ملیر ایکسپریس وے، جہنم کی شاہراہ: جس کی قیمت ملیر کو چکانی پڑے گی

محمد توحید (ترجمہ: امر گل)

کیا 27.5 بلین روپے کی لاگت کا نیا منصوبہ کراچی کے ٹریفک کے مسائل کو حل کرے گا یا محض ماحولیاتی تباہی کا باعث بنے گا؟“

دسمبر 2020 میں، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرپرسن بلاول بھٹو زرداری نے ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کیا – ایک 39 کلومیٹر طویل موٹروے، جو شہر کے متمول علاقوں کو کراچی-حیدرآباد موٹر وے کے ساتھ ساتھ شہر کے مضافات میں ابھرنے والی اتنی ہی پوش نئی سوسائٹیوں سے جوڑتی ہے

اس کے فوراً بعد، مقامی برادریوں کے لوگوں نے، جو ملیر کو گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنا گھر کہتے ہیں، اپنے گھروں کی مجوزہ تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے اس پروجیکٹ کے خلاف احتجاج شروع کر دیا

ماہرین ماحولیات اور سماجی کارکنان بشمول کراچی بچاؤ تحریک اور انڈیجینس رائٹس الائنس سے وابستہ افراد نے اس احتجاج میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے سندھ حکومت پر صدیوں سے آباد مقامی کمیونٹیز کو بے گھر کرنے اور ترقی کے نام پر علاقے کے ماحولیاتی نظام کو تباہ کرنے کا الزام لگایا، جس کا مقصد مراعات یافتہ طبقے کی رسائی کو آسان بنانا ہے

مظاہرین کے لیے سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ افتتاح کے فوراً بعد جب اس منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کیا گیا تو نہ تو ان مقامی کمیونٹیز کو شامل کیا گیا، جو بے گھر ہونے والے تھے اور نہ ہی سندھ انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی (SEPA) کے پاس انوائرمنٹل امپیکٹ اسسمنٹ (EIA) درج کروایا گیا

انوائرمنٹل امپیکٹ اسسمنٹ (EIA) ، جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، ترقیاتی منصوبے کے ماحولیاتی اثرات کا مطالعہ ہے جو مذکورہ منصوبے کے شروع ہونے سے پہلے انجام دیا جاتا ہے

حالانکہ سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ 2014ع کے سیکشن 17(1) میں واضح طور پر لکھا ہے : ”کسی پروجیکٹ پر اس وقت تک تعمیر یا کام شروع نہیں کرے گا جب تک کہ اس نے ایجنسی کے پاس IEE یا EIA دائر نہ کیا ہو، اور اس کے سلسلے میں ایجنسی سے منظوری حاصل نہ کی ہو“

اکتوبر 2021 میں، ملیر ایکسپریس وے کے کنسلٹنٹس – نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) اور EMC پاکستان – نے بالآخر SEPA کو 800 صفحات پر مشتمل EIA رپورٹ جمع کرائی، جس نے تقریباً پانچ ماہ بعد 9 مارچ (کل) کو عوامی سماعت طلب کی ہے، جو شارع فیصل پر ملیر میں ملوک ہوٹل کے ساتھ واقع رائل پیلیس کے لان میں منعقد کی جائے گی۔ اس سماعت میں عام لوگوں، متعلقہ شہریوں، اسٹیک ہولڈرز اور ماہرین کو اس منصوبے کی خوبیوں اور اثرات پر بات کرنے کے لیے شرکت کی دعوت دی گئی ہے

تاہم کارکنوں کو خدشہ ہے کہ یہ سماعت ایک اور فریب ہوگی جس کا مقصد صرف خانہ پوری اور محض رسمی کارروائی ہے اور ان کے خدشات پر کوئی توجہ نہیں دی جائے گی۔ اس خدشے کے پیچھے ایک معقول سوال ہے کہ اگر اسٹیک ہولڈرز کی رائے اور عوام کی منظوری اتنی ہی اہم تھی، تو ایک سال کی تاخیر سے یہ سماعت کیوں ہو رہی ہے؟ جبکہ اس پروجیکٹ پر کام شروع بھی کر دیا گیا ہے

غیر محدود ترقی

دنیا بھر میں، زمین کے استعمال اور زمین کی تزئین کے طریقوں نے ایک قابل ذکر تبدیلی دیکھی ہے، اور وہ تبدیلی یہ ہے کہ اب شہری منصوبہ ساز ترقیاتی منصوبوں پر ماحولیاتی تبدیلیوں، ماحولیات اور ارتقائی بصیرت اثرات کو ترجیح دیتے ہیں

لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں کسی بھی طرح کے منصوبوں میں ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے تحفظات کو یکسر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ بلکہ، ہمارے ملک میں ترقیاتی منصوبوں کے اثرات کو اکثر اقتصادی طور پر ناپا جاتا ہے، جس میں ماحولیات، حیاتیاتی تنوع، زمین کے استعمال اور خوراک کے گٹھ جوڑ جیسے اہم معاملات کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی

ایک معاملہ کراچی کا ہے، جہاں کئی سالوں میں مختلف انتظامیہ نے کم از کم پانچ ماسٹر پلان بنائے ہیں

تاہم ان میں سے کسی پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ شہر کا ٹریک ریکارڈ انتشار، من مانی ترقیاتی منصوبوں سے بھرا پڑا ہے، جو شہری منصوبہ بندی کے قائم شدہ طریقوں کو نظر انداز کرتے ہیں اور آخر کار کراچی کے رہائشیوں، خاص طور پر پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریبوں شہریوں کے معیار زندگی کو بدتر بنا دیتے ہیں

اس کے بعد یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کلائمیٹ رسک کنٹری پروفائل رپورٹ آف پاکستان میں کراچی کو شدید گرمی کی لہروں، آلودگی اور سیلاب کا سب سے زیادہ خطرے سے دوچار شہر قرار دیا گیا ہے۔ درحقیقت، تازہ ترین بین الحکومتی پینل آن کلائمیٹ چینج (IPCC) — موسمیاتی رپورٹ 2022 — ظاہر کرتی ہے کہ عالمی درجہ حرارت میں 1.5°C (2.7°F) کا عارضی اضافہ فطرت پر شدید اثرات مرتب کرے گا، جن میں سے کچھ ناقابل تدارک ہوں گے

2015 میں، شہر نے ایک مہلک ہیٹ ویو کا تجربہ کیا، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی تکنیکی رپورٹ کے مطابق تیزی سے بڑھتی اربنائزیشن اور گلوبل وارمنگ نے اربن ہیٹ آئی لینڈ (UHI) کے اثرات کو جنم دیا ہے۔ یہ حالیہ دہائیوں میں میٹروپولیس میں کھلی سبز جگہوں کے سکڑنے کا نتیجہ تھا، جس نے شہر کو کنکریٹ کے جنگل میں اس حد تک تبدیل کر دیا کہ ہمارے آبی ذخائر کو ری چارج کرنے کے لیے کوئی خالی جگہ، کوئی کچی مٹی نہیں ہے۔ چونکہ ہمارے پارکوں میں درخت ایک نایاب اور سایہ دار چیز بن جاتے ہیں، ہم شہر کے کنکریٹ کی کثافت کو درست کرنے کے لیے بغیر کسی ڈیٹا کے کنکریٹ پر ڈھیر لگاتے رہتے ہیں، جس سے گرمی کے اثرات بڑھ جاتے ہیں

ڈیجا وو؟

ہمیں ماضی کے ناکام منصوبوں سے سیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر لیاری ایکسپریس وے کو لے لیں۔ کراچی کی تاریخ کے سب سے زیادہ پرجوش انفراسٹرکچر پراجیکٹس میں سے ایک، اس کا مقصد شہر کی نقل و حمل کی پریشانیوں کو کم کرنا اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے ایک علیحدہ راستہ فراہم کرنا ہے تھا

تاہم مکمل ہونے پر اس پر بھاری نقل و حمل کی پابندی لگا دی گئی، جو اس کی تعمیر کا بنیادی مقصد تھا. بالآخر، اس نے میٹرو پولس کو محض ایک کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کر دیا ہے – تقریباً 77,000 خاندانوں کو بے دخل کرنے کی قیمت پر، جن میں سے بہت سے بے گھر اور متبادل معاشی ذرائع کی فراہمی کے بغیر ختم ہو گئے

ان میں سے کچھ خاندانوں نے سمو گوٹھ، ملیر کا رخ کیا۔ اور اب، انہیں ایک بار پھر ترقی کے نام پر بے دخلی کے خطرے کا سامنا ہے، ملیر ایکسپریس وے پراجیکٹ ان کے محلوں سے گزرنے کے لیے تیار ہے

تاہم سوال یہ ہے کہ کیا یہ نیا منصوبہ – جو 27.5 بلین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا – کراچی کے ٹریفک کے مسائل کو حل کرے گا یا یہ محض ماحولیاتی تباہی کا باعث بنے گا؟

