پولیٹیکل سیٹائر: عید پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں سابق امریکی صدر کا ڈمی نظر آئے گا

ویب ڈیسک

اس سال عید الفطر کے موقع پر ’منی بیک گارنٹی‘ بھی سنیما گھروں کی زینت بنے گی، اس فلم کو زیادہ اہمیت اس لیے دی جا رہی ہے کیونکہ اس کی کاسٹ بھی بڑی ہے، اور اس میں جلوہ گر ہونے والے کردار بھی

اس فلم میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ڈمی بھی ایکشن میں نظر آئے گا، یہ کردار مشہور کامیڈین شفاعت علی نبھائیں گے، جس کا اعلان فلم کے پروڈیوسرز نے منگل کو ہونے والے ایک ایونٹ میں کیا

شفاعت علی، جو سیاستدانوں اور شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد کی نقل اتارنے کی وجہ سے کافی مقبول ہیں، انہیں ڈونلڈ ٹرمپ بننے کی ذمہ داری دی گئی ہے، جسے فلم بنانے والوں نے عوام سے چھپائے رکھا تھا۔ جس وقت وہ ’منی بیک گارنٹی‘ کے ایونٹ کی میزبانی کرنے کے لیے سابق امریکی صدر کے روپ میں اسٹیج پر آئے تو شائقین نے انہیں خوب داد دی

کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں ہونے والے اس ایونٹ میں جہاں فلم کے مصنف اور ہدایتکار فیصل قریشی نے شرکت کی، وہیں مرکزی کاسٹ میں شامل میکال ذوالفقار، کرن ملک، عائشہ عمر، شایان خان، گوہر رشید، مانی اور احمد بلال بھی موجود تھے

اس فلم کی کاسٹ کے حوالے سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں سابق کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی بیوی شنیرا اکرم بھی اداکاری کے میدان میں نظر آئیں گے۔ تاہم وہ دونوں ملک سے باہر ہونے کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکے، البتہ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ کے ذریعے اپنا کم بیک کرنے والے اداکار فواد خان جو اس فلم کی کاسٹ میں شامل ہیں، تقریب میں موجود تھے

‘منی بیک گارنٹی’ کی کہانی بظاہر ایک بینک ڈکیتی کے گرد گھومتی ہے، جس میں مختلف طبقات کے لوگ مل کر اپنا حق چھیننے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق اس فلم کو عید الفطر پر دنیا بھر میں آٹھ سو سے زیادہ اسکرینوں پر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شمار ان چند امریکی صدور میں ہوتا ہے، جو شوبز میں بھی جلوہ گر ہوئے ہیں، لیکن پاکستانی فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں انہیں جس انداز میں پیش کیا جارہا ہے، ویسا شاید ہالی وڈ میں بھی نہیں دکھایا گیا ہو

اس بارے میں شفاعت علی کا کہنا ہے کہ جب انہیں ٹرمپ بننے کے لیے کہا گیا تو انہیں سمجھ نہیں آیا کہ پاکستانی فلم میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کیا کام، لیکن بعد میں جب انہیں کہانی پتا چلی تو سب کچھ واضح ہو گیا

‘پرواز ہے جنون’ اور ڈونکی کنگ’ جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والے کامیڈین کے خیال میں ٹرمپ کی جگہ اگر کوئی اور مشہور سیاست دان ہوتا تو شاید اس طرح کا رسپانس نہ آتا

انہوں نے کہا ‘جب فیصل قریشی نے مجھے ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے شارٹ لسٹ کیا تو میں بھی پریشان تھا کہ پاکستانی فلم میں انگلش کردار کا کیا کام ۔ میں نے تو یہ تجویز بھی دی کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی رکھ لیں، یا کوئی اور مڈل ایسٹ کا سیاستدان، لیکن وہ نہیں مانے

