زندہ دفنائی گئی خاتون اپنی جان بچانے میں کیسے کامیاب ہوئی؟

ویب ڈیسک

امریکی ریاست واشنگٹن میں شوہر نے خاتون پر چاقو سے حملہ کر کے زندہ دفن کر دیا، لیکن خاتون نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ڈجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس ’ایپل‘ کی گھڑی سے ایمرجنسی سروس کو کال کی، جس کی بدولت ان کی جان بچا لی گئی

تفصیلات کے مطابق امریکی نیوز ویب سائٹ ’ڈیلی بیسٹ‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ 16 اکتوبر کو امریکی ریاست واشنگٹن میں پیش آیا۔ تریپن سالہ چا کیونگ این نے اپنی بیوی بیالیس سالہ ینگ سوک این کے ہاتھ اور پاؤں ٹیپ کے ذریعے باندھ دیے اور چھری کے وار سے زخمی کرنے کے بعد اسے زندہ دفن کردیا

رپورٹ کے مطابق دونوں کے درمیان طلاق اور پیسوں کے معاملے پر جھگڑا چل رہا تھا

ایمرجنسی آپریٹر نے پولیس کو بتایا کہ خاتون نے911 کو فون کیا، لیکن ایسا لگ رہا تھا کہ خاتون کا منہ بند کیا گیا ہے اور وہ بات کرنے سے قاصر تھیں

ان کا مزید کہنا تھا کہ کال کے دوران پیچھے سے پیٹنے کی آوازیں آرہی تھیں، لیکن کچھ دیر بعد خاموشی چھا گئی

تحریری حلف نامہ میں مزید بتایا گیا کہ پولیس موبائل فون ٹاور کے ذریعے خاتون کے گھر پہنچی لیکن وہ گھر میں موجود نہیں تھیں تاہم جائے وقوع دیکھ کر انہیں معاملہ گڑبڑ محسوس ہوا

بعد ازاں 17 اکتوبر کو خاتون کسی طرح سے ہمت مجتمع کر کے وہاں سے نکلیں اور ایک اجنبی کے دروازے پر دستک دی، جس نے پولیس کو فون کیا

’ڈیلی بیسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق خاتون نے پولیس سے کہا ’میرا شوہر مجھے مارنا چاہتا ہے، میری مدد کریں‘

خاتون نے پولیس کو بتایا کہ اُن کا شوہر کے ساتھ طلاق اور پیسوں کے معاملہ پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد شوہر نے انہیں گھر سے نکل جانے کو کہا، خاتون نے بتایا کہ جب وہ اپنے کمرے میں گئیں تو ان کے شوہر نے ان کے سَر پر متعدد بار حملہ کیا اور زمین پر گرا دیا

خاتون نے بتایا کہ شوہر نے اُن کے منہ پر پٹی باندھ دی اور کمرے سے چلا گیا، اسی دوران خاتون نے ’ایپل‘ گھڑی سے 911 پر کال کی، شوہر نے واپس آ کر انہیں گھسیٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا

خاتون نے مزید بتایا کہ ان کے شوہر کو اندازہ ہوگیا تھا کہ وہ ایپل کی گھڑی استعمال کر رہی ہیں، جس کے بعد شوہر نے خاتون کی گھڑی اور کلائی پر ہتھوڑے سے وار کیا، جس سے وہ ناکارہ ہو گئی

بعد ازاں ان کا شوہر انہیں وین میں بٹھا کر جنگل کے قریب لے گیا، جہاں انہوں نے خاتون پر تشدد کیا اور زندہ دفنا دیا، خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ زمین کے اندر صرف کچھ گھنٹوں کے لیے موجود تھی، لیکن اپنی مدد آپ کے تحت نکلنے میں کامیاب ہو گئی

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے شوہر کو 17 اکتوبر کو گرفتار کرلیا تھا، جبکہ جہاں خاتون کو دفنایا گیا وہاں سے ٹیپ، بال اور گھڑی کے ٹکڑے ملے تھے

تریپن سالہ چا کیونگ این کے وکیل نے عدالت میں بتایا کہ ان کے مؤکل دماغی مسائل کا شکار ہیں، لیکن بیالیس سالہ ینگ سوک نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے، اس لیے ان کے شوہر کو جیل میں رکھا جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close