جمائما کی فلم: مشرق اور مغرب کے دو مختلف تہذیبوں کے گرد گھومتی کہانی

ویب ڈیسک

پاکستان سمیت دنیا بھر کے کئی ملکوں میں عمران خان کی سابق اہلیہ اور برطانوی فلم میکر جمائما گولڈ اسمتھ کی ڈیبیو فلم ‘واٹس لَو گوٹ ٹو ڈو وِد اٹ’ کی نمائش جاری ہے

فلم ریلیز کے دوسرے ہفتے بھی برطانوی باکس آفس پر ٹاپ فائیو فلموں کی فہرست میں شامل ہے، جب کہ اسے پاکستان میں بھی پسند کیا جارہا ہے۔ جمائما کی اس فلم کی کہانی برطانیہ میں رہنے والے ایک پاکستانی خاندان کے گرد گھومتی ہے

برطانیہ کے شوبز جریدے ’اسکرین ڈیلی‘ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ برطانیہ اور آئرلینڈ کے باکس آفس پر پانچویں پوزیشن پر ہے، جبکہ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی ’کریڈ تھری‘ ٹاپ پوزیشن پر ہے، جس نے پانچ ملین پاؤنڈز کا بزنس کیا ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ’اینٹ مین‘ اور ’پُس ان بوٹس‘ کے سیکوئل ہیں

جمائما نہ صرف اس فلم کی پروڈیوسر ہیں بلکہ اس کا اسکرپٹ بھی انہوں نے ہی لکھا ہے، جبکہ اس کی ہدایات شیکھر کپور نے دی ہیں جو اس سے قبل بالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’مسٹر انڈیا‘ اور ہالی وڈ میں ’الزبتھ‘ اور ’بینڈٹ کوئین‘ جیسی فلمیں بناچکے ہیں

فلم میں مرکزی کردار برطانوی اداکارہ للی جیمز اور پاکستانی نژاد برطانوی اداکار شہزاد لطیف نے ادا کیا ہے، جبکہ بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی، ایما ٹامپسن اور پاکستانی اداکارہ سجل علی نے بھی اہم کردار ادا کیے ہیں

’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو وِڈ اٹ‘ ایک ایسی برطانوی فلم میکر زوئی (للی جیمز) کی کہانی پر مبنی ہے، جس کا پڑوسی ڈاکٹر کاظم خان (شہزاد لطیف) ہی اس کا بہترین دوست ہے۔ جب کاظم کے گھر والے اس کے لیے لڑکی کی تلاش میں ہوتے ہیں تو زوئی اپنے پروڈیوسرز کو ایک پاکستانی نژاد برطانوی لڑکے کی شادی پر ڈاکیومینٹری کا آئیڈیا دیتی ہے، جو منظور ہو جاتا ہے

تب سے لے کر فلم کے کلائمکس تک زوئی خان اپنی فیملی کے ساتھ انگلینڈ سے پاکستان کا سفر بھی طے کرتی ہے اور شادی میں شامل اہم لوگوں کے کمنٹس لے کر اسے اپنی ڈاکیومینٹری فلم کا حصہ بناتی ہے۔ پھر ایک غلط فہمی کی وجہ سے کاظم اور زوئی کے درمیان کچھ اختلافات پیدا ہو جاتے ہیں، جس کے بعد دونوں کی دوستی میں دراڑ آ جاتی ہے اور ایک دوسرے سے دور ہو جاتے ہیں۔ یہ بات ان کے گھر والوں کے لیے بھی پریشانی کا باعث بن جاتی ہے

فلم کی کہانی میں پاکستانی ثقافت کی بھی عکاسی کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ گزشتہ برس ریلیز ہونے والی ٹی وی سیریز ’مس مارول‘ کے بعد یہ دوسرا موقع ہے، جب کسی بین الاقوامی پراجیکٹ میں پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کو دکھایا گیا

جمائما کی فلم میں پاکستان سے باہر رہنے والے پاکستانی نژاد خاندان کو اپنے بچوں کی شادی میں درپیش مشکلات بھی دکھائی گئی ہیں

پاکستانی اداکارہ سجل علی کے کریئر کی یہ دوسری بین الاقوامی فلم ہے۔ اس سے قبل وہ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ فلم ’موم‘ میں بھی کام کر چکی ہیں

سجل نے اس فلم میں ہیرو کاظم کی بیوی میمونہ کا کردار ادا کیا ہے، جس سے شادی کے لیے وہ اور اس کا خاندان پاکستان آتا ہے

مرتضیٰ بھٹو کی صاحبزادی اور مصنفہ فاطمہ بھٹو فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کو اپنی نوعیت کی پہلی فلم قرار دیتے ہوئے کہتی ہیں ”اس فلم کو دیکھنے کے بعد بطور مسلمان آپ کو اپنے آپ پر اور اپنے کلچر پر فخر ہوگا اور یہ ایک ایسا کام ہے، جو بہت کم فلمیں کرپائی ہیں“

جبکہ برطانوی اخبار ’ایشین سنڈے‘ کے لیے تجزیہ دیتے ہوئے فاطمہ پٹیل کا کہنا ہے کہ جمائما کی فلم ایک ایسی رومینٹک کامیڈی ہے، جو دیکھنے والوں کو اپنی آل راؤنڈ خصوصیات کی وجہ سے پسند آئے گی

امریکی جریدے ’ورائٹی‘ کے لیے لکھتے ہوئے نمن راماچندرن نے کہا کہ اس فلم کے ذریعے برطانوی روم کوم ‘ایولو’ ہوئی ہے

انہوں نے ‘فور ویڈنگز اینڈ اے فیونرل’ اور ‘لو ایکچوئلی’ کی مثال دیتے ہوئے کہا ”جمائما کی فلم نے روم کوم کو اسی طرح فائدہ پہنچایا جیسے ان دونوں فلموں نے ماضی میں پہنچایا تھا۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close