گوادر میں چینی قافلے کے قریب خودکش حملہ، چین نے سیکورٹی صورتحال کو ناقص قرار دے دیا

نیوز ڈیسک

کوئٹہ : گوادر میں چینی شہریوں کے قافلے کے قریب خودکش حملے کے باعث دو بچے جاں بحق ہوگئے، جب کہ دو بچے اور ایک چینی شہری زخمی ہو گیا

وزارت داخلہ نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گوادر میں ایسٹ بے ایکسپریس وے پر پاکستان آرمی اور پولیس کے دستوں کی مربوط سکیورٹی کے ہمراہ چار گاڑیوں پر مشتمل چینی شہریوں کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا، واقعہ فشر مین کالونی کے قریب کوسٹل روڈ پر پیش آیا

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کی گاڑیوں کا قافلہ جب فشر مین کالونی کے قریب پہنچا تو ایک نوجوان کالونی سے باہر بھاگتے ہوئے آیا،  وہاں سادہ لباس میں موجود پاکستان آرمی کے اہلکاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی جس نے قافلے سے پندرہ سے بیس میٹر کے فاصلے پر خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا

وزارت داخلہ کے مطابق دھماکے سے ایک چینی شہری زخمی ہوا جبکہ جائے وقوع پر کھیلنے والے دو بچے جاں بحق اور دو شدید زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا

واقعے کے بعد چینی سفارت خانے نے پاکستان میں متعلقہ محکموں سے حفاظتی اقدامات اور سیکورٹی تعاون کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے

اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر ایکسپریس وے منصوبے پر چینی عملے کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، چینی سفارت خانہ دہشتگردی کے اس واقعے کی سختی سے مذمت اور واقعے میں دونوں ملکوں سے تعلق رکھنے والے زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے

چینی سفارت خانے نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زخمیوں کا علاج کیا جائے ، حملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور مجرموں کو سخت سزا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان میں ہر سطح پر متعلقہ محکموں کو حفاظتی اقدامات اور سیکیورٹی تعاون کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اور موثر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اس طرح کے واقعات دوبارہ نہ ہوں، پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی خراب ہوئی ہے۔ پے در پے کئی دہشت گرد حملوں کے نتیجے میں کئی چینی شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں

چینی سفارت خانے نے پاکستان میں موجود تمام چینی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چوکس رہیں، حفاظتی احتیاطی تدابیر مزید سخت کریں، غیر ضروری طور پر باہر جانا کم کریں اور سیکورٹی کے موثر اقدامات کریں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close