جان بچانے والے محسن کو عرصے بعد دیکھ کر پرندہ جذباتی ہو گیا

ویب ڈیسک

بھارت کی ریاست اُتر پردیش کے شہر کانپور میں واقع پرندوں کی ایک پناہ گاہ میں بند کونج کی اُس کے دوست عارف سے ملاقات کروائی گئی ہے

منگل کو بھارتی صحافی پییُش رائی نے ٹوئٹر پر عارف اور کونج کی ملاقات کی ایک وڈیو شیئر کی اور لکھا کہ ’عارف پنجرے میں بند اپنے دوست سے ملنے کانپور برڈ سینکچوری (پرندوں کی پناہ گاہ) گئے تھے۔‘

وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پندرہ دن بعد جب محمد عارف نے کانپور کے چڑیا گھر کا دورہ کیا تو پنجرے میں بند کونج کے ردعمل نے سب کا دل پگھلا دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے وڈیو نے ٹویٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک بار پھر صارفین کی توجہ حاصل کرلی

وڈیو میں عارف کی آمد پر کونج کو اُچھلتے کودتے دیکھا جا سکتا ہے، جس سے واضح طور پر یہ محسوس ہوتا ہے کہ کونج اپنے دوست کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کر رہی ہے

عارف بھی وڈیو میں کونج سے باتیں کرتے ہوئے نظر آئے اور انہوں نے پرندے سے پوچھا کہ ’کیا حال ہے؟ پہچان گئے؟‘

عارف نے پرندوں کی پناہ گاہ میں تعینات افسران سے یہ بھی پوچھا کہ کیا کونج کو پنجرے سے نکالا جا سکتا ہے؟ جس پر ایک افسر نے نفی میں جواب دیا

پرندوں کی پناہ گاہ سے باہر نکلتے وقت عارف نے کونج سے کہا ”یہیں پر رہو آرام سے، ہم پھر آئیں گے“

خیال رہے کہ گذشتہ برس فروری میں پینتیس سالہ محمد عارف ایک زخمی کونج اپنے ساتھ گھر لائے تھے جو ان کو اُتر پردیش کے ضلع امیٹھی کے ایک گاؤں مندھکا سے ملا تھا، جس کے بعد پرندے نے اپنے محسن کے ساتھ ساتھ رہنا شروع کر دیا

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر امیٹھی سے تعلق رکھنے والے محمد عارف نامی کسان نے خطرے سے دوچار کونج کو بچا کر اس کی صحت بحال کی، جس کے بعد کونج نے عارف کا پورے قصبے میں پیچھا کرنا شروع کر دیا اور ان کی وڈیوز وائرل ہو گئیں

دوسری جانب جب معاملہ بھارتی محکمہ جنگلات کے علم میں آیا تو انہوں نے پرندے کو عارف سے الگ کردیا مگر کونج اپنے محسن کو نہیں بھولا۔ دونوں کی علیحدگی کے بعد انٹرنیٹ صارفین حکومت سے عارف اور کونج کو دوبارہ ملانے کی درخواست کرتے رہے اور آخر کار اُن کی التجائیں رنگ لے آئیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close