حالیہ بارشوں میں سب سے زیادہ جانی نقصان بلوچستان کے ضلع شیرانی میں ہوا ہے جہاں ندی نالوں میں آنے والی طغیانی کے باعث درجنوں مکانات منہدم ہو گئے جس کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ ہلاک ہونے والوں میں زیارت سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں.
خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے منگل کی صبح ایک بیان میں بتایا کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہوئے ہیں.
بیان کے مطابق پشاور، اپر دیر، کرک اور شانگلہ میں چند مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے.
‘پی ڈی ایم اے’ کے حکام نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں کی ہدایت کی ہے.
بیان کے مطابق ‘پی ڈی ایم اے’ نے 15 جولائی کو تمام اضلاع کو مراسلہ جاری کیا تھا جس میں بارشوں کی پیش گوئی اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئی تھیں.