کیا روزے میں سگریٹ سے دوری، اسے مستقل ترک کرنے میں مددگار ہو سکتی ہے؟

ویب ڈیسک

دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا سگریٹ کا عادی شخص ہو، جو اس کے مضر اثرات سے آگاہ نہ ہو، لیکن بدقسمتی سے تمباکونوشی کے نقصانات معلوم ہونے کے باوجود لوگ اسے ترک کرنے میں مکمل کامیاب نہیں ہو پاتے

یہ وہ نکتہ ہے جو ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ آخر اس کی وجہ کیا ہے، کیا اسے چھوڑنا واقعی اس قدر مشکل ہے؟

آکسفورڈ یونیورسٹی نے 2014ع کے لیے ’ویپ‘ لفظ کو ’ورڈ آف دی ایئر‘ قرار دیا تھا، جو ای سگریٹ سے متعلق ہے، لیکن اس کے باوجود تمباکو نوشی کے بارے میں کیا خیال ہے جو کینسر، فالج اور امراضِ قلب کا سبب بنتی ہے اور اس لت سے پیچھا چھڑانا مضبوط ترین قوتِ ارادی کے مالک افراد کے بھی بس کی بات نہیں ہوتی

اس بات کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ سگریٹ میں کیا موجود ہوتا ہے؟ سگریٹ میں کیمیکل نیکوٹین استعمال کیا جاتا ہے، جو ایک قسم کا نشہ ہے اور پینے والے کو اپنا عادی بنا دیتا ہے

آئرلینڈ کی کینسر سوسائٹی اور امریکا میں پھیپھڑوں کے امراض پر تحقیق کرنے والی امریکن لَنگ ایسوسی ایشن کی تحقیق کے مطابق انسان جب سگریٹ پیتا ہے، تو اس کے جسم میں سگریٹ سے داخل ہونے والے کیمیائی مادوں کی تعداد تقریباً سات ہزار تک ہوجاتی ہے

لیکن روزے میں اس عادت اور شدید طلب کے باوجود سگریٹ نوشی کرنے والے خود کو سگریٹ سے دور رکھتے ہیں، جب وہ دن بھر سگریٹ سے گریز کر سکتے ہیں تو تھوڑی سی کوشش کر کے افطار کے بعد بھی خود کو روکنے کی کوشش کر سکتے ہیں اور رمضان المبارک کی برکت سے اس عادت سے ہمیشہ کے لیے چھٹکارا بھی پا سکتے ہیں

ایک بار ایسا کرنے کی کوشش کریں اور پھر دیکھیں صحت پر کس حد تک ڈرامائی انداز میں مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، درحقیقت بغیر سگریٹ کے اولین چوبیس گھنٹے ہی سے دل کے دورے کا خطرہ کم ہوجاتا ہے

اگر اس نکتے کو ذہن میں رکھا جائے تو سگریٹ نوشی ترک کرنے کے ارادے کو مزید تقویت مل سکتی ہے۔ تو پھر کیا آپ اس عادت سے چھٹکارا چاہتے ہیں؟ اگر ہاں تو یہ چند مفید نکات اس حوالے سے بہت مددگار ثابت ہوں گے

ہفتے میں ایک دن سگریٹ نہ پینے کا عہد کریں

کوشش کریں کہ ہفتے میں کسی ایک دن سگریٹ سے دور رہیں، یہ کوئی بہت بڑا کام نہیں کہ آپ اسے ممکن نہ کر سکیں، اگر آپ روزے کی حالت میں پندرہ گھنٹے کے لیے سگریٹ چھوڑ سکتے ہیں تو عام دنوں میں ایک دن کے لیے اسے ترک کرنے کی کوشش کریں

یہ عمل آپ کے اندر ایک مثبت توانائی بھر دے گا اور اس طرح آپ آہستہ آہستہ سگریٹ سے خود ہی دور رہیں گے

