غزہ میں مہاجر کیمپ پر اسرائیلی بمباری، متعدد فلسطینی خواتین و بچے شہید

ویب ڈیسک

مقبوضہ بیت القدس: غزہ میں اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہاجر کیمپ پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی خواتین اور بچے شہید ہوگئے

الجزیرہ کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر پیر سے فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور آج چھٹے روز اس نے پناہ گزینوں کے کیمپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں پناہ گزین سات بچوں اور دو خواتین سمیت گیارہ افراد شہید ہو گئے، جبکہ متعدد افراد ملبے تلے بھی دب گئے جن کو نکالنے کے لیے کوششیں جاری ہیں

اب تک ہونے والے حملوں میں شہداء کی تعداد 137 ہوگئی ہے جن میں 36 بچے شامل ہیں۔ 920 فلسطینی زخمی ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک ہے اور شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے

اسرائیلی جارحیت کے باعث غزہ میں گھر اور رہائشی عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور دس ہزار افراد مہاجر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور متعدد ممالک کے سربراہان نے اسرائیل پر حملے بند کرنے کے لیے زور دیا ہے لیکن اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے ان مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل میں امن تک حملے جاری رہیں گے

دوسری جانب فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے حوالے سے بلائے گئے سلامتی کونسل کے اجلاس کو امریکا نے مؤخر کروا دیا، جو اب اتوار کے روز ہوگا

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کا کہنا ہے کہ راکٹ حملوں کے خلاف ہیں یہ سلسلہ رکنا چاہیئے۔ اجلاس کے مؤخر ہونے سے اس اہم مسئلے کے حل کے لیے سفارت کاری کو موقع ملے گا۔ تشدد روکنا چاہتے ہیں

ادہر آزادی اظہار کے نام پر انتہا پسندوں کو مسلمانوں کے جذبات سے کھل کھیلنے کی آزادی دینے والے فرانس نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں پر پابندی عائد کردی ہے اور اس ضمن میں پولیس کو خصوصی احکامات بھی جاری کردیے گئے ہیں، ساتھ ہی فرانسیسی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ یہ بات انہوں ںے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے لیے جاری کردہ بیان میں کہی۔ بیان کے مطابق ایمانوئیل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے حماس کے راکٹ حملوں کی مذمت بھی کی

فرانسیسی میڈیا کے مطابق اس ضمن میں فرانسیسی وزیرِ داخلہ جیرالڈ ڈرمینِن نے جمعرات کو پولیس کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ہفتے اور اتوار کو فلسطین کی حمایت میں کئی جلوس اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی جنہیں ہر صورت روکا جائے

حیرت انگیز طور پر اس فیصلے سے قبل ہی بدھ کو پیرس میں مقبوضہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ ظلم و جبر کے خلاف ایک ریلی پر کریک ڈاؤن کیا گیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close