پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں تین شہریوں کے حراستی قتل پر اظہار مذمت

ویب ڈیسک

پاکستان کے دفتر خارجہ نے انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں تین کشمیریوں کے وحشیانہ قتل کا ذمہ دار انڈین فوج کو ٹھہراتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے

اتوار کو پاکستانی دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ”پاکستان انڈیا کے زیرانتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے علاقے بفلیاز میں تین کشمیری شہریوں کے زیرحراست بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتا ہے“

بیان میں کہا گیا ہے ’انڈین فوج کے کیمپ میں کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر جان سے مارا گیا“

مزید کہا گیا ہے ”ایک مبینہ ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں تینوں فوجیوں کو ان لوگوں کے لباس اتارتے اور ان پر مرچوں کا پاؤڈر چھڑکتے ہوئے دکھایا گیا تھا“

وزارت خارجہ نے کہا ”یہ واقعہ ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر میں انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کرتا ہے۔ حراست میں ان اموات کے ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے“

مقبوضہ کشمیر کے دور دراز علاقوں میں ہفتے اور اتوار کو اس وقت غم و غصہ پھیل گیا جب مقامی لوگوں نے انڈین فوج پر تین کشمیریوں کے قتل کا الزام عائد کیا، جنہیں انہوں نے جمعے کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تھا

مقامی لوگوں کے بقول انڈین فوج نے جمعہ کو کم از کم آٹھ شہریوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل جنوبی ضلع پونچھ میں عسکریت پسندوں نے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا، جس میں چار انڈین فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

عرب نیوز کے مطابق مقامی لوگوں نے انڈین فوج پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے تینوں افراد کو قریبی فوجی کیمپ میں تشدد کر کے جان سے مار دیا، جن کی لاشیں بعد میں مقامی پولیس کے حوالے کر دی گئیں۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ لاشوں پر شدید تشدد کے نشانات تھے۔

مقبوضہ کشمیر 1947 میں برطانوی نوآبادیاتی حکمرانی کے خاتمے کے بعد سے ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ 75 سال سے زیادہ کی کشیدگی کا محور ہے۔

دونوں ممالک کشمیر کے کچھ حصوں پر حکمرانی کرتے ہیں لیکن دونوں ممالک کی جانب سے پورے خطے پر حق ملکیت کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 1948 اور 1950 کی دہائی میں اس تنازع پر متعدد قراردادیں منظور کیں، جن میں سے ایک میں کہا گیا تھا کہ خطے کے مستقبل کا تعین کرنے کے لیے رائے شماری کرائی جانی چاہیے۔

1947 میں آزادی کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان تین میں سے پہلی دو جنگیں کشمیر کے تنازع پر ہوئیں۔

اس ماہ کے اوائل میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اس وقت بڑھ گئی تھی جب انڈیا کی سپریم کورٹ نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close