ایک جانب جہاں آئی فونز پر ٹیکس لگائے جانے کے بعد پاکستان میں نان پی ٹی اے آئی فونز کے استعمال میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وہیں ہوشربا قیمتوں کی وجہ سے پن پیک موبائل فون خریدنے کے بجائے استعمال شدہ فونز خریدنے کا رحجان بھی بڑھا ہے
ہمیشہ کی طرح اس رجحان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جعل ساز لوگوں کو جعلی آئی فون بیچ کر لوٹنے کے لیے مارکیٹ کے میدان میں موجود ہیں
آئی فون کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور قیمتوں کے باعث مارکیٹ میں جعلی آئی فونز کی بھرمار ہو گئی ہے، جبکہ ایسے لوگ جنہیں اصلی اور نقلی آئی فون کی پہچان نہیں، ڈھیر سارے پیسے دے کر بھی نقلی آئی فون کے مالک بن جاتے ہیں
ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی جدت کے باعث ہو بہو نقلی آئی فون بنانا انتہائی آسان ہو گیا ہے۔ یہ نقول اتنی پرفیکٹ ہوتی ہیں کہ آپ انہیں پہچان نہیں پائیں گے۔ اس سے بچنے کے لئے باضابطہ طور پر کوئی قانونی عمل اپنایا نہیں گیا ہے
یہی وجہ ہے کہ فراڈ اور جعلی آئی فون کی خریداری سے بچنے کے لیے اصلی اور نقلی آئی فون میں فرق جاننا لازمی ہے
آئیے جانتے ہیں کہ اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کیسے کی جا سکتی ہے۔
★ سیریل نمبر:
اصلی اور نقلی آئی فون میں پہچان کے لیے اُس کے سیریل نمبر کو دیکھنا چاہیے۔ اس کے لیے آپ کو آئی فون کی سیٹنگ میں جانا ہوگا، جس کے بعد آپ نے جنرل کے آپشن پر کلک کرنا ہے۔ اس آپشن پر جانے کے بعد آپ نے ’اباؤٹ‘ پر کلک کرنا ہے اور وہاں پر موجود سیریل نمبر کو کاپی کر لینا ہے۔
اس سیریل نمبر کو کاپی کرنے کے بعد آپ نے گوگل پر چیک کوریج ڈاٹ ایپل ڈاٹ کام ویب سائٹ میں جا کر سیریل نمبر کو پیسٹ کر دینا ہے۔ اس طرح آپ جان سکیں گے کہ آپ کا فون اصلی ہے اور آپ کو فون فروخت کرنے والا دکان دار سچ بول رہا ہے۔
★ماڈل نمبر:
نقلی آئی فون کو خریدنے سے بچنے کے لیے آپ اس کا ماڈل نمبر بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے لیے بھی آپ کو اپنے آئی فون کی سیٹنگ میں جا کر جنرل کے آپشن میں جانا ہوگا۔ اس کے بعد آپ نے ’اباؤٹ‘ کے آپشن کو کلک کرنا ہے اور وہاں پر موجود ماڈل نمبر کو دیکھنا ہے۔ اگر وہاں ماڈل نمبر ’ایم‘ سے شروع ہو رہا ہے تو یہ فون اصلی ہے، جبکہ اگر وہاں آئی فون کا ماڈل نمبر ’ایف‘ سے شروع ہو رہا ہے تو یہ فون خراب ہو کر ٹھیک ہوا ہے، یعنی آسان الفاظ میں اسے ’کھلا ہوا‘ فون کہہ سکتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ کے آئی فون کا ماڈل نمبر ’این‘ سے شروع ہوتا ہے تو اِس کا مطلب ہے کہ یہ فون ایپل کی جانب سے کسی وجہ سے تبدیل کیا گیا ہے۔
★ آئی کیئر فون:
نقلی اور اصلی آئی فون میں پہچان کا ایک اور طریقہ سوفٹ ویئر ’آئی کیئر فون‘ کا استعمال ہے۔ اگر آپ کے پاس میک بُک نہیں ہے تو ونڈو لیپ ٹاپ میں بھی یہ سوفٹ ویئر انسٹال کیا جا سکتا ہے
