سپین، جاپان اور کوسٹا ریکا شامل ہیں

اسپین

اسپین اگر جاپان کو ہراتا ہے یا میچ برابر کر لیتا ہے تو اسپین اگلے مرحلے میں چلا جائے گا۔ ہار کی صورت میں اسپین ورلڈکپ سے باہر ہو سکتا ہے، خاص کر اگر کوسٹا ریکا جرمنی کو ہرا دے

جاپان

جاپان نے اگرچہ جرمنی کو ہرایا ہے مگر آخری میچ میں اسے اسپین جیسی ٹیم کا سامنا ہے، جو ایک مشکل حریف ہے۔ جاپان اگر اسپین کو ہراتا ہے تو اگلے مرحلے میں چلا جائے گا اور اگر میچ برابر بھی ہوتا ہے تو بھی وہ آگے چلا جائے گا مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ کوسٹا ریکا اور جرمنی کا میچ بھی برابر ہو یا جرمنی کوسٹا ریکا کو ہرائے مگر اس صورت میں گولوں کی تعداد کا فرق دیکھا جائے گا

کوسٹا ریکا

کوسٹا ریکا کو آگے جانے کے لیے جرمنی کو ہرانا ضروری ہے۔ جرمنی کے ساتھ میچ برابر ہونے کی صورت میں بھی کوسٹا ریکا آگے جا سکتا ہے، اگر سپین جاپان کو ہرا دے

جرمنی

جرمنی کی صورت حال کچھ روایتی پاکستانی صورت حال جیسی ہے۔ اپنا میچ تو جیتنا ہی ہے مگر دوسرے میچ کا نتیجہ بھی اپنے حق میں چاہیے

جرمنی کو کوسٹا ریکا کو ہرانا ضروری ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی توقع کرنی ہے کہ سپین جاپان کو ہرائے۔ جاپان کی جیت اور میچ برابری کی صورت میں بھی جرمنی آگے جا سکتا ہے مگر اس کے لیے گولوں کی تعداد کو دیکھا جائے گا

گروپ ایف

گروپ ایف سے کینیڈا پہلے ہی ورلڈ کپ سے باہر ہو چکا ہے۔ باقی ٹیموں میں کروشیا، مراکش اور بیلجیئم شامل ہیں

کروشیا

کروشیا کا اگلا میچ بیلجیئم کے ساتھ ہے۔ کروشیا بیلجیئم کو ہرا کر اور میچ برابر کر کے اگلے مرحلے میں جا سکتا ہے۔ بیلجیئم سے میچ ہارنے کے باوجود بھی کروشیا آگے جا سکتا ہے مگر اس کے لیے کینیڈا کو مراکش کو ہرانا ہو گا جو مشکل نظر آتا ہے

مراکش

مراکش کے لیے بظاہر رستہ آسان ہے۔ کینیڈا کو ہرا کر یا میچ برابر کر کے مراکش آگے جا سکتا ہے۔ کینیڈا سے میچ ہار کر بھی مراکش آگے جا سکتا ہے مگر اس صورت میں کروشیا کو بیلجیئم کو ہرانا ہوگا

بیلجیئم

بیلجیئم کو آگے جانے کے لیے کروشیا کو ہرانا ضروری ہے

گروپ جی

گروپ جی سے برازیل پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ باقی ٹیموں میں سوئٹزرلینڈ، کیمرون اور سربیا شامل ہیں

سوئٹزرلینڈ

سوئٹزرلینڈ اگر سربیا کو ہراتا ہے تو برازیل کے ساتھ اگلے مرحلے میں چلا جائے گا۔ سربیا کے خلاف میچ اگر برابر ہوتا ہے تو پھر بھی سوئٹزرلینڈ آگے جا سکتا ہے مگر اس کے لیے برازیل اور کیمرون کا میچ برابر ہونا یا برازیل کی جیت ضروری ہے

کیمرون

کیمرون کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے برازیل کو ہر صورت ہرانا ہے

سربیا

سربیا کو کیمرون کی طرح اپنا تیسرا میچ جیتنا ضروری ہے۔ سوئٹزرلینڈ کے خلاف میچ میں صرف جیت ہی سربیا کو آگے لے جا سکتی ہے

گروپ ایچ

گروپ ایچ میں پرتگال پہلے ہی اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ گھانا، یوروگائے اور جنوبی کوریا میں سے ایک ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوشاں ہوگی

گھانا

گھانا کو یوروگائے کے خلاف میچ میں کم از کم ڈرا کی ضرورت ہے

یوروگوئے

یوروگوئے کے پاس ابھی صرف ایک پوائنٹ اور انہیں اگلے مرحلے میں جانے کے لیے گھانا کو ہر صورت میں ہرانا ہو گا۔ ڈرا کی صورت میں یوروگوئے ورلڈ کپ سے باہر ہو جائے گا

جنوبی کوریا

جنوبی کوریا کو اگلے مرحلے میں جانے کے لیے پرتگال کو ہرانے کے ساتھ ساتھ یہ امید بھی رکھنی ہوگی کہ گھانا اور یوروگوئے کا میچ برابر رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close