شفاعت علی نے یہ بھی کہا کہ جب وسیم اکرم اور فواد خان کے درمیان کھڑے ہوکر ’ڈونلڈ ٹرمپ‘ نے اپنے ڈائیلاگ بولے تو انہیں اندازہ ہوگیا تھا کہ اس ٹرمپ کی بھی ویلیو ہے ، کہانی میں وہ بالکل فٹ بیٹھتا ہے

مولا جٹ کی کامیابی کے بعد یہ فواد خان کی پہلی فلم ہے، جو اپنی ہیئت میں بالکل ہی مختلف ہے، یعنی مکمل طور پر طنز و مزاح سے بھرپور فلم

’منی بیک گارنٹی‘ میں فواد خان کا کردار وسیم اکرم کے کردار سے ان کی کرسی چھیننے کے لیے مسلسل سازشیں کرتا ہے۔ اسی لیے ان سے پوچھا کہ کبھی ڈر لگا کہ وسیم اکرم انہیں باؤنسر نہ مار دیں؟ فواد خان نے جواب دیا: ’اصل میں تو وسیم اکرم کی کارکردگی ہی باؤنسر مارے گی اور ایک خوشگوار حیرت ہوگی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’وسیم اکرم اور شنیرا دونوں ہی بہت اچھے انسان ہیں، دونوں ہی بنیادی طور پر اداکار نہیں ہیں اور عام طور پر ایسے افراد کے ساتھ کام کرنا مشکل ہوتا ہے، مگر ان دونوں میں بہت صبر و استقامت ہے، جس سے بہترین ماحول بن جاتا ہے۔‘

اداکار میکال ذوالفقار کا شمار پاکستان کے ان چند فن کاروں میں ہوتا ہے جو ملک اور بیرون ملک دونوں جگہ اپنی صلاحیتیوں کا لوہا منواچکے ہیں۔ انہوں نے ’شوٹ آن سائٹ‘ اور ’بے بی‘ میں بھارتی اداکاروں کے سامنے اداکاری کرکے داد سمیٹی اور اس عید پر وہ ایک نہیں دو فلموں کے ساتھ میدان میں آ رہے ہیں

وہ نہ صرف کامران شاہد کی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کے مرکزی ہیرو ہیں بلکہ ‘منی بیک گارنٹی’ کی کاسٹ میں شامل ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے پروڈیوسروں میں سے ایک ہیں

اداکار و پروڈیوسر کے بقول وہ فلم کے فنانسر تھے لیکن ان کی اور شایان خان کی فلم میں کوئی بات نہیں سنی جاتی تھی۔ ”اس فلم کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں سب سے اہم کردار فیصل قریشی کا ہے

انہوں نے نیٹ فلکس کی مشہور ٹی وی سیریز ‘منی ہائیسٹ’ سے موازنے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلم کو اس لیے ہائیسٹ فلم نہیں کہہ سکتے، کیوں کہ اس کی کہانی ڈکیتی کے گرد نہیں گھومتی، بلکہ وہ کہانی کا ایک اہم پہلو ہے۔ آخر میں ان کا کہنا تھا کہ فلم میں سسپنس ہے، کامیڈی ہے اور بھی بہت کچھ ہے، جو اسے منی ہائیسٹ سے مختلف بناتا ہے۔

‘منی ہائیسٹ’ ہو یا نہ ہو، ‘منی بیک گارنٹی’ کی کاسٹ کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس میں ملک کے بہترین اداکاروں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق منتخب کیا گیا۔ اگر فواد خان اس میں بینک مینجر بنے ہیں تو عدنان جعفر پولیس والے، کرن ملک اس میں بینک لوٹنے والوں میں شامل ہیں تو مانی بھی اسی ٹیم کا حصہ ہیں۔ ٹریلر دیکھ کر ہی اندازہ ہوجاتا ہے کہ فلم کو بیرون ملک بننے والی فلموں کے طرز پر بنایا گیا ہے

