منشيات کیس: شاہ رخ خان اور اننیا پانڈے کے گھروں پر نارکوٹکس بیورو کے ’چھاپے‘

ویب ڈیسک

ممبئی : انڈیا میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی ایک ٹیم نے منشیات کیس میں گرفتار آرین خان کے  معاملے میں تحقیقات کے لیے ممبئی میں ان کے والد اداکار شاہ رخ خان کے گھر چھاپہ مارا ہے

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی آج صبح آرتھر جیل میں بیٹے آرین خان سے ملاقات کے بعد ہی نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے منشیات کیس کے سلسلے میں اُن کی رہائش گاہ ’منت‘ پر چھاپہ مارا ہے

یہ پہلا موقع ہے جب شاہ رخ کو  اپنے بیٹے کی گرفتاری کے بعد کیمرے کے سامنے دیکھا گیا ہے، بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ شاہ رخ خان نے آرین خان کی گرفتاری کے بعد سے اپنی تمام شوٹنگز اور پراجیکٹس کو منسوخ کر دیا ہے

شاہ رخ خان کے علاوہ این سی بی کی ایک ٹیم نے جمعرات کو اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر پر بھی چھاپہ مارا. واضح رہے کہ اننیا پانڈے اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی اور شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی قریبی دوست ہیں۔ این سی بی نے انہیں جمعرات کو پوچھ گچھ کے لیے بھی بلایا ہے

ممبئی ہائی کورٹ 26 اکتوبر کو اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی منشیات کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ اس سے قبل ممبئی کی خصوصی عدالت نے بدھ کو آرین خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کی تھی۔ عدالت نے ارباز مرچنٹ اور منمون دھمیچ کی ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد کیں. یہ تمام افراد منشیات کی خرید اور اسے استعمال کرنے کے الزامات کے تحت گذشتہ کئی دنوں سے زیر حراست ہیں

یاد رہے کہ ممبئی کی عدالت کی جانب سے آرین خان کی درخواستِ ضمانت چار بار مسترد کی جا چکی ہے اور اسی وجہ سے اب اُن کے وکیل نے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے

دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے حکام کا کہنا ہے کہ ایجنسی کی جانب سے شاہ رخ خان کے گھر کی تلاشی کے لیے چھاپہ نہیں مارا گیا

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، این سی بی حکام کا کہنا ہے کہ وہ شاہ رخ خان کی ان کے بیٹے سے جیل میں ملاقات کے بعد ان کےگھر صرف کچھ کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے گئے تھے

حکام نے بتایا کہ این سی بی کی ایک ٹیم نے کاغذی کارروائی مکمل کرنے کے لیے شاہ رخ کی گھر ’منّت‘ کا دورہ کیا ناکہ کسی قسم کی تلاشی لینے کے لیے چھاپہ مارا

تاہم حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دوران ایجنسی کی ایک اور ٹیم نےاس کیس میں مزید تحقیقات کے لیے اداکارہ اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا ہے

کروز شپ ڈرگ کیس کا پس منظر

بھارت کے انسدادِ منشیات ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے ممبئی کے ساحل پر 3 اور 4 اکتوبر کی درمیانی شب ایک کروز شپ پر  ریو پارٹی کے دوران چھاپہ مار کر شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کیا گیا تھا

واضح رہے کہ ریو پارٹیز کو انڈیا میں عموماً خفیہ طور پر منظم کیا جاتا ہے۔ ایسی پارٹیز میں منشیات، شراب، موسیقی، رقص اور بعض اوقات سیکس جیسے عوامل بھی شامل ہوتے ہیں

انڈیا میں انسداد منشیات کے ادارے این سی بی کے ایک عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ریو پارٹیوں کا اہتمام صرف پارٹی سرکٹ سے تعلق رکھنے والے چند لوگوں کے لیے کیا جاتا ہے۔ نئے آنے والوں کو ان پارٹیوں میں شرکت کی اجازت نہیں ہوتی، تاکہ پارٹی کے بارے میں معلومات عام لوگوں میں نہ پھیلے

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں ریو پارٹیاں منشیات استعمال کرنے اور اسے فروخت کرنے والوں کے لیے محفوظ مقامات ہیں

عموماً ریو پارٹیوں میں بڑی مقدار میں منشیات کا استعمال ہوتا ہے، جن میں ایکسٹسی، کیٹامائن، ایم ڈی ایم اے، ایم ڈی اور چرس جیسی منشیات شامل ہیں

پارٹی کے دوران بلند آواز میں الیکٹرک ٹرانس میوزک چلایا جاتا ہے تاکہ منشیات استعمال کرنے والے زیادہ دیر تک اسی موڈ میں رہیں۔ لوگ منشیات لیتے ہیں اور اس تیز موسیقی پر جھومتے ہیں۔ ریو پارٹیاں 24 گھنٹوں سے لے کر تین، تین دنوں تک جاری رہتی ہیں

این سی بی کا کہنا ہے کہ اس نے کروز پر منعقدہ اس ریو اور سے 13 گرام کوکین، پانچ گرام میفیڈرون اور ایکسٹسی کی 22 گولیاں ضبط کیں تھیں، جہاں سے شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کیا گیا تھا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close