الیکشن کمیشن بڑے میاں کے ہاتھ کی گھڑی اور چھوٹے میاں کے ہاتھ کی چھڑی ہے، اعظم سواتی

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بڑے میاں کے ہاتھ کی گھڑی اور چھوٹی میاں کے ہاتھ کی چھڑی بن گیا ہے

اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کس طرح ہوئی، مجھے پتہ ہے۔

اسلام آباد میں بابر اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اعظم خان سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن کی زبان بول رہا ہے، الیکشن کمیشن حکام مجھے نوٹس دے رہے ہیں،مولانا فضل الرحمان اور مریم صفدر نے کتنی باتیں کیں؟ آپ نے انہیں کتنے نوٹس دیئے؟ اپوزیشن لیڈر ٹی ٹی میں ملوث ہے، اپوزیشن لیڈر پر منی لانڈرنگ کے متعدد مقدمے چل رہے ہیں

اعظم سواتی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کس طرح ہوئی مجھے پتہ ہے، چیف الیکشن کمشنر کے حوالے سے بہت سی باتیں صیغہ راز میں ہیں، میں نے حلف لیا ہوا ہے، میں یہ راز کبھی سامنے نہیں لاؤں گا، آپ کو اس لیے چیف الیکشن کمشنر بنایا تھا کہ آپ ای وی ایم پر جائیں گے، آپ الیکشن کمیشن میں ایسا نظام لے کر آئیں کہ آنے والی نسلیں انگلی نہ اٹھا سکیں، سپریم کورٹ نے آپ کو ایک پائلٹ پراجیکٹ دیا تھا اس کا کیا ہوا۔ کیا آپ بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھیں گے؟ کس کے کہنے پر آپ اتنے عظیم ادارے کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں؟

وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے ووٹ کے حق کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، الیکشن کمیشن کو آزاد ادارہ بنائیں گے، چند دنوں میں پارلیمنٹ سے قانون بنا کر دیں گے

اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ حکومت انتخابی اصلاحات ، ای وی ایم اور آئی ووٹنگ میں آگے بڑھ رہی ہے، تاثر دیا جا رہا ہے کہ حکومت اگلا الیکشن چوری کرنے کے لئے ای وی ایم کی بات کر رہی ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی بات سب سے پہلے پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی، ماضی میں صدر عارف علوی بھی اس سلسلے میں درخواست دے چکے ہیں، 2014ع میں عمران خان کے آنے سے پہلے بھی اپوزیشن اس کام پر لگی ہوئی تھی، الیکشن اصلاحات کو متنازع بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ، جو مشین سے ڈر کر بھاگ رہے ہیں انہیں قوم کو جواب دینا پڑے گا.

مزید خبریں:

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close