شاہد خاقان کی پی پی پی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر استعفے کی دھمکی

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: کثیرالجمائتی حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جنرل سیکرٹری و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے پر مستعفی ہونے کی دھمکی دی ہے

پی ڈی ایم میں پیپلز پارٹی کی شمولیت کو لے کر نیا پنڈورا باکس کھلنے کا امکان ہے۔ پیپلز پارٹی کو دوبارہ پی ڈی ایم میں شمولیت کی دعوت دینے کے معاملے پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے تحفظات برقرار ہیں

شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی دوبارہ اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنی تو پی ڈی ایم نیا سیکرٹری جنرل ڈھونڈ لے، اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا، سینیٹ الیکشن کے معاملے پر تحفظات برقرار ہیں

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نون کے سربراہ ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مل کر حکومت مخالف تحریک چلانے کی پیشکش کی ہے اور پیپلز پارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کی باضابطہ دعوت بھی دے دی ہے

جب کہ دونوں جماعتوں نے حتمی جواب کے لئے شہباز شریف سے وقت مانگ لیا ہے تاہم اپوزیشن کا اتحاد برقرار رکھنے کے لئے کوئی خاص پیشرفت تاحال نہیں ہو سکی

شہباز شریف کے عشائیے میں آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، مریم نواز، اسفندر یار ولی شریک نہیں ہوئے تاہم پیپلز پارٹی کی نمائندگی یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان نے کی جبکہ اے این پی سے امیر حیدر ہوتی شریک ہوئے

اس کے علاوہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پارٹی، نون لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال، سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب اور سینٹ میں نون لیگ کے پارلیمانی لیڈر بھی موجود تھے

عشائیے میں پی ڈی ایم سے ناراض پیپلزپارٹی کے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے علاؤہ سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان، سابق وزیراعلی کے پی کے امیرحیدر ہوتی، جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر مولانا اسعد محمود، سینیٹر علامہ ساجد میر، اور پی ڈی ایم کے محسن داوڑ، اے این پی کے میاں افتخار حسین اور دیگر رہنما بھی شریک ہوئے

بتایا جا تا ہے کہ عشائیے میں  میاں شہباز شریف نے پیپلزپارٹی اور اے این پی کو پی ڈی ایم میں واپس آنے کی دعوت دی ۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ پارٹی کے قائد بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری سے مشورے کے بعد پی ڈی ایم میں واپسی کا فیصلہ کیا جائے گا ۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم میں واپسی کے لئے پیپلزپارٹی کی طرف سے سینٹ میں اپوزیشن لیڈر سید یوسف رضا گیلانی کو اپوزیشن لیڈر تسلیم کرنے کی شرط رکھے گی، اگر مسلم لیگ ن والوں نے یہ شرط منظور کر لی تو پیپلزپارٹی پی ڈی ایم میں واپس آسکتی ہے

ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی شرط بھی تسلیم نہیں کرے گی۔ ان شرائط پر پی ڈی ایم میں واپسی پیپلز پارٹی کی جیت ہو گی اور مسلم لیگ کے پیپلزپارٹی کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے والے قائدین کو خفت کا سامنا کرنا پڑے گا، یہی وجہ ہے شاہد خاقان عباسی نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت پر استعفے کی دھمکی دے دی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close