شکارپور : سندھ کے شہر شکار پور میں کچے کے علاقے گڑھی تیغو میں ڈاکوؤں کے خلاف جاری آپریشن چوتھے روز میں داخل ہو چکا ہے، وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آپریشن کا جائزہ لینے شکار پور پہنچے. دوسری جانب وفاق نے بھی سندھ میں بڑھتی بدامنی کا نوٹس لیے لیا ہے
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایس ایس پی آفس میں امن و امان کی صورتِ حال پر مشاورت کی. انہوں نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ایس ایس پی آفس شکار پور پہنچے، جہاں ان کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی سندھ مشتاق مہر، آر پی او سکھر ڈاکٹر کامران فضل اور ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب شریک ہوئے
انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو انجام تک پہنچائیں گے، کچے کے تمام علاقوں کو خالی کرایا جائے گا
مراد علی شاہ نے کہا کہ ایک لاکھ 50 ہزار ایکڑ اراضی خالی کرائیں گے، سندھ حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے ورثاء کے ساتھ ہے، حکومت شہداء کے بچوں کے تمام تعلیمی اخراجات برداشت کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسائل ہیں لیکن 2008ء سے پہلے سے حالات اچھے ہیں، پولیس کے جوانوں کی شہادتوں کی وجہ سے امن و امان قائم ہوا ہے، پولیس کی مدد سے علاقے میں پہلے بھی امن قائم کیا تھا، اب بھی کریں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یہ بھی کہا کہ مجھے اطلاع نہیں کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید سندھ آ رہے ہیں، شیخ رشید سندھ آئیں یا شکار پور، وہ وفاقی وزیرِداخلہ ہیں، آ سکتے ہیں
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزیرداخلہ شیخ رشیدکو سندھ کا دورہ کرنےکی ہدایت کرتے ہوئے امن و امان سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے
اس حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں بدانتظامی بالخصوص امن و امان اور بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش سے آگاہ کیا ہے، وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو سندھ کا دورہ کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر حکمت عملی طے کرنے کی ہدایت کی ہے
جس کے بعد وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سندھ کا دورہ کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس صورتحال پر حکمت عملی طے کریں۔ وزیر داخلہ اس دورے کے بعد اپنی رپورٹ وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ مجھے وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آپ سندھ جائیں اور فوری رپورٹ کریں، میں کسی بھی لمحے سندھ جاسکتا ہوں۔