بھارت: مکیش امبانی کی کمپنی ریلائنس نے ایک ہزار روپے کا ڈجیٹل فون متعارف کرا دیا!

ویب ڈیسک

بھارت کی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ریلائنس جیو نے ڈجیٹل ادائیگیوں اور اسٹریمنگ جیسی خصوصیات سے مزیّن ایک نیا اور سادہ فون متعارف کروایا ہے، جس کی قیمت صرف نو سو ننانوے بھارتی روپے ہے۔۔ جی ہاں، آپ نے بالکل ٹھیک پڑھا

مینوفیکچررز کو توقع ہے کہ یہ فون انٹرنیٹ خدمات کو ملک میں صارفین کے وسیع تر دائرے تک پھیلانے میں مدد کر سکتا ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ سستا فیچر فون بہت سارے صارفین کے لیے پہلی بارفور جی انٹرنیٹ سروس متعارف کروا کر بھارت میں ’ڈجیٹل تقسیم‘ ختم کرنے میں مدد کر سکتا ہے

تحقیقی کام کرنے والی فرم کاؤنٹرپوائنٹ سے وابستہ صنعتی شعبے کے تجزیہ کار نیل شاہ کہتے ہیں ”ریلائنس جیو ٹو جی فون کے صارفین یا پہلی بار فون استعمال کرنے والوں کے ہاتھ میں فور جی انٹرنیٹ والا فون دے کر ’ڈجیٹل تقسیم‘ کو ختم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے!“

قبل ازیں رواں ہفتے ریلائنس جیو نے ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ اس کے پہلے دس لاکھ ’جیو بھارت فونز‘ کی آزمائش کا مرحلہ اس ہفتے جمعے سے شروع ہوگا

دو انچ ڈسپلے کے ساتھ سستے فور جی فون میں پہلے سے کئی خصوصیات موجود ہیں، جن میں یونائیٹڈ پیمنٹس انٹرفیس (یو پی آئی) سے موبائل فون کے ذریعے ادائیگی کی سہولت شامل ہے

یو پی آئی فوری ڈجیٹل ادائیگیوں کا طریقہ ہے، جو بھارت میں بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔ نیز اس میں جیو کی اپنی آن ڈیمانڈ وڈیو اور میوزک اسٹریمنگ سروسز ’جیو سنیما‘ اور ’جیو ساون‘ تک رسائی دی گئی ہے

نئے فون کی کم قیمت انٹرنیٹ کو ہر ایک کی پہنچ میں بھی لا سکتی ہے

ٹیک پالیسی تجزیہ ویب سائٹ میڈیا نامہ کے بانی اور ڈجیٹل حقوق کے کارکن نکھل پاہوا وضاحت کرتے ہیں ”بھارت میں کم آمدنی والے گھرانوں میں سب لوگ ایک ہی موبائل فون استعمال کرتے ہیں، جس کا مطلب ہے کہ ایک ہی موبائل فون پر انٹرنیٹ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ گھر میں صرف ایک شخص کے موبائل پر انٹرنیٹ سروس ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ موبائل فون مہنگے ہیں اور انٹرنیٹ کی قیمت میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے“

ان کا کہنا تھا ”اس لیے سستے موبائل فون کا مطلب یہ ہے کہ ایسے کم آمدن والے خاندانوں کے لوگ ایک سے زیادہ موبائل فون رکھ سکیں گے“

ریلائنس جیو کے مطابق یہ فون ایک سو تیئیس (123) بھارتی روپے میں ڈیٹا پلان کے ساتھ بھی دستیاب ہوگا، جو 28 دن کے لیے کارآمد ہو گا۔ اس پلان میں 14 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا (0.5 جی بی یا 500 ایم بی یومیہ) کی پیش کش کی جائے گی۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پلان حریف کمپنیوں کے پلان سے تیس فی صد سستا ہے

اس اقدام سے بھارث میں دوسرے نیٹ ورک آپریٹرز جیسے بھارتی ایئرٹیل بھی اپنا نرخ کو کم کرنے پر مجبور ہو سکتے ہیں

امریکہ کی ملٹی نینشل فائنینشل سروسز جے پی مورگن نے منگل کو ایک رپورٹ میں کہا ”بھارتی (ایئرٹیل) نے حال ہی میں تمام شعبوں کے لیے ٹو جی سروس کی قیمت 99 روپے سے بڑھا کر 155 روپے کر دی ہے، جب کہ وی (ووڈا فون آئڈیا) نے صرف ایک ہی حلقے میں ایسا کیا۔ یہ عمل ٹو جی کی قیمتوں میں اضافہ روک سکتا ہے اور جیو کو ٹو جی مارکیٹ میں اپنا حصہ حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔“

جیو کے اعلان کے بعد منگل کو ابتدائی ٹریڈنگ میں بھارتی ایئرٹیل اور وی کے شیئر دو سے تین فی صد تک گر گئے

صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے یہ اقدام انٹرنیٹ کی سہولت سے آراستہ فونز کو بھی عوام کی پہنچ میں لائے گا اور جیسا کہ زیادہ سے زیادہ لوگ انٹرنیٹ کی افادیت کو سمجھتے ہیں، اس طرح فیچر فون استعمال کرنے والے صارفین سمارٹ فونز استعمال کرنا شروع کر سکتے ہیں

ریلائنس جیو کے چیئرمین آکاش امبانی کے مطابق ”بھارت میں اب بھی پچیس کروڑ موبائل فون صارفین ہیں جو ٹو جی دور میں ’پھنسے ہوئے‘ ہیں اور ایسے وقت میں کہ جب دنیا فائیو جی انقلاب کے دھانے پر کھڑی ہے، وہ انٹرنیٹ کی بنیادی خصوصیات کو استعمال کرنے سے قاصر ہیں“

ٹیلی کام تجزیہ کار ترون پاٹھک نے اپنی ٹویٹ میں کہا ”بھارت میں فیچر فون سے سمارٹ فون تک کا سفر کچھ ’اپ گریڈ رکاوٹوں‘ کی وجہ سے سست پڑ گیا ہے۔ ’جیو بھارت‘ کا مقصد اس خلا کو پُر کرنا ہے۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close