قہر کی گرمی میں لوڈشیڈنگ کا عذاب.. کیا ’یکم مئی‘ سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو سکے گی؟

ویب ڈیسک

کیا آپ کی طرف لائٹ ہے، دن میں کتنی بار لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو آج کل شاید ہر دوسرا شخص گفتگو کے دوران پوچھ رہا ہے کیونکہ گذشتہ چند روز سے پاکستان بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے

بڑے چھوٹے شہروں میں تقریباً ہر دو گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لیے بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔ ملک کے دیہی علاقوں میں 24 گھنٹوں میں کل کتنی دیر بتی اور پنکھا چل رہا ہو گا اس کا اندازہ آپ خود لگا سکتے ہیں۔

پاکستان کے بیشتر علاقے اس برس شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، گرمی کی اس شدت میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اچانک اضافے نے انھیں مزید پریشان کر رکھا ہے

اسلام آباد کے مکین محمود نے حالیہ دنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث اپنی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘سحری سے پہلےاور بعد، افطار سے قبل اور بعد بجلی مسلسل جاتی ہے۔ نہ نیند پوری ہوتی ہے اور نہ ہی دفتر کا کام ٹھیک سے ہو پاتا ہے۔’

ماہ رمضان کے آخری عشرے میں عوام عید کی تیاری کے سلسلے میں بازاروں اور مارکیٹوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ایسے میں کاروباری افراد کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بار بندش سے انھیں گاہکوں کی کمی اور نقصان کا سامنا ہے

یہ حالات کی کوئی اچھی منظر کشی نہیں لیکن حال ہی میں حکومت سنبھالنے والے وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ یکم مئی سے ملک میں لوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا

اس اعلان کے مطابق تو اس بحران کے خاتمے میں چند ہی دن رہ گئے ہیں لیکن کیا حکومت عملی طور پر بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کر پائی گی؟

یاد رہے کے گزشتہ بار بھی حکومت میں آنے سے قبل انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر 6 مہینوں میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام بدل دینا. اور پھر 2013 میں وہ اور ان کی جماعت مرکز اور پنجاب میں حکومت میں تو آئے لیکن لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی

وزیراعظم کے دعوے کے برعکس وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث 5 ہزار 739 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی،2156میگا واٹ تکنیکی مسائل کی وجہ سے پیدا نہیں ہو رہی، اگلے 10 دن تک لوڈشیڈنگ میں 50 فیصد کمی آجائے گی

انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت کے باعث دو سے تین ہزار میگاواٹ اضافی طلب پیدا ہوئی ہے، لوڈشیڈنگ کی دو وجوہات ہیں، ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث 5739 میگاواٹ کی صلاحیت بند پڑی ہے، اگر فوری ایندھن دستیاب ہو تو 5739 میگاواٹ بجلی پیدا ہوسکتی ہے جب کہ 2156 میگاواٹ بجلی کی کمی فنی خرابی کے باعث ہے، کوشش ہے کہ عید کے دنوں میں مزید حالات خراب نہ ہوں

نئی حکومت نے اس حوالے سے ابھی تک کوئی ٹھوس اور نتیجہ خیز قدامات نہیں اٹھائے، بلکہ روایت کے مطابق نئی حکومت بھی حالیہ لوڈشیڈنگ کی تمام تر ذمہ داری گزشتہ حکومت پر ڈال کر بری الذمہ ہونے کی کوشش کر رہی ہے

جبکہ دوسری جانب ملک میں جاری لوڈشیڈنگ اور موجودہ حکومت کی جانب سے اس صورتحال کا ذمہ دار سابق حکومت کو قرار دینے پر پی ٹی آئی کے سابق وزیر توانائی حماد اظہر کہتے ہیں کہ ‘میں نے اس حکومتی دعوے کو چیلنج کیا ہے۔’

ان کا کہنا ہے کہ ’حکومت کے پاس اتنے پاور پلانٹس ہیں ہی نہیں تو پھر وہ کیسے کہہ سکتے ہیں کہ 27 میں سے 21 پلانٹس بند ہیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ جب وہ حکومت چھوڑ کر گئے تو اس وقت ‘مجموعی طور پر پانچ پلانٹس تکنیکی بنیادوں پر بند تھے ان میں سے تین پرائیویٹ سیکٹر میں ہیں اور جہاں پاور پلانٹس کے بند ہونے کی بات ہے تو دیکھ بھال اور مرمت کے لیے پلانٹس کو بند کرنا عام بات ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’جب ہم حکومت چھوڑ کر گئے تھے تب تو بجلی کی طلب و رسد میں کوئی فرق نہیں تھا، ہمارے پاس فرنس آئل کے بھی دو لاکھ ٹن کا ذخیرہ موجود تھا۔ ہمارا قدرتی گیس کا جو پیک پریشر ہے وہ بھی مطلوبہ سے زیادہ تھا اور مکمل طور پر مستحکم تھا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’سرکلر ڈیبٹ یعنی گردشی قرضے بھی ساڑھے چار سو ارب سے سو ارب تک نیچے آ چکا تھا۔‘ وہ کہتے ہیں کہ ’رواں برس پی ٹی آئی حکومت نے تین سو ارب کی پروجیکشن کی تھی کہ 300 بلین سے چار سو بلین تک سرکلر ڈیبٹ کے اسٹاک میں کمی کی جائے گی۔‘

