یہ ذکر ہے پست قامت کالو وتھارانا کے ساتھ مل کر اننگ کے ابتدائی اوورز کو محتاط ہو کر کھیلنے کے بجائے دھواں دار بیٹنگ کے لیے مخصوص کرنے کا رواج قائم کرنے والے بیٹسمین کا، جنہیں کرکٹ شائقین آج بھی ان کی جارحانہ بیٹنگ کے لیے یاد کرتے ہیں
سری لنکا کے اس جارح مزاج بیٹسمین نے نہ صرف سری لنکا کو کرکٹ میں ایک نیا مقام دلانے میں بنیادی کردار ادا کیا بلکہ کرکٹ میں جارحانہ بیٹنگ کی ایک نئی جہت بھی متعارف کرائی
جی ہاں ، یہ سری لنکا کے یہ سابق عظیم آل راؤنڈر سنتھ جے سوریا ہی ہیں، جن کے حوالے سے حال ہی میں ایک دلچسپ خبر رپورٹ ہوئی ہے
رپورٹ کے مطابق جے سوریا کے پاس 1996 میں پاکستان میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈ کپ میں ملنے والی کار ابھی تک موجود ہے۔ یہ حقیقت ان کے ایک حالیہ ٹوئٹ کے بعد منظر عام پر آئی
پیر کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سنتھ جے سوریا نے اپنی ٹویٹ میں انکشاف کیا کہ 1996ع کے ورلڈکپ میں ’مین آف دی سیریز‘ (پلیئر آف دی ٹورنامنٹ) کے انعام میں ملنے والی کار ستائیس سال بعد بھی ابھی تک ان کے پاس موجود ہے
وہ اپنی ٹویٹ میں لکھتے ہیں ”سنہری یادیں: 1996 کے ورلڈ کپ میں مین آف دی سیریز میں ملنے والی کار 27 سال بعد“
ٹویٹ میں سنتھ جے سوریا نے دو تصاویر کا کولاج شیئر کیا ہے، جس میں ایک میں وہ 1996ع میں انعام میں ملنے والی اپنی نئی کار کے ساتھ کھڑے ہیں اور دوسری تصویر میں 2023ع میں کھڑے ہو کر اپنی اسی کار کے ساتھ پرانی یادیں تازہ کر رہے ہیں، جو واقعی اب بہت پرانی نظر آ رہی ہے
ٹویٹ میں نظر آنے والی سرخ رنگ کی یہ کار معروف برینڈ ’آوڈی‘ کا اے فور ماڈل ہے۔
سنہ 1996ع میں کھیلا گیا ورلڈکپ بائیں ہاتھ کے بیٹر سمیت پوری سری لنکن قوم کے لیے ایک سنہری یاد ہے، کیونکہ یہ ورلڈکپ سری لنکا نے اپنے نام کیا تھا
17 مارچ 1996 کو پاکستان کے شہر لاہور میں کھیلے گئے اس فائنل میں سری لنکا نے اس وقت کی ناقابلِ شکست سمجھی جانے والی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف سات وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈکپ جیتا تھا
سنتھ جے سوریا نے اس ورلڈکپ میں عمدہ آل راؤنڈ کارکردگی دکھاتے ہوئے 221 رنز بناتے ہوئے سات وکٹیں اپنے نام کی تھیں، جس پر انہیں مین آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا
سری لنکا اور آسٹریلیا کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں گیارہ مرتبہ آمنے سامنے آ چکے ہیں، جس میں آٹھ مرتبہ آسٹریلیا اور ایک مرتبہ سری لنکا نے کامیابی حاصل کی ہے
حیران کُن طور پر 1996 کے ورلڈ کپ کا فائنل ہی سری لنکا کی میگا ایونٹ میں کینگروز کے خلاف واحد کامیابی ہے
خیال رہے سنتھ جے سوریا نے سری لنکا کے لیے اپنے بائیس سالہ طویل کیریئر میں 110 ٹیسٹ، 445 ون ڈے اور 31 ٹی20 میچز کھیل کر بالترتیب چھ ہزار 973، 13 ہزار 430 اور 629 رنز بنائے۔