ورلڈکپ فائنل میں ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہنے گراؤنڈ میں داخل ہونے والا شخص کون تھا؟

ویب ڈیسک

آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان احمد آباد میں کھیلے جانے والے ورلڈ کپ فائنل کے دوران ایک مداح ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ اور فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے میدان میں داخل ہو گئے

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا یہ فائنل انڈیا کی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں واقع دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم ’نریندر مودی اسٹیڈیم‘ میں کھیلا گیا

انڈین اننگز کے تیرہویں اوور کے دوران فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے یہ مداح اس وقت میدان میں داخل ہوئے، جب انڈین بلے باز وراٹ کوہلی وکٹ پر موجود تھے

اس مداح نے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کی شرٹ پہن رکھی تھی، شرٹ کی عقبی جانب ’فلسطین کو آزادی دو‘ کا نعرہ درج تھا

خبر رساں ادارے اے ایف پی پر جاری تصاویر میں اس مداح کو انڈین بلے باز ویراٹ کوہلی کے ہمراہ وکٹ پر موجود دیکھا جا سکتا ہے

تاہم مداح کے میدان میں داخلے کے کچھ لمحے بعد ہی سکیورٹی اہلکار میدان میں داخل ہوئے اور اس مداح کو میدان سے باہر لے گئے

بعد میں انہیں کرکٹ اسٹیڈیم سے احمد آباد کے چندکھیڑا پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا

انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک وڈیو بھی جاری کی، جس میں اس شخص کو پولیس اسٹیشن میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے

اس موقع پر وہاں موجود صحافیوں نے ان سے سوالات بھی کیے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا ’میرا نام جان ہے اور میرا تعلق آسٹریلیا سے ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا ’میں میدان پر ویراٹ کوہلی سے ملنے گیا تھا اور میں فلسطین کو سپورٹ کرتا ہوں۔‘

ان مناظر کی تصاویر اور وڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے اور صارفین کی جانب سے یہ تصاویر مختلف عنوان اور تبصروں کے ساتھ شیئر کی گئیں

فرید خان نامی صارف نے لکھا ’ورلڈکپ کے احمد آباد میں ہونے والے فائنل کے دوران میدان میں داخل ہونے والا شخص فلسطینی پرچم اور شرٹ جس پر ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ کا پیغام درج ہے، وراٹ کوہلی کو گلے لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

احمد نامی ایک صارف نے لکھا ’کیا بہادر آدمی ہے۔ فلسطینی پرچم کا ماسک پہنے اور شرٹ جس پر لکھا ہے ’فلسطین پر بمباری بند کرو‘ ، ایک لاکھ انڈین شائقین کے سامنے میدان میں اتر آیا۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں۔‘

بہرام حبیب عباسی نامی صارف نے لکھا ’یہ بہادری کی بہترین مثال ہے۔‘

ورلڈکپ 2023 کے فائنل میچ کے دوران اس مداح کی جانب سے فلسطینی پر بمباری بند کرنے کے مطالبے پر انڈین میڈیا میں بھی رپورٹنگ کی جا رہی ہے اور انڈین ذرائع ابلاغ بے بھی اس واقعے کو رپورٹ کیا ہے

اگرچہ یہ شخص میدان میں داخل ہونے کی پاداش میں تھانے جا پہنچے لیکن وہ اپنا پیغام دنیا تک پہنچانے میں کامیاب رہے۔ اس واقعے کی تصاویر اور وڈیوز سامنے آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ’اسٹاپ بمبنگ فلسطین‘ کے الفاظ بھی ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close