ملیر ایکسپریس وے کے مجوزہ راستے کو ظاہر کرنے والا نقشہ

ایکسپریس وے کا بڑا حصہ ملیر میں تعمیر کیا جانا ہے، جو کراچی کے شہری پھیلاؤ کے درمیان باقی ماندہ چند گرین بیلٹس میں سے ایک ہے، جو تازہ پھل اور سبزیاں مہیا کرتا ہے اور شہر کے ‘آکسیجن ہب’ کا کردار ادا کرتا ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ اگر ملیر کی زرخیز زمین پر کنکریٹ کی سڑکیں غالب آ گئیں تو کراچی کو فائدے سے نقصان کہیں زیادہ ہوگا

 ای آئی اے رپورٹ میں تضادات

درحقیقت، EIA رپورٹ خود کئی تضادات پر مشتمل ہے، جس کی وجہ سے اگر اس رپورٹ کے بارے میں نرم الفاظ بھی استعمال کیے جائیں تو یہ گمراہ کن ہے۔ مثال کے طور پر، سیکشن 5.5.1 کا دعویٰ ہے کہ پراجیکٹ سائٹ "خراب ماحولیاتی نظام والے علاقے” میں واقع ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ اس کے نفاذ سے شدید ماحولیاتی نقصان نہیں ہوگا

صفحہ 147 سے 150 پر کچھ صفحات اور پرجاتیوں کی فہرست کو پلٹائیں – یہ کسی بھی طرح سے مکمل اور جامع نہیں ہے بلکہ گمراہ کن ہے۔ کیونکہ ماہر ماحولیات اور وائلڈ لائف فوٹوگرافرز جیسے سلمان بلوچ نے یہاں پرندوں کی کم از کم 176 انواع کی موجودگی کے ثبوت پیش کیے ہیں، اس کے علاوہ دیگر ممالیہ جانوروں کی انواع جیسے لومڑی اور گیدڑ بھی موجود ہیں۔ مؤخر الذکر کا بھی EIA رپورٹ میں ذکر کیا گیا ہے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ یہاں کا ماحولیاتی نظام انتہائی امیر ہے، لہٰذا حقیقت یہ ہے کہ اس منصوبے سے نباتات اور حیوانات کی سینکڑوں انواع درحقیقت متاثر ہوں گی

رپورٹ میں SEPA کی کارکردگی کے حوالے سے ایک اہم سوال بھی اٹھایا گیا ہے، جہاں یہ ساحلی پٹی کو درپیش "ماحولیاتی دباؤ” کی وجہ "مختلف صنعتوں سے دریائے ملیر کے ذریعے بہنے والے گندے پانی کو قرار دیتی ہے، جہاں دریا میں زندہ بچ جانے والی نسلیں قابلِ رحم حالات میں دیکھی جاتی ہیں”

کیا یہ SEPA کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ اس علاقے میں کام کرنے والی صنعتیں اپنے گندے پانی کو دریا میں بہنے سے پہلے صاف کریں؟

مزید یہ کہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل یونین فار دی کنزرویشن آف نیچر اینڈ نیچرل ریسورسز (IUCN) کی معدومی کے خطرے سے دوچار انواع کی ریڈ لسٹ میں 113 انواع ہیں، جو اس علاقے میں موجود پائی گئیں۔ تاہم، حقیقت میں، یہ اعداد و شمار بہت زیادہ ہے، جیسا کہ متعدد ماہرین ماحولیات اور محققین نے دستاویزی شواہد کے ساتھ ثابت کیا ہے

تمام خدشات کے باوجود منصوبہ جاری!

ان خدشات کے باوجود، جن کا اظہار یہاں کے مقامی باشندوں، باشعور حلقوں اور ماہرین ماحولیات کی طرف سے بار بار کیا جاتا رہا ہے، حکومت نے ملیر ایکسپریس وے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پہلے ہی کنکریٹ اور سیمنٹ سے بھرے شہر میں پودوں، کھیتوں اور کھلی سبز جگہوں کو کم کر رہا ہے۔ اس کے منفی اثرات میں ہیٹ ویوز، UHI، ماحولیاتی انحطاط اور یہاں تک کہ خوراک کی کمی کا امکان شامل ہے

قومی اور صوبائی موسمیاتی تبدیلی کے ایکشن پلان کی کسی دستاویز کو خاطر میں نہ لانے اور قواعد پر عمل درآمد نہ ہونے نے معاملات کو مزید خراب کر دیا ہے، حالانکہ پاکستان اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (SDGs) اور پیرس موسمیاتی معاہدے پر دستخط کنندہ ہے، جو دونوں ایسے خدشات کو دور کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں!

