چور نے نابینا مؤذن کا فون واپس بھجوا دیا، میڈیا پر تصویر نہ چلوانے کی درخواست!

ویب ڈیسک

کراچی میں چور نے نابینا مؤذن سے لوٹا گیا فون رائیڈر کے ذریعے واپس بھجوا دیا اور درخواست کی ہے کہ ان کی تصویر میڈیا پر نہ دکھائی جائے

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر میں واقع ایک مسجد کے بصارت سے محروم مؤذن کو دھوکے سے چوری کیا جانے والا موبائل فون واپس مل گیا۔ واقعہ کی خبریں میڈیا پر آنے کے بعد چور نے موبائل فون رائیڈر کے ذریعے واپس بھجوا دیا اور رقم بھی واپس کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے

واضح رہے کہ ملزم نے یکم مئی کو نابینا مؤذن اور نعت خواں قاری محمد امجد کو دھوکہ دے کر موبائل فون چوری کر لیا تھا

بائیک رائیڈر نے موبائل فون مسجد کے چوکیدار کے حوالے کرتے ہوتے بتایا کہ گلشن اقبال سے رات گئے حسن لیاقت نامی شخص نے رائیڈ بک کروائی تھی۔ رائیڈ بک کروانے والے شخص نے جامعہ دارالہدی میں قاری امجد کو موبائل فون دینے کا کہا۔ جامعہ دارالہدٰی پہنچ کر جب موبائل قاری امجد کے حوالے کیا تو واقعے کا علم ہوا

موبائل فون واپس ملنے پر قاری محمد امجد نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کرتے کہا کہ وہ جب کوئی چیز خریدتے ہیں تو اس سے قبل وہ چھ سے سات بار سوچتے ہیں، اس کے بعد کہیں جا کر وہ چیز خریدتے ہیں۔ جب موبائل فون چور چوری کر کے فرار ہوا تو انہیں امید کی کوئی کرن دکھائی نہیں دے رہی تھی کہ موبائل فون انہیں واپس ملے گا یا نہیں۔ موبائل فون پاس نہ ہونے کی وجہ سے ان کا مسجد میں اذان دینے کا ٹائم ٹیبل اور دیگر معمولات زندگی سب متاثر ہو گئے تھے، اللہ تعالیٰ نے کرم کیا اور ان کا موبائل فون واپس مل گیا

مسجد کے منتظم کے مطابق مبینہ چور نے موبائل فون پر بات چیت کرتے ہوئے معافی مانگی اور کہا کہ جو رقم اس نے آن لائن ایپ سے منتقل کی ہے، وہ رقم بھی واپس کردے گا

چور نے اس کی تصویر میڈیا پر نہ چلانے کی بھی درخواست کی۔ قانونی کارروائی کے لیے پولیس کو پہلے ہی تحریری درخواست جمع کروائی جا چکی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close