اداکارہ کرن ملک کا کہنا ہے کہ اس فلم میں ہونے والی کامیڈی ٹیکنکل ہے۔ اس قسم کی ڈرائے کامیڈی میں کردار کو دکھانا پڑتا ہے کہ وہ سنجیدہ ہے لیکن جن حالات سے وہ گزرتا ہے وہ قطعی سنجیدہ نہیں ہوتے

اسی قسم کے خیالات کا اظہار اداکار عدنان جعفر نے کیا جن کے خیال میں اس فلم میں شائقین کو کہیں کہیں معروف ٹی وی شو ’ففٹی ففٹی‘ کی جھلک بھی نظر آئے گی

ان کا کہنا تھا کہ انہیں زیادہ تر کردار منفی ہی ملتے ہیں لیکن یہاں انہیں اسی قسم کے کردار میں کامیڈی کرنے کا موقع ملا۔ انہوں نے اس فلم کے مزاح کو ’ٹنگ ان چیک‘ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ شائقین کو اس میں کی جانے والی باتیں سمجھ میں آئیں گی

پولیٹیکل سیٹائر (سیاسی طنز) بنانے کا اس سے اچھا اور کوئی طریقہ نہیں تھا: فیصل قریشی

پاکستان میں گزشتہ کئی سالوں سے کئی ایسے فلم میکرز نئے طرز کی فلمیں لے کر سامنے آئے ہیں جنہوں نے کمرشل کی دنیا میں کافی عرصہ پریکٹس کی۔ اس فہرست میں ثاقب ملک، جامی محمود، اسد الحق کے بعد اب فیصل قریشی کا بھی نام شامل ہورہا ہے جنہوں نے ٹی وی اور کمرشلز کی دنیا میں بے تحاشہ کام کیا اور اس وقت شائقین کی نظریں ان کی بطور ہدایت کار پہلی فلم پر ہیں

فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ اس فلم کا آئیڈیا انہیں ایک دم سے آیا، اور چونکہ وہ ’پولیٹیکل سیٹائر‘ (سیاسی طنز) بنانا چاہ رہے تھے اس لیے اس طرز کی فلم کو چنا جس سے شائقین محظوظ بھی ہوں گے اور انہیں کچھ نیا بھی دیکھنے کو ملے گا

‘میں فلم کی کہانی کو ایک ایسے طریقے سے دکھانا چاہ رہا تھا کہ باہر کہانی کچھ اور ہو اور اندر کچھ اور ، جیسے ہی اس فلم کا آئیڈیا آیا، اس پر کام شروع کیا اور جوں جوں میں آگے بڑھتا گیا، دماغ کھلتا گیا اور چیزیں بنتی گئیں۔’

انہوں نے یہ بھی کہا کہ فلم کی کہانی کا اسٹرکچر تو ان کے دماغ میں ایک ہی ہفتے میں بن گیا تھا، تب سے لے کر اب تک جس جوش سے انہوں نے یہ فلم بنائی، وہ کم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا تھا۔ ان کے بقول انہیں فلم بار بار دیکھ کر اب بھی مزہ آتا ہے

آخر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیسا سوچا تھا، فلم ویسی تو نہیں بنی لیکن کافی حد تک انہوں نے اس میں وہ سب کچھ کر لیا، جو وہ چاہ رہے تھے۔ انہوں نے فلم کے چند مکالموں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب تو وہ بھی بھول گیا کہ کس لطیفے کے دو مطلب تھے اور اسے لکھنے کا مقصد کیا تھا

عید الفطر پر پاکستان میں ’منی بیک گارنٹی‘ کے ساتھ مزید تین اردو فلمیں ریلیز ہوں گی جس میں کامران شاہد کی ’ہوئے تم اجنبی‘، ہدایت کار ابو علیحہ کی ’دادل‘ اور ایکشن فلم ’دوڑ‘ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ کی تین فلمیں ‘جان وک فور’، ‘سپر ماریو برادرز’ اور ‘ایول ڈیڈ رائز’ بھی پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close