سگریٹ چھوڑنا کس قدر مشکل یا آسان ہے اس کا اندازہ اس لطیفے سے لگایا جا سکتا ہے جس میں ایک شخص نے ایک پریشان تمباکو نوش دوست کو دیکھ کر بڑے فخر سے کہا تھا کہ ’تم سے ایک بار سگریٹ نہیں چھوڑے جا رہے، جبکہ میں نے تو کئی بار چھوڑے ہیں۔‘
ضرور ہنسیے لیکن خیال رہے کہ یہ محض ایک لطیفہ نہیں، بلکہ حقیقت ہے۔ اس حقیقت کی تصدیق یہ کہتے ہوئے سائنسدانوں نے بھی کر دی ہے کہ نوے فی صد تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا لوگ اس کو چھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کامیاب نہیں ہو پاتے
ایسا بھی نہیں کہ لوگ سگریٹ نوشی کے منفی اثرات سے لا علم ہیں، بلکہ سچ تو یہ ہے کہ سب جانتے ہیں کہ سگریٹ نوشی جان لے سکتی ہے لیکن پھر بھی لاکھوں لوگ اس کے کش لگانے سے کنارہ کش نہیں ہو پاتے
یہاں ہم سنگت میگ کے قارئین کے لیے عربی زبان کے موقر جریدے الرجل میگزین میں بتائے گئے، چند ایسے طریقے بیان کر رہے ہیں، جو سگریٹ نوشی کی لت سے چھٹکارا پانے میں ان کی مدد کر سکتے ہیں
مالی معاملات
اس میں کوئی شک نہیں کہ سگریٹ نوشی صحت ہی نہیں مالی طور پر بھی نقصان کا باعث بنتی ہے، جبکہ آج کل تو سگریٹ ویسے بھی ماضی کے مقابلے میں دو گنا مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے مالی نقصان کے نکتے کو ذہن میں رکھا جائے تو سگریٹ کی خریداری کی طرف بڑھتے قدم کسی حد تک روکے جا سکتے ہیں
نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ایک سال کے دوران ان لوگوں کی بڑی تعداد تمباکو نوشی چھوڑنے میں کامیاب ہوئی، جن کو تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے مالی ترغیب حاصل تھی
ماہرین کے مطابق مالی نقصان کا خیال ذہن میں راسخ رکھا جائے تو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد ملتی ہے
اچانک مکمل بندش
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا صرف وہی لوگ کر سکتے ہیں جو اپنی زندگی میں بہت زیادہ نظم و ضبط کے پابند اور مضبوط قوتِ ارادی کے مالک ہیں، جبکہ زیادہ تر لوگ اس کے پابند نہیں ہوتے۔ تحقیق سے ظاہر ہے کہ صرف سات فیصد افراد کو بغیر کسی اضافی مدد کے سگریٹ چھوڑ سکتے ہیں
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کوئی یکدم سگریٹ چھوڑنا چاہے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے آپ کو پہلے اس کے لیے ذہنی طور پر تیار کرے کہ اس پر قائم رہنا ہے، اس لیے پکا ارادہ بہت اہمیت کا حامل ہے
کچھ متبادل راستے
ماہرین یہ بھی تجویز کرتے ہیں کہ جب طلب شروع ہو تو دھیان بٹانے کے لیے کچھ ایسا کیا جائے کہ طلب تھم جائے، اس کے لیے پانی پینا یا پھر کسی دوسری چیز کی طرف متوجہ ہو جانا بھی مفید ہے جبکہ سیر کے لیے نکل جانا بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ اسی طرح گہری اور آہستہ آہستہ سانس لینے سے بھی طلب کم ہو سکتی ہے
یقیناً ایسا کرنا کوئی آسان کام نہیں ہوگا، تاہم بار بار کرنے سے صورتحال آسان ہوتی جائے گی
ساتھی یا خاندان والوں کی مدد