کیا موجودہ حکومت کی جانب سے ہفتے کی چھٹی ختم کرنے کے فیصلے نے بھی پاور سیکٹر پر دباؤ بڑھایا ہے کے سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ہفتے کی چھٹی کوئی معنی نہیں رکھتی اس سال اس حکومت کے پاس اضافی بجلی ہے کیونکہ رواں برس دو نیوکلئیر پاور پلانٹس بھی فعال ہیں، جن کی پیداواری صلاحیت زیادہ ہے

انہوں نے کہا ‘اس سال 2400 میگا واٹ کے دو نیوکلئیر پلانٹ بھی ہیں جو پہلے نہیں تھے 1200 میگا واٹ کا ایک پاور پلانٹ تو پچھلے مہینے سسٹم میں آیا ہے اور پانچ سو میگا واٹ بجلی دے رہا ہے۔ موجودہ حکومت کے پاس دو سے تین ہزار میگا واٹ اضافی بجلی ہے۔’

تو غلطی کہاں ہوئی جو لوڈشیڈنگ اتنی بڑھ گئی ہے؟

سابق وزیر توانائی حماد اظہر موجودہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘نئی حکومت بروقت فیصلے نہیں کر سکی۔ جب حکومت بدلی تو ہفتہ دس دن تک تو معاملہ ٹھیک رہا لیکن نئی حکومت سے غلطیاں ہوئی اور بد انتظامی ہوئی ہے، بروقت گیس اور فیول کی ڈائیورژن نہیں ہو سکی۔انھوں نے غلط فیصلہ کیا اور اسے کور کرنے کے لیے مزید غلط فیصلے کیے۔‘

حماد اظہر کا کہنا ہے کہ ’نئی حکومت نے عجلت میں گیس سے پلگ کرنے کے بجائے فرنس آئل کے ساتھ پلگ کرنے کی کوشش کی جس سے فرنس آئل کی کمی ہو گئی۔‘

وہ موجودہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ‘حکومت نے دوسری غلطی بین الاقوامی منڈی میں ایل ین جی کے چار سودے کر کے کی جبکہ ایک ہی کرنا چاہیے تھا جو کہ کافی ہوتا۔ اور یہ مہنگے ترین سودے تھے۔’

پی ٹی آئی دور حکومت میں تیل کی خریداری میں تاخیر یا پاور پلانٹس کو ادائیگیاں روکے جانے کی تردید کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ ‘ایسا کبھی نہیں ہوا۔’ ان کا کہنا تھا کہ ‘ہاں کوئلے کی قیمت بڑھ رہی ہے اس پر حکومت کو خبردار کیا گیا۔‘

انھوں نے دعویٰ کیا کہ جب ان کی حکومت گئی تھی اس وقت ملک میں ڈیزل کا ایک ماہ کا ذخیرہ موجود تھا۔ حماد اظہر نے موجودہ حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’انھوں نے تیل کی قیمتوں پر اتنی کنفیوژن پھیلائی کہ لوگوں نے اس کو ذخیرہ کیا اور اب گندم کی کٹائی کے سیزن میں کسان کے پاس ڈیزل نہیں پہنچ پا رہا۔ کچھ پتہ نہیں آگے کیا کرے گی یہ حکومت۔‘

ماہرین کیا کہتے ہیں؟

بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر توانائی کے شعبے کے ماہرین کی رائے موجودہ و سابقہ حکومت کے دعوؤں اور الزامات سے کچھ مختلف ہے

نیپرا کے سابق افسر فضل اللہ قریشی کہتے ہیں کہ ’اصل مسئلہ مینیجمنٹ کا ہے جس کو بہتری کی ضرورت ہے۔ ملک میں چند پاور پلانٹس مہنگے لگے ہیں اور کورونا وبا کے بعد تیل کی بڑھتی قیمت اور تیل کی سپلائی متاثر ہونے سے کچھ پاور پلانٹس بند ہو گئے۔ نیپرا ان پاور پلانٹس کا آڈٹ ٹھیک سے نہیں کرتی سابقہ دور حکومت میں ایک آڈٹ رپورٹ تیار کی گئی لیکن اس کو سامنے کبھی نہیں لایا گیا نہ کبھی اس پر عمل کیا گیا۔‘

فضل اللہ قریشی کہتے ہیں کہ ’ملک میں ہائیڈل نظام کمزور ہو رہا ہے اور ہم اسے ہینڈل نہیں کر پا رہے۔ یہ سستی بجلی پیدا کرنے کا نظام ہے لیکن فلوز کی وجہ سے یہ متاثر ہوا ہے پھر واپڈا اور ارسا کی جانب سے ڈیموں کے حوالے سے بد انتظامی کی وجہ سے حالات اچھے نہیں ہے۔’

کیا واقعی یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی؟

وزیر اعظم شہباز شریف نے تو یکم مئی سے لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن پاور ڈویژن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ‘گذشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس اپریل کے ماہ میں بجلی کی طلب زیادہ رہی اور اس وقت کوشش کی جا رہی ہے کہ لوڈشیڈنگ کے بحران پر قابو پا لیا جائے اور ایندھن کی دستیابی کے لیے بھی کام ہو رہا ہے لیکن اس میں وقت لگے گا۔‘

سابق وزیر حماد اظہر کہتے ہیں کہ ‘مجھے نہیں پتہ کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے حکومتی حکمت عملی کیا ہے البتہ کل سے عید کے باعث انڈسٹریز بند ہو جائیں گی، ہو سکتا ہے کہ یہ اس کی بنیاد پر کہہ رہے ہیں کہ لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر موجودہ حکومت درست حکمت عملی اپنائے اور انتظامی معاملات کو ٹھیک کر لے تو یہ لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پا سکتے ہیں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close