اب زمین والے ’مریخ کے ٹماٹروں‘ سے بنایا گیا کیچپ کھائیں گے

ویب ڈیسک

فلوریڈا : کیچپ بنانے والی مشہور کمپنی ہائینز نے ’مارز‘ کے نام سے ایک کیچپ تیار کیا ہے، جس کی آزمائشی فروخت شروع ہوچکی ہے

اس کیچپ کے بارے میں کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ سرخ ٹماٹروں کو عین سرخ سیارے جیسے ماحول میں کاشت کر کے  تیار کیا گیا ہے

کمپنی کے مطابق اس ضمن میں فلوریڈا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں واقع آلڈرن اسپیس انسٹیٹیوٹ کے فلکی ماہرینِ حیاتیات نے دوسال تک تحقیق کی ہے۔ سائنسدانوں نے ہائینز کمپنی کی رہنمائی کی کہ مریخ کی مٹی کیسی ہوتی ہے؟ اس کے بعد وہاں ٹماٹر کی کاشت کی گئی اور پھر ان سے یہ کیچپ بنایا گیا

ہائینز کمپنی نے اس کا نام ’مارز ایڈیشن‘ رکھا ہے۔ اگرچہ اس کی فروخت ابھی شروع نہیں کی گئی،  لیکن چند اولین بوتلیں کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں پیش کی گئی ہیں جو پٹس برگ میں واقع ہے

ہائینز کے بقول یہ دنیا کی پہلی خوردنی شے ہے، جسے دوسرے سیارے کے حالات میں زمین کے لوگوں کے لیے تیار کیا گیا ہے

اس طرح جس زمین کے باسیوں کی ایک بہت بڑی تعداد آج بھی بھوک کی زندگی گزار رہی ہے اور جو دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے، اس زمین پر بسنے والے چند لوگ اب ”مریخی ٹماٹروں“ کا کیچپ کھائیں گے

مزید تفصیلات کے مطابق ماہرین کی 14 رکنی ٹیم نے ڈاکٹر اینڈریو پامر کی نگرانی میں کام کیا ہے اور اس پر تین تحقیقی مقالے بھی لکھے گئے ہیں۔ تمام ماہرین آلڈرِن انسٹیٹیوٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور اس ادارے کو 2015ع میں مریخ پر انسانی مشن کے لیے قائم کیا گیا تھا۔  سائنسدان بھی ہائینز کی اس کاوش سے خوش ہیں کیونکہ وہ مریخی ماحول میں کسی ایک پھل یا سبزی کی کامیاب کاشت کرنا چاہتے تھے۔ ان ٹماٹروں کو عین وہی نمی، حرارت اور روشنی دی گئی ہے جو مریخ پر موجود ہوتی ہے

سائنسدانوں کے خیال میں یہ عمل انسانوں کی دیگر سیاروں پر رہائش کے لیے بہت ضروری ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close