اسلام آباد : پی ٹی آئی حکومت اپنا تیسرا بجٹ جون 2021ع میں پیش کرنے جا رہی ہے اور بجٹ کے حوالے سے تین سے چار مختلف اقسام کی تجاویز پیش کی جا رہی ہیں، ان تجاویز میں کچھ بہت اہم فیصلے متوقع ہیں جن میں سے ایک سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کے حوالے سے بھی ہے
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں اضافہ نہیں کیا جا سکا، جس کی سب سے بڑی وجہ کرونا وائرس وبا کی ناگہانی آفت بتائی گئی. دوسری جانب مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے سرکاری ملازمین میں شدید غم و غصّہ پایا گیا، اور ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہڑتال اور احتجاجی مظاہرے بھی کیے جس کو دیکھتے ہوئے وفاقی حکومت نے فروری 2021 میں وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد ایڈہاک ریلیف کے طور پر دینے کا اعلان کیا۔
جولائی میں اس عبوری ریلیف کو ملازمین کی بنیادی تنخواہ کا حصہ بنا دیا جائے گا اور اس کے علاوہ باقی تمام ملازمین کو بھی اس بجٹ میں ریلیف دینے کے لیے مختلف سفارشات پیش کی جا رہی ہیں. ان سفارشات میں پے سکیل کو ریوائز کرنا اور 15 فیصد تک اضافہ کرنے کی سفارش ہے اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں خاطرخواہ اضافہ کیا جائے گا
اس کے علاوہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے بھی اقدامات کرے گی تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جائے شرح سود کو برقرار رکھنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا بھی ترجیحات میں شامل ہوں گے
اس حوالے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ترقیاتی پروگرام کے لئے مختص آٹھ سو ارب روپے میں ایک سو ارب روپے اضافے کے فیصلے کو سامنے رکھ کر حکومت نے بجٹ اسٹریٹجی پیپر (بی ایس پی) پر نظر ثانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کورونا وائرس سےنمٹنے کے لئے زیادہ وسائل بروئے کار لائے جا سکیں
وفاقی حکومت نے جاری اخراجات کو منجمد کرکے آئندہ بجٹ میں صرف تنخواہوں کی مد میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے
تاہم اس بات کا حتمی فیصلہ آئی ایم ایف کے جواب کے بعد ہی ہوگا، جس کے لئے بات چیت آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے آئندہ دو مالی سال کے لئے وسط مدتی بی ایس پی کی منظوری دے دی ہے. نظر ثانی شدہ بی ایس پی کے تحت حکومت بجٹ خسارے کا ہدف شرح نمو کے 6 فیصد سے بڑھا کر 6.5 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے
وزارت خزانہ نے باقاعدہ وزارت منصوبہ بندی کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ایک سو ارب روپے کے اضافے سے آگاہ کر دیا ہے جسے بڑھا کر نو سو ارب روپے کردیا گیا ہے
آئندہ بجٹ کا اعلان متوقع طور پر 11 یا 12 جون کو کیا جائے گا.