نواز شریف کی جعلی ویکسینیشن پر لاہور کے اسپتال کے دو اعلیٰ افسران معطل

نیوز ڈیسک

لاہور : لندن میں موجود سابق وزیراعظم نواز شریف کی لاہور میں کورونا کی جعلی ویکسینیشن پر دو اعلیٰ افسران کو معطل کردیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق کورونا ویکسین کے غلط اندراج پر محمکہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے لاہور میں کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر احمد ندیم کو معطل کردیا۔ اسپتال کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر منیر احمد کو بھی غفلت اور نااہلی کے باعث معطل کرتے ہوئے محکمہ صحت میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے

میاں منشی ہسپتال کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد اعجاز بٹ کا کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تبادلہ کرتے ہوئے، انہیں ایم ایس کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف لندن میں مقیم ہیں لیکن پاکستان میں این سی او سی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق انہیں 22 ستمبر 2021 کو لاہور کے ایک ہسپتال میں کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔ اس واقعے سے ملک میں جعلی طریقے سے کورونا ویکسینیشن کے اندراج کے خدشات زور پکڑنے لگے ہیں

قبل ازیں نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسینیشن کی انٹری کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کی گئی تھی

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ڈیٹا کا اندراج چوکیداراور وارڈ بوائے کرتے رہے، سینٹر میں کوئی سینئر اسٹاف تعینات نہیں کیا گیا تھا

رپورٹ کے مطابق اسپتال کے چار ملازمین نے نواز شریف کا ڈیٹا درج کرنے کا اعتراف کیا

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں آن لائن یا مینوئل چیک اینڈ بیلنس کا سسٹم موجود نہیں، ایم ایس کے پی اے رانا مظفر کا دوست نوید سینٹر میں ملاقات کے لیے آتا رہا، نوید کے ڈیٹا انٹری اسٹاف سے تعلقات بہتر ہونے پر متعدد شناختی کارڈ رجسٹرڈ کروائے گئے

انکوائری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں نگرانی کا فقدان تھا، جس کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا، سینٹر میں کوئی سینئر اسٹاف تعینات نہیں کیا گیا تھا، ڈیٹا کا اندراج اسپتال انتظامیہ نے وارڈ سرونٹ اور چوکیدار کو دیا تھا

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوید نے چوکیدار ابوالحسن سے کہا کہ والد کا رکارڈ درج کرنا ہے، ابوالحسن چوکیدار نے وارڈ بوائے عادل رفیق کو ڈیٹا رجسٹرڈ کرنے کو کہا، چوکیدار ابوالحسن اور وارڈ بوائے عادل رفیق نے ڈیٹا رجسٹرڈ کرنے کو تسلیم کیا ہے

انکوائر ی رپورٹ میں اسپتال کے ایم ایس سمیت نو افسران اور ملازمین کو معطل کرنے کی سفارش کی گئی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close