ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی کی نئی ایپ ‘لیمن 8’ کیا ہے؟

ویب ڈیسک

ایک طرف امریکہ میں قانون ساز چین کی وڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر ملک بھر میں پابندی لگانے پر بحث کر رہے ہیں تو دوسری جانب اسی کی پیرنٹ کمپنی کی حال ہی میں متعارف کردہ ایک نئی ایپ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے

ٹک ٹاک کی پیرنٹ کمپنی بائٹ ڈانس کی نئی ایپ کا نام ’لیمن 8‘ ہے، جسے مختصر عرصے میں لاکھوں امریکی ڈاؤنلوڈ کر چکے ہیں

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق چینی کمپنی بائٹ ڈانس اپنے توسیعی منصوبوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ لیکن ٹک ٹاک کی طرح اس کی نئی ایپ کو بھی امریکہ میں جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

ٹک ٹاک کے بارے میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ چین کی حکومت امریکی صارفین کا ڈیٹا حوالے کرنے کے لیے بائٹ ڈانس پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔ تاہم ٹک ٹاک کے حکام امریکی قانون سازوں کو یہ یقین دلانے کی کوششوں میں مصروف ہیں کہ وہ صارف کا ڈیٹا محفوظ رکھ سکتے ہیں

لیمن 8 کوئی نئی ایپ نہیں ہے، لیکن یہ امریکی سوشل میڈیا صارفین کے لیے بالکل نئی ہے۔ پھر بھی، اس کے متعارف ہونے کے ایک ہفتے بعد، ایپ لائف اسٹائل ایپس کے لیے ایپ اسٹور میں پہلے نمبر پر ہے۔ TechCrunch کے مطابق، اس زمرے میں پہلے نمبر پر ایک ایسی ایپ کی بڑی چھلانگ ہے، جو پچھلے مہینے سے پہلے کبھی بھی امریکہ میں ٹاپ دو سو تک بھی نہیں پہنچی تھی

’لیمن 8‘ بنیادی طور پر تصاویر پر مبنی ایک ایپلیکیشن ہے، جو انسٹاگرام اور پن ٹرسٹ سے ملتی جلتی ہے اور اس پر ٹک ٹاک کی طرح کی وڈیوز بھی شو ہوتی ہیں

یہ ٹک ٹاک کی طرح عمودی (ورٹیکل) وڈیو اسکرولنگ کو سپورٹ نہیں کرتی ہے، اور ایپ پر بنایا گیا مواد عام طور پر ایک مخصوص موضوع کے گرد ہوتا ہے

’لیمن 8‘ کی مین فیڈ میں دو طرح کے فیچرز موجود ہیں، جس میں ایک ’فالوئنگ‘ کا سیکشن ہے، جہاں صارفین ان کانٹینٹ کریئیٹر کا کانٹینٹ دیکھ سکتے ہیں، جنہیں وہ فالو کر رہے ہیں۔ دوسرا سیکشن ‘فور یو’ کا ہے، جہاں دیگر پوسٹس موجود ہوتی ہیں

اس ایپلیکیشن میں ایسا آپشن بھی موجود ہے، جس میں مختلف کیٹیگریز جیسے فیشن، بیوٹی اور فوڈ وغیرہ کا کانٹینٹ بھی دیکھا جا سکتا ہے

کسی بھی دوسری دیگر سوشل میڈیا سائٹ کی طرح ’لیمن 8‘ بھی صارف کے بنیادی ڈیٹا تک رسائی طلب کرتا ہے، جیسے آئی پی ایڈریس، براؤزنگ ہسٹری، ڈیوائس آئیڈینٹی فائر اور دیگر معلومات وغیرہ

ایپل اور گوگل پلے دونوں ایپ اسٹورز پر اس ایپلیکیشن کی مالک سنگاپور سے تعلق رکھنے والی ہیلیوفیلیا پرائیویٹ لمیٹڈ لسٹڈ ہے۔ اس کمپنی کا اور بائٹ ڈانس اور ٹک ٹاک کا پتا ایک ہی ہے

