نیوز میڈیا کے بڑے ادارے گمراہ کن رپورٹنگ سے لوگوں کو مخصوص سوچ کے لیے قائل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ امریکی عوام کی رائے

ویب ڈیسک

امریکہ میں ایک تازہ سروے میں سامنے آیا ہے کہ امریکیوں کی لگ بھگ نصف تعداد یہ سمجھتی ہے کہ ملک میں نیوز میڈیا کے بڑے ادارے رپورٹنگ میں گمراہ کن اور غلط بیانی پر مشتمل انداز اپنا کر لوگوں کو مخصوص سوچ کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ سروے رپورٹ بدھ کو گیلپ اور نائٹ فاؤنڈیشن کی طرف سے جاری کی گئی ہے، جس میں میڈیا پر اعتماد حیران کن حد تک نچلی سطح پر دکھایا گیا ہے۔ رائے دہندگان کی بڑی تعداد سمجھتی ہے کہ دھوکا دہی کا یہ عمل کسی مقصد کو بڑھاوا دینے کے لیے کیا جا رہا ہے

سروے میں اس سوال پر کہ ’آیا وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ خبروں کے قومی ادارے گمراہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے؟‘ پچاس فی صد لوگوں نے اس سے اتفاق نہیں کیا۔ دوسرے الفاظ میں لگ بھگ نصف امریکی سمجھتے ہیں کہ خبروں کے قومی ادارے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے ارادتاً غلط رپورٹنگ کرتے ہیں

رپورٹ کے مطابق سروے میں شامل صرف 25 فی صد لوگوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ امریکی ذریعہ ابلاغ ارادتاً ایسا نہیں کرتے

اسی طرح اس سروے رپورٹ میں 52 فی صد لوگوں نے اس بات سے اتفاق نہیں کیا کہ قومی خبریں دینے والے ادارے قارئین، ناظرین یا سامعین کے بہترین مفادات کی پرواہ کرتے ہیں

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سروے میں حصہ لینے والے محض 23 فی صد لوگ یقین رکھتے ہیں کہ صحافی عوام کے بہتر مفاد کا خیال رکھتے ہیں

گیلپ کی مشیر سارا فیونی نے سروے رپورٹ کے نتائج کو خاصا حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا ”نتائج سے صحافت کی بنیادوں اور کام کے بارے میں انتہائی بد اعتمادی اور برے تاثر کا پتا چلتا ہے۔“

سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ جب کوئی معاملہ ایسا ہو، جس میں رپورٹنگ عوام پر اثر انداز ہو سکتی ہو تو صحافی کو شفاف، درست اور چھوٹی سے چھوٹی معلومات تک پہنچنا چاہیے

نائٹ فاؤنڈیشن میں میڈیا اور جمہوریت کے سینئر ڈائریکٹر جان سینڈز کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں لگتا کہ امریکی یہ سوچتے ہیں کہ دراصل خبروں کے قومی ادارے اپنی رپورٹنگ کے نتیجے میں معاشرے پر اس کے مجموعی اثرات کی پرواہ کرتے ہیں

سروے سے پتا چلتا ہے کہ 61 فی صد امریکی سمجھتے ہیں کہ ان عوامل کے نتیجے میں باخبر رہنے کا عمل مشکل تر ہو تا جا رہا ہے جب کہ 37 فی صد کے خیال میں باخبر رہنا آسان ہو گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close