پھیپھڑوں کا کینسر: وہ پانچ باتیں، جن پر یقین نہ کریں!

ویب ڈیسک

پھیپھڑوں کے کینسر کے متعلق اب بھی کچھ غلط فہمیاں موجود ہیں۔ ضروری نہیں ہے کہ یہ بیماری صرف ’تمباکو نوشی‘ سے ہو

نومبر پھیپھڑوں کے کینسر سے آگاہی کا مہینہ ہے۔ یہ ایک ایسی بیماری ہے، جس کے متعلق ہم میں سے بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ وہ اس بیماری کی اہم وجوہات اور علامات جانتے ہیں۔۔ لیکن یہ ایک غلط فہمی بھی ہو سکتی ہے! آئیے اس رپورٹ میں اپنی غلط فہمیوں کا جائزہ لیتے ہیں

پھیپھڑوں کے کینسر میں صرف عمر رسیدہ افراد مبتلا ہوتے ہیں

یو کے کے میو کلینک کے پلمونولوجسٹ جان کوسٹیلو کہتے ہیں ”پھیپھڑوں کا کینسر یقینی طور پر عمر رسیدہ افراد میں زیادہ عام ہے۔ تشخیص کی اوسط عمر ستر سال ہے۔ تاہم، یہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ پھیپھڑوں میں طویل عرصے تک تمباکو کا دھواں جاتا رہا ہے۔‘

اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اگر آپ بوڑھے ہیں تو آپ کو یہ کینسر خصوصی طور پر ہوگا!

پرسی ہیلتھ میں لیڈ اسپیشلسٹ کینسر نرس لیزا جیکس کے مطابق ”زیادہ تر لوگوں کو کئی برسوں تک تمباکو نوشی کے بعد، ساٹھ اور ستر کے پیٹے میں پھیپھڑوں کا کینسر ہوتا ہے، لیکن کبھی کبھار لوگوں کو پھیپھڑوں کا کینسر بہت چھوٹی عمر میں ہی ہو جاتا ہے، یہاں تک کہ بیس اور تیس سال کی عمر میں بھی۔“

کیا پھیپھڑوں کے کینسر کی وجہ صرف ہمیشہ تمباکو نوشی ہے؟

اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تمباکو نوشی پھیپھڑوں کا کینسر ہونے کے امکانات کو بڑھا دیتی ہے، لیکن یہ اس بیماری کی واحد وجہ نہیں ہے

اسپیشلسٹ کینسر نرس لیزا جیکس کہتی ہیں ”تمباکونوشی پھیپھڑوں کے کینسر کی سب سے بڑی وجہ ہے لیکن اس کا شکار ہونے والے تقریباً دس فی صد افراد ایسے بھی ہیں، جو کبھی تمباکو نوشی نہیں کرتے“

پلمونولوجسٹ جان کوسٹیلو بتاتے ہیں ”پھیپھڑوں کے کچھ کینسر ہیں، جو جینیاتی ہیں اور ہو سکتا ہے کہ ان کا تعلق تمباکو نوشی سے نہ ہو، اور دیگر کچھ ایسبسٹوس، ریڈون گیس جیسے مادوں اور تمباکو کے دھوئیں میں رہنے کی وجہ سے ہوتے ہیں“

ان کا کہنا ہے کہ یہ ’نسبتاً غیر معمولی‘ ہیں

تمباکو نوشی سے متاثرہ پھیپھڑوں کے نقصان کا ازالہ نہیں کیا جا سکتا

جان کوسٹیلو کا کہنا ہے ”تمباکو نوشی کی وجہ سے ہونے والے کچھ نقصان اور سوزش کو ریورس کیا جاسکتا ہے، لیکن خاص طور پر، ایمفیسیما پھیپھڑوں کی آرکیٹیکچرل تباہی ہے، جو سانس کی انتہائی بیماری کا سبب بنتی ہے اور اسے ریورس نہیں کیا جا سکتا“

لہٰذا تمباکو نوشی چھوڑنے سے آپ کو کم خطرہ ہوسکتا ہے۔ لیکن بہتر یہی ہے کہ آپ اسے شروع ہی نہ کریں

پھیپھڑوں کا کینسر ہمیشہ جان لیوا ہوتا ہے؟

اگرچہ پھیپھڑوں کا کینسر سنگین ہے، لیکن اس کی تشخیص کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اس سے یقینی طور پر موت ہوگی

جان کوسٹیلو کا کہنا ہے ”عام بیماری والے لوگوں میں پھیپھڑوں کا کینسر ہو تو ان کے پانچ سال تک زندہ رہنے کی شرح 65 فیصد ہے۔ اگر یہ تشخیص کے وقت جسم میں پھیل چکا ہو تو، زندہ رہنے کی شرح صرف آٹھ فیصد ہے“

تاہم، وہ کہتے ہیں ”پھیپھڑوں کے کینسر کے لیے اسکریننگ کی نئی تکنیکیں موجود ہیں۔ جیسا کہ ماضی میں بہت زیادہ تمباکو نوشی کرنے والے پچاس سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے سی ٹی اسکین۔ ان سے ابتدائی بہت چھوٹے ٹیومر کا پتا چل سکتا ہے، جس کو نکالا جا سکتا ہے جس میں پانچ سال زندہ رہنے کی شرح 80 سے 90 فیصد ہوتی ہے“

لہٰذا اگر آپ کو مستقل کھانسی کے بارے میں خدشات ہیں تو، اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں اور جتنی جلدی ممکن ہو چیک کروائیں

خواتین کا پھیپھڑوں کے کینسر کے لیے فکر مند ہونا ضروری نہیں؟

کینسر ریسرچ یو کے کے مطابق، خواتین کے مقابلے میں مردوں کو یہ کینسر ہونے کا زیادہ امکان ہے

واضح رہے کہ پھیپھڑوں کے کینسر کے کیسز میں 48 فیصد خواتین کے مقابلے میں 52 فیصد مرد ہیں

تاہم، یہ فرق بہت کم ہے اور خواتین کو بھی پھیپھڑوں کے کینسر کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے

جان کوسٹیلو کا کہنا ہے ”جب سے خواتین مردوں کے ساتھ تمباکو نوشی کی لت میں مبتلا ہوئی ہیں اس وقت سے ان میں پھیپھڑوں کے کینسر کا مسئلہ بڑھ رہا ہے، اور اسی لیے اگر وہ تمباکو نوشی کرتی ہیں تو انہیں خطرہ رہتا ہے“

’خواتین میں پھیپھڑوں کے کچھ کینسر زیادہ عام ہیں، جن کا تعلق تمباکو نوشی سے نہیں۔‘

اسپیشلسٹ کینسر نرس لیزا جیکس کا مزید کہنا ہے ”برطانیہ میں یہ تیسرا سب سے عام کینسر ہے اور خواتین میں یہ کینسر کی دوسری سب سے عام قسم ہے“

لہٰذا، چاہے آپ تمباکو نوشی کریں یا نہ کریں، پھیپھڑوں کے کینسر کی علامات کو لازمی دیکھیں

جیسا کہ دو یا تین ہفتوں سے زیادہ عرصے تک کھانسی، بار بار سینے میں انفیکشن، سانس لینے میں دشواری یا سانس لینے کے دوران درد۔ اگر آپ کو کوئی تشویش ہو تو اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close