پاکستان انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ، 1997، اور سندھ انوائرمینٹل پروٹیکشن ایکٹ، 2014 کے تحت تمام بڑے منصوبوں پر عوامی مشاورت ایک ضروری امر ہے، لیکن اندھیر نگری یہ ہے کہ اکثر پروجیکٹ EIAs کے بغیر یا محض رسمی جائزہ رپورٹس کے ساتھ شروع کر دیے جاتے ہیں، جو عوام کی نظروں سے پوشیدہ رہتی ہیں۔ یہ معاملہ صرف ملیر ایکسپریس وے منصوبے کا ہی نہیں بلکہ کراچی میں گجر، اورنگی اور محمود آباد کے اسٹارم واٹر ڈرین کی بحالی کا بھی ہے

 ترقی، لیکن کس کے لیے؟

پاکستان میں منصوبے ترقی کے نام پر چلائے جاتے ہیں، لیکن ترقی کا تصور شہروں میں بڑی عمارتیں کھڑی کرنے اور انفراسٹرکچر کو شامل کرنے سے کہیں زیادہ ہے۔ حقیقی ترقی کے لیے ہمیں شہر اور اس کے شہریوں کی ضروریات کے بارے میں سوچنا ہوگا۔ اس کے باوجود ہمارے منصوبوں کی اکثریت کمیونٹی اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کی شمولیت کے بغیر شروع کی جاتی ہے، جس میں جمہوری مشاورت کا کوئی تصور نہیں ہوتا، اور صرف ان ٹھیکیداروں کے فائدے کو فروغ دیا جاتا ہے، جو نظام کا حصہ ہیں

سرسبز و شاداب ملیر کی رگوں سے ریتی اور بجری کی صورت میں خون نچوڑنے کے نتیجے میں کراچی کی فلک بوس عمارتیں پیدا ہوئیں لیکن ملیر کی ندیوں سے ریتی اور بجری اٹھانے سے یہاں زیر زمین میٹھے پانی کے ذخائر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، اور زیر زمین پانی کی سطح مسلسل گر رہی ہے۔ دریں اثنا، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ڈویلپرز نے ملیر کو مزید مسمار کر دیا ہے اور پیچھے صرف ملیر کی تباہی چھوڑی ہے۔ اور اب ملیر ایکسپریس وے منصوبہ ایک بار پھر ملیر کے باقی ماندہ باغات، کھیتی باڑی اور پودوں کو تباہ کرنے کی تیاری کر رہا ہے

آج کراچی ایک ایسا شہر ہے جو بغیر کسی سمت کے چل رہا ہے، ناقص شہری منصوبہ بندی اور اس کے ماحولیاتی حالات کے حوالے سے بہت کم سوچ بچار کی گئی ہے۔ لیکن اس کی شہری منصوبہ بندی میں موجود کوتاہیوں اور متعلقہ موسمی اثرات کو شراکتی منصوبہ بندی کی طرف ایک تبدیلی کے ساتھ دور کیا جانا چاہیے، جو اس کے شہریوں اور اس کی ماحولیات کی ضروریات کو پورا کرتی ہے

ترقیاتی منصوبوں کو عمارتوں اور سڑکوں کی تعمیر پر نہیں بلکہ لوگوں کی ترقی، فلاح اور بقا پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے

ہم یہاں بسنے والے لوگوں کی آواز اور تمام ترقیاتی منصوبوں کے لیے ماحولیاتی اثرات کو مدنظر رکھ کر ہی ایسا کر سکتے ہیں، خاص طور پر ان منصوبوں کے حوالے سے، جن کا براہ راست اثر عوام پر پڑتا ہے۔ حکومتی عہدیداروں، شہر کے منصوبہ سازوں، معماروں، ماہرین ماحولیات اور کمیونٹی کے دیگر ماہرین کے تعاون سے علاقائی اور نچلی سطح کے منصوبوں کا جائزہ لینا بھی ضروری ہے

یہاں تک کہ چھوٹے منصوبوں کو بھی ٹھوس تحقیق کی بنیاد پر ڈیزائن کیا جانا چاہئے، متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور کمیونٹی سے مشاورت کے بعد ہی انہیں حتمی شکل دی جائے۔ اس کا مقصد ایسے ترقیاتی منصوبوں کو پڑوس کی سطح کے منصوبے کے اندر ضم کرنا ہونا چاہیے۔ ورنہ ایسی ’’ترقی‘‘ کراچی کے لیے تباہ کن ثابت ہوگی!

بشکریہ روزنامہ ڈان

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close