پاکستان میں امریکی ڈالر میں ادائیگی کرنے والے عازمین کے لیے 25 فی صد حج کوٹہ مختص

ویب ڈیسک

پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور و ہم آہنگی نے سرکاری حج اسکیم کا پچیس فی صد کوٹہ ان عازمین کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، جو حج اخراجات کی ادائیگی امریکی ڈالر میں کریں گے

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق کوٹے میں شامل ان عازمین کو مرکزی قرعہ اندازی سے استثنٰی حاصل ہوگا، جبکہ مذکورہ اسکیم کے تحت بائیس ہزار چار سو عازمینِ حج فائدہ اٹھا سکیں گے

حکومت نے اس اسکیم کا اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے، جب اسے شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور اس کو اپنے زرِ مبادلہ کے ذخائر کو بہتر کرنے کے لیے ڈالرز کی ضرورت ہے۔ اسی لیے حکومت بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور دوست ممالک سے قرضوں کے حصول کے لیے کوشاں ہے

دوسری جانب سعودی عرب نے رواں برس پاکستان کے لیے حج کا سابقہ کوٹہ بحال کر دیا ہے، جس میں کرونا وبا کے سبب تخفیف کی گئی تھی

علاوہ ازیں سعودی عرب نے رواں برس حج کے لیے پینسٹھ سال یا اس سے کم عمر ہونے کی حد بھی ختم کر دی ہے

رواں برس پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کا سفر کریں گے

رپورٹس کے مطابق وزارتِ مذہبی امور غیر ملکی زرِ مبادلہ کے کم ذخائر کے پیش نظر اسپانسر شپ اسکیم متعارف کرانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے

متعارف کردہ اسکیم میں عازمین حج اپنے اخراجات ڈالر میں غیر ملکی ترسیلات زر کے ذریعے بھی ادا کر سکیں گے

وزارتِ خزانہ پہلے ہی عندیہ دے چکی ہے کہ وہ پاکستان کی موجودہ مالی صورتِ حال کے باعث حج کے لیے لگ بھگ دو ارب ڈالر کا انتظام نہیں کر سکے گی

رپورٹس کے مطابق وزارتِ مذہبی امور نے نجی آپریٹرز کے لیے حج کوٹہ چالیس فی صد سے بڑھا کر پچاس فی صد کر دیا ہے جو کہ غیرِ ملکی زرمبادلہ کی کمی کے پیش نظر مزید بڑھ بھی سکتا ہے

سرکاری اسکیم میں ہر عازمین حج کو کم از کم گیارہ لاکھ روپے کی ادائیگی کرنی ہوگی۔ تاہم رپورٹس کے مطابق روپے کی گرتی ہوئی قدر کے سبب یہ رقم تیرہ لاکھ روپے تک بھی جا سکتی ہے

دوسری جانب سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عمرے کی ادائیگی کے لیے کوئی تعداد مقرر نہیں ہے۔ زائرین اپنی سہولت اور مرضی سے جتنی بار چاہیں عمرہ ادا کرسکتے ہیں تاہم عمرہ پرمٹ پر درج تاریخ اور وقت کی پابندی لازمی کرنا ہوگی

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزٹ، سیاحتی یا ملازمت ویزا ہولڈرز کسی پابندی کے بغیر عمرہ کر سکتے ہیں۔ زائرین سعودی عرب سے واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ وسائل بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔ فضائی راستے سے آنے والے بحری یا بری راستے سے بھی واپس جا سکتے ہیں۔ سعودی عرب آنے کے لیے کسی بھی انٹر نیشنل یا لوکل ائیرپورٹ کی پابندی بھی نہیں ہے

سعودی عرب نے آن لائن ٹرانزٹ وزٹ ویزا سروس کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد سعودی عرب جانے کے خواہش مند افراد کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close