پاک-بھارت سرحد کی لمبائی کا سوال، طالب علم نے سیما حیدر کا قد بتا دیا

ویب ڈیسک

انڈین شہری سچن کے ساتھ رہنے کے لیے غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہونے والی پاکستانی شہری سیما حیدر نے ایک بار پھر توجہ حاصل کر لی ہے۔ تاہم، اس بار، ایسا ان کی طرف سے رقص کرنے، جھاڑو لگانے یا انڈین پرچم لہرانے کی وجہ سے نہیں ہوا۔ بلکہ، یہ ایک طالب علم کی جانب سے بارہویں جماعت کے امتحانی پرچے کے ایک سوال پر دیے گئے جواب کی وجہ سے ہے

راجستھان کے دھول پور کے ایک اسکول سے نکلنے والی جوابی شیٹ کی ایک تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کر رہی ہے۔ انڈیا میں امتحانی پرچے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد کی لمبائی کا سوال پوچھا گیا تھا، لیکن طالب علم نے اس کا جو جواب دیا ہے، وہ نہ صرف ہنسنے بلکہ بہت کچھ سوچنے پر بھی مجبور کرتا ہے

ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق ریاست راجستھان کے ضلع ڈھولپور کے سیاسیات کے طالب علم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان موجود سرحد کی لمبائی کے سوال پر سیما حیدر کا قد لکھ دیا

ہندی زبان میں پوچھے گئے سوال اور اس کے ہندی میں ہی دیے گئے جواب کی تصویر ٹوئٹر سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر وائرل ہو گئی، جس پر لوگ معنی خیز اور مزاحیہ تبصرے کر رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق ایسا بگتھر گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول میں ہوا

دراصل طالب علم کو یہ غلطی لفظ ’سیما‘ سے لگی، ہندی میں ’سیما‘ کا مطلب ’سرحد‘ ہوتا ہے، لیکن طالبِ علم اسے سیما حیدر سمجھ بیٹھا

رپورٹ کے مطابق سیاسیات کے پرچے میں سوال کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کون سی سیما (سرحد) ہے اور اس کی لمبائی کتنی ہے؟

سوال کے جواب میں طالب علم نے سرحد کی لمبائی لکھنے کے بجائے محبت کی خاطر پاکستان سے بھارت جانے والی خاتون سیما حیدر نا نام اور اس کا قد لکھ دیا

طالبِ علم نے اپنے جواب میں لکھا ”پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک ہی سیما حیدر ہے، جس کا قد 5 فٹ 6 انچ ہے اور سیما حیدر کو لے کر دونوں ملکوں میں لڑائی اور جھگڑا جاری ہے“

سیاست کے طالبِ علم کی جانب سے سیما (سرحد) کی لمبائی اور نام لکھنے کے بجائے سیما حیدر کا قد لکھنے کے پیپر کی تصویر وائرل ہوگئی

یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس جواب نے انٹرنیٹ پر کیا طوفان برپا کر دیا ہے اور مضحکہ خیز ردعمل کے ایک سلسلے کو جنم دیا ہے

ایک صارف نے لکھا، ”واٹس ایپ یونیورسٹی کا طالب علم۔“ دوسرے نے تبصرہ کیا، ”اسے ایسے تخلیقی اور اختراعی جواب کے لیے ایک اضافی نمبر دینا چاہیے تھا۔“ تیسرے نے کہا، ”طالب علم نے خلا کو پر کرنے کی کوشش کی۔ مجھے امید ہے کہ اسے معطل نہیں کیا گیا ہوگا“ ایک اکاؤنٹ نے تبصرہ کیا، ”وہ پوری سیاسیات میں ماسٹر ہوگا۔“

خیال رہے کہ سیما حیدر جولائی میں نیپال کے راستے بھارت پہنچی تھیں، جہاں انہوں نے اترپردیش کے نوجوان سچن کے ساتھ رہائش اختیار کی تھی اور بعد ازاں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے نوجوان سے شادی بھی کر لی تھی

گریٹر نوئیڈا کے سچن مینا کے ساتھ اس کے تعلقات نے خاصی توجہ مبذول کروائی، جس کی وجہ سے مئی اور جون کے دوران انٹرنیٹ پر بے شمار سرخیاں اور بڑے پیمانے پر تجسس پیدا ہوا

سیما غلام حیدر صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی رہائشی ہیں اور وہ بچوں سمیت وہاں جا پہنچی تھیں، ان کے شوہر غلام حیدر جکھرانی سعودی عرب میں کام کرتے ہیں

تاحال سیما حیدر کے بھارت میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے پر ان کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور وہاں کی حکومت کو ان کے پاکستانی جاسوس ہونے کا بھی شبہ ہے اور انہوں نے وہاں کے صدر کو شہریت دینے کی اپیل بھی دائر کر رکھی ہے

سیما حیدر کے بھارت پہنچنے اور خود سے کم عمر اور سانولی رنگت کے لڑکے سے محبت پر کرنے پر جہاں پاکستانی عوام حیران رہ گئے تھے، وہیں بھارتی خواتین نے بھی حیرانگی کا اظہار کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close