’لیمن 8‘ کو پہلی مرتبہ سال 2020ع میں ایشیائی مارکیٹ میں متعارف کرایا گیا تھا

ایپ کا جائزہ لینے والی کمپنی ‘ڈیٹا ڈاٹ اے آئی’ کے مطابق تھائی لینڈ اور جاپان میں اس ایپ کو کافی پذیرائی ملی اور وہاں بالترتیب اس کے لگ بھگ چوہتر لاکھ اور پچاس لاکھ ڈاؤنلوڈز ہیں

اس ایپلیکیشن کو فروری میں امریکہ میں بغیر کسی بڑے ایونٹ کے متعارف کرایا گیا تھا۔ بعد ازاں میڈیا اداروں کی جانب سے اس پر توجہ دینا شروع کی گئی اور کچھ ٹک ٹاک انفلوئینسر نے اس کی تشہیر شروع کی

’ڈیٹا ڈاٹ اے آئی‘ کے مطابق 2 اپریل تک امریکہ میں اس ایپ کو دو لاکھ نوے ہزار مرتبہ ڈاؤنلوڈ کیا گیا تھا۔ اس میں سے اکثریت نے اسے مارچ کے آخر میں ڈاؤنلوڈ کیا

’لیمن 8‘ ایپل کے ایپ اسٹور پر سب سے زیادہ مقبول ایپس میں سے ایک بن گئی ہے

انفلوئینسر مارکیٹنگ فیکٹری میں سیلز کی نائب صدر نکلا بارٹولی کہتی ہیں ”بائٹ ڈانس نے فروری کے آخر میں ان کی کمپنی سے رجوع کیا تھا اور اس ایپلیکیشن کے بارے میں ایک طویل پریزنٹیشن دی تھی اور بتایا تھا کہ انفلوئینسر اسے کیسے استعمال کر سکتے ہیں“

انہوں نے کہا ”کمپنی نے تجویز دی ہے کہ انفلوئینسر اس ایپ کو آزمائیں لیکن وہ برینڈز کے ساتھ ایسا نہیں کر رہی کیوں کہ ابھی ’لیمن 8‘ کے صارفین نسبتاً کم ہیں

ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ ایپ زیادہ کامیاب ہوگی یا فلاپ ہو جائے گی۔

کریئیٹو ایجنسی میکانزم کے پارٹنر اور چیف سوشل آفیسر برینڈن گہان کہتے ہیں کہ گزشتہ پانچ سال ایسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے بھرے پڑے ہیں، جنہیں بہت زیادہ مقبولیت ملی لیکن وہ آخر میں ختم ہو گئے

انہوں نے بی ریئل اور کلب ہاؤس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان پلیٹ فارمزنے گزشتہ دو سال میں بہت زیادہ توجہ حاصل کی لیکن پھر صارفین کی توجہ کہیں اور ہو گئی

انہوں نے کہا کہ سوشل ایپ کی کامیابی حاصل کرنا مشکل ہے اور اسے برقرار رکھنا اور بھی دشوار ہے

بائٹ ڈانس نے ’لیمن 8‘ کو آگے بڑھانے کے منصوبے سے متعلق جواب نہیں دیا ہے۔ تاہم گزشتہ ہفتے ایک سائبر سیکیورٹی کانفرنس میں ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کمپنی کے جنرل کونسل ایرچ انڈرسن نے کہا تھا کہ ہم ’لیمن 8‘ ایپ کے ساتھ اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں تاکہ امریکی قانون پر عمل کر سکیں اور یقینی بنا سکیں کہ ہم یہاں صحیح کام کر رہے ہیں۔ ہمیں اس ایپلی کیشن کے ساتھ چلنے کا ایک طویل راستہ مل گیا ہے اور یہ ابتدائی مرحلہ ہے

بائٹ ڈانس کی ملکیت والی ایک اور ایپ، جسے CapCut کہا جاتا ہے، بھی ایپل کے ایپ اسٹور پر امریکہ میں سب سے زیادہ مقبول ایپس میں سے ایک کے طور پر درج ہے

کیپ کٹ CapCut خود کو ایک ’آل ان ون‘ وڈیو ایڈیٹنگ ٹول کے طور پر مارکیٹ کرتا ہے، جو صارفین کو اپنے وڈیو کے مواد کو ایڈٹنگ کی سہولت فراہم کرتا ہے، اور فلٹرز اور میوزک شامل کرنے جیسی دوسری چیزیں بھی کرتا ہے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close