2013 کی ایک گوگل سرچ تحقیق کے مطابق جو افراد کاروباری ہفتے کے آغاز پر سگریٹ نوشی سے گریز کی کوشش شروع کرتے ہیں، ان کی کامیابی کا کافی زیادہ امکان ہوتا ہے

لیکن یہ بات اہم ہے کہ سگریٹ نوشی کو اچانک ترک نہ کریں، تحقیق کے مطابق اچانک سگریٹ چھوڑنے والوں میں سے 96 فیصد ایک سال کے اندر اندر دوبارہ اس موذی لت کا شکار ہو جاتے ہیں

ورزش کریں

آپ کے لیے یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ نیکوٹین کی طلب میں اس وقت کمی آجاتی ہے، جب ورزش کی جا رہی ہوتی ہے کیونکہ جسمانی مشقت کے دوران دماغ سیروٹینین اور ڈوپامائن جیسے کیمیکل خارج کرتا ہے، جو خوشی، مسرت اور راحت کے احساس کو بڑھاتے ہیں

کوشش کریں کہ رمضان کے دنوں میں سحری کے بعد اور رات کو ہلکی پھلکی ورزش کرنے کی عادت ڈالیں

سگریٹ چھوڑنے میں مددگار غذائیں

سگریٹ ترک کرنے کے لیے ہمارے روزمرہ کے استعمال میں کھانے پینے کی ایسی مفید اشیا بھی شامل ہوتی ہیں، جن کا اگر استعمال روزانہ کی بنیاد پر خاص مقصد کے تحت کیا جائے، تو یہ ہمارے لیے کافی مفید ثابت ہوتی ہیں

جسم کے لیے فائدہ مند کھانے اور مشروبات میں سے ایک وٹامن سی ہے، وٹامن سی کی وافر مقدار پھلوں اور سبزیوں سے حاصل کی جا سکتی ہے، اس کے علاوہ روزانہ دودھ پینے سے بھی بہتری آ سکتی ہے

مالی نقصان کو ذہن میں رکھیں

سگریٹ کے عادی افراد یہ بات بخوبی جانتے ہیں کہ مہنگائی کے اس دور میں سگریٹ ماضی کے مقابلے میں اب دو گنا مہنگی ہو چکی ہیں، آپ ایک ایسی عادت کی وجہ سے اپنی کمائی کا ایک بڑا حصہ دھوئیں میں اڑا دیتے ہیں جو آپ بیمار بھی کر رہی ہے

تو اگر یہ بات آپ اپنے ذہن میں رکھیں اور سوچیں کہ ان پیسوں کو جمع کر کے نہ صرف کوئی اہم یا ضروری چیز خریدی جا سکتی ہے بلکہ اس سے آپ خود کو بیمار ہونے سے بھی بچا سکتے ہیں، یہ سوچ یقیناً آپ کی قوتِ ارادی کو تقویت دے گی

نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایک سال میں سگریٹ نوشی ترک کرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد ایسی تھی، جنہیں تمباکو نوشی چھوڑنے کے لیے مہنگائی اور مالی صورتحال نے اکسایا

سگریٹ کی یاد دلانے والی تمام چیزوں سے دور رہیں

سگریٹ سے چھٹکارے کے لئے ان چیزوں کو بھی خود سے دور کر دیں، جنہیں دیکھ کر سگریٹ کی یاد نہ آتی ہے، یعنی ایسے محفلوں میں بھی نہ جائیں، جہاں سگریٹ نوشی سے متعلق بات ہوتی ہو

آخری قدم

جب آپ کے اندر کافی حد تک مزاحمت پیدا ہوجائے اور سگریٹ پینے کی خواہش ماند پڑنے لگے تو سمجھ جائیں کہ وقت آگیا ہے، اس سے مکمل نجات حاصل کی جائے اور اسے ہاتھ تک نہ لگائیں

آپ کو کچھ مشکلات کا سامنا ضرور ہوگا مگر کچھ دنوں میں ہی آپ اس پر قابو پالیں گے، بس ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کام کو وقتی جوش کی بجائے مستقل عزم اور ارادے کے ساتھ شروع کیا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close