سگریٹ چھوڑنے میں آپ کے اردگرد موجود لوگ جیسے رشتہ دار خصوصاً قریبی ساتھی سب سے زیادہ مدد دے سکتا یا سکتی ہے
تحقیق سے ثابت ہے ہے کہ ایسا کرنے والے پچاس فی صد سے زائد افراد کامیاب رہے ہیں
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ شریکِ حیات کے تمباکو نوشی چھوڑنے سے پارٹنر کو بھی ایسا کرنے میں آسانی ہوتی ہے
نکوٹین متبادل تھراپی
اس کے لیے کئی چیزیں دستیاب ہیں، جیسے: انہیلر، چیونگ گم، نکوٹین پیچ اور کچھ دوسری اشیا، جو تمباکو نوشی چھوڑنے میں مدد دے سکتی ہیں جبکہ جو لوگ ’اینٹی ڈپریسنٹ ریپلیسمنٹ تھراپی‘ استعمال کرتے ہیں، ان کے کامیاب ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں
حوصلہ افزائی جرنے والے عوامل سے پرہیز
اس طریقے کی وضاحت سے پہلے ایک نکتہ ذہن میں بٹھا لیں ’ان تمام چیزوں، دوستوں اور ماحول سے کنارہ کشی ضروری ہے، جو تمباکو نوشی کے لیے حوصلہ افزائی کرتے ہوں‘
سگریٹ نوشی سے جڑی کوئی بھی چیز دھیان اس جانب لے جا سکتی ہے، جیسے: سگریٹ، ایش ٹرے، لائٹر وغیرہ، اس لیے ان سے پیچھا چھڑانا ضروری ہے
مزید برآں ایسے دوستوں یا محفلوں سے دور رہنا بھی بہتر ہے، جہاں سگریٹ نوشی ہوتی ہو۔ پوری طرح گھر اور گاڑی کو ان تمام چیزوں سے صاف کریں، جو سگریٹ کی طلب کا باعث بن سکتے ہیں
صحتمند رویہ
آپ کو ایک نئے صحتمند رویے کی عادت ڈالنا ہوگی، اس لیے ہاتھوں اور منہ کو سگریٹ کے بجائے کسی اور چیز سے مشغول رکھنا چاہیے، جیسے گاجر، کھیرا، چیونگ گم، سونف، سلائچی وغیرہ۔ اسی طرح پانی پینے سے بھی کچھ وقت کے لیے سگریٹ کی طلب کم ہو جاتی ہے
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ باقاعدگی سے دانت برش کریں، ورزش کریں اور اپنے اندر ایک صحتمند احساس پیدا کریں تو سگریٹ چھوڑنے میں آسانی ہوگی
وجوہات کا پتہ چلانا
ماہرین کے نزدیک جن وجوہات کی بنا پر کسی شخص نے سگریٹ پینا شروع کیا ان کا پتہ لگایا جائے اور علاج کیا جائے، جیسا کہ کچھ لوگ افسردگی یا تنہائی کی وجہ سے تمباکو نوشی کی طرف جاتے ہیں جبکہ کچھ کسی ایسی شخصیت کی وجہ سے جاتے ہیں، جس کو وہ پسند کرتے ہیں اور وہ سگریٹ پیتی ہو
سگریٹ کے پیسوں سے اپنے یا پیارے کے لیے کچھ خریدنے کی خواہش بھی تمباکو نوشی سے نکلنے میں مدد دیتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
فوائد و نقصانات لکھنا
ماہرین کے نزدیک یہ ایسی مشق ہے جو سگریٹ پینے والے کو بار بار احساس دلاتی ہے کہ وہ جو کر رہا یا رہی ہے وہ اسے سخت نقصان پہنچا رہی ہے کیونکہ بہت سوچنے کے بعد بھی تمباکو نوشی کا شاید ایک آدھا فائدہ بھی نہ لکھا جا سکے، جبکہ نقصانات والے خانے میں بہت سی چیزیں آ جائیں گی
اپنی حوصلہ افزائی اور انعام
کامیابی سے کچھ عرصے تک سگریٹ نوشی سے دامن بچا کر رکھنے والے کو خود اپنی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور سوچنا چاہیے کہ اس دوران اس نے کتنے پیسے بچا لیے ہیں اور سوچے کہ اس سے وہ اپنے یا پھر کسی پیارے کے لیے کون سی چیز خریدے گا، ممکن ہے آپ کو یہ بات بے معنی سی لگے لیکن اس بات سے اس شخص میں سگریٹ چھوڑنے کا احساس مزید پختہ ہوگا۔