کراچی کی جانب بڑھنے والا طوفان کمزور پڑ گیا، لیکن بارش کا امکان موجود

کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سائیکلونک طوفان گلاب کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو چکا ہے اور اس کا رخ شمال مغرب میں گجرات کی جانب ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق  یہ ڈپریشن بھارتی ساحل کے قریب موجود ہے، جس کا رخ شمال مغرب میں گجرات کی جانب ہے،  شام تک اس کی شدت مزید کم ہوکر یہ ہوا کے کم دباؤ میں تبدیل ہوجائے گا، تاہم بحیرہ عرب میں جانے کے بعد اس کی شدت میں ایک پھر اضافے کا امکان ہے، اور اگر شدت زیادہ رہی تو بلوچستان میں بھی اس کے زیر اثر بارشیں ہو سکتی ہیں

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش ہو رہی ہے ، جبکہ شہر میں کل رات سے مزید بارشوں کا امکان بھی ہے اور 29 ستمبر سے تیز بارشیں شروع ہوسکتی ہیں، اور 2 اکتوبر تک وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کبھی تیز اور کبھی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے  باعث شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا

محکمہ موسمیات کے مطابق شدت والی مون سون ہوائیں آج دیہی سندھ پر اثر انداز ہو سکتی ہیں، سندھ کے مختلف علاقوں میں کل سے 2 اکتوبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، حیدر آباد اور دیگر علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے

آج کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک بارش شروع ہو گئی، جس کے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تیز بارش مائیکرو برسٹ کے باعث ہوئی. صدر میں اچانک چاروں جانب سے تیز ہوائیں چلیں، بارش مخلتف سمتوں سے برسی

مائیکروبرسٹ میں اچانک شدید بارش اور تیز ہوائیں چلتی ہیں، تیز بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درخت اور دیواروں کو نقصان پہنچ سکتا ہے

مائیکرو برسٹ سادہ زبان میں ایسے شدید جھکڑ کو کہتے ہیں جو سیدھی لکیر کی صورت میں نچلی جانب زمین کی طرف جاتا ہے اور زمین سے ٹکرا کر مختلف سمتوں میں منتشر ہو کر ہوا کا طوفان پیدا کرتا ہے، جو انتہائی تباہ کن ہوسکتا ہے

مائیکرو برسٹ اتنا شدید طوفان پیدا کرسکتا ہے، جو زمین پر ایک مضبوط درخت کو بھی اکھاڑ پھینکے، اسکا دورانیہ چند سیکنڈ سے لے کر کئی منٹوں تک رہ سکتا ہے

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں آج صبح سے ہی گرمی عروج پر تھی اور سورج آگ برسا رہا تھا کہ ایک دم موسم میں تبدیلی آئی اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کا آغاز ہوا

کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا جو بعد ازاں تیز بارش کی صورت اختیار کر گیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close