انسٹال کرنے کے بعد اس سوفٹ ویئر کو اوپن کریں اور ڈیٹا کیبل کے ساتھ اپنا آئی فون اِس کے ساتھ کنیکٹ کر دیں۔ یہ سوفٹ ویئر آپ کے آئی فون کی تمام تفصیلات آپ کے سامنے رکھ دے گا اور اگر کوئی بھی چیز جعلی، خراب یا مرمت شدہ ہوگی تو آئی فون کیئر آپ کو بتا دے گا۔
علاوہ ازیں اصلی اور نقلی آئی فون کی پہچان تین طریقوں پر مشتمل ہے۔ جسامت، پرفارمینس اور انٹرنل سسٹم۔
٭ جسامت اور بناوٹ:
اصلی آئی فون میں پانچ کھانچوں والا اسکرو استعمال کیاجاتا ہے جسے ‘پینٹالوب سیکیورٹی اسکرو’ کہتے ہیں۔ جبکہ نقلی آئی فون میں عام چار کھانچوں والے اسکرو استعمال کئے جاتے ہیں۔
نقلی آئی فون کے بٹن کی کوالٹی خراب ہوتی ہے۔ اپنے آئی فون میں موجود سائیڈ اور اوپری بٹن کو لگاتار دبائیں۔ اگر وہ بٹن ڈھیلے ہیں تو اس کا مطلب آپ کا آئی فون نقلی ہے۔
اصلی آئی فون کی اسکرین صاف ہوتی ہے اور پکسلیٹ نہیں ہوتی۔ اس کے کلرز اچھے اور شارپ ہوتے ہیں۔ جبکہ نقلی فون میں ڈل اور گھٹیا کوالٹی کی اسکرین کا استعمال کیاجاتا ہے۔
اپنے آئی فون کے پیچھے ایپل کو لوگو دیکھیں، اگر لوگو نہیں ہے تو آئی فون نقلی ہے۔ لیکن کچھ نقلی آئی فونز میں لوگو بھی موجود ہوتا ہے۔ اس لئے اس پر انگلی پھیر کر دیکھیں۔ نقلی لوگو آپ کو کور سے الگ محسوس ہوگا۔
آئی فون کبھی بھی ڈوئل سم نہیں دیتا جبکہ نقلی فون میں چائنیز فونٹ ہوتا ہے۔ فون کو اسٹارٹ کرتے وقت اگر ایپل کے لوگو کی جگی ویلکم لکھا ہوا آئے تو اس کا مطلب آئی فون نقلی ہے۔
٭ پرفارمنس:
نقلی اور اصلی آئی فون کی کارکردگی میں بڑا فرق ہوتا ہے۔ نقلی آئی فون کی کیمرا کولٹی انتہائی خراب ہوتی ہے۔ جبکہ اصلی آئی فون ایک سے زیادہ ایپلیکیشنز کو آسانی سے چلا سکتا ہے، لیکن نقلی فون زیادہ ایپلیکیشنز ایک ساتھ کھولنے پر سست یا ہینگ ہو جائے گا۔
ہوم اسکرین اور ایپلیکیشن اسکرین کے درمیان جلدی جلدی اسکرول کریں۔ نقلی آئی فون ایسا کرت وقت پھنسنا شروع ہو جائے گا۔
٭ سسٹم اور سافٹ وئیر:
ہر آئی فون کا اپنا ایک الگ کوڈ ہوتا ہے، جسے آپ *#06# ڈائل کر کے دیکھ سکتے ہیں۔ اس کوڈ کو ایپل کی ویب سائٹ پر انٹر کریں۔ اگر کوڈ ان ویلڈ شو کرے تو آپ کا آئی فون نقلی ہے۔
اصلی آئی فون میں ایکسٹرنل میموری اٹیچمنٹ یعنی عام لفظوں میں میموری کارڈ کے لئے جگہ نہیں ہوتی۔ اس کی اپنی میموری ہوتی ہے۔
سیری آئی فون کی ایپلیکیشن ہے۔ یہ نقلی آئی فون میں کام نہیں کرتی اس لئے اسے ضرور چیک کریں۔
آئی فون صرف آئی او ایس پر کام کرتا ہے۔ کسی اور آپریٹنگ سسٹم والا آئی فون یقیناً نقلی ہے۔
کمپیوٹر سے اپنے آئی فون کو کنیکٹ کریں اور آئی ٹیون چلائیں۔ نقلی آئی فون آئی ٹیون سے کنیکٹ نہیں ہوگا۔
اگر ان سب کے باوجود آپ کو شک ہو تو اپنے قریبی آئی فون ریٹیل سینٹر جائیں۔ وہاں موجود ٹیکنیشئین فون کا مکمل ڈائیگونسٹک چیک اپ کر کے آپ کو بتا دے گا کہ آپ کا آئی فون نقلی ہے یا اصلی۔