جسٹس فائز عیسٰی اور پی ٹی آئی کے ایم این اے کے درمیان جھگڑا

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ اور جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے درمیان جھگڑا ہو گیا

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ کے مابین تلخ کلامی ہوئی اور بڑھتے بڑھتے گالم گلوچ تک پہنچ گئی۔ جب کہ قاضی فائز عیسٰی کی شکایات پر ممبر قومی اسمبلی اکرم چیمہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا، تاہم بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی مداخلت پر انہیں رہا کر دیا گیا

ذرائع نے بتایا کہ کشمیریوں سے یوم یکجہتی کرتے ہوئے یوم سیاہ کی ریلی کے موقع پر رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ نے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی راہ میں رکاوٹ ڈالی، اور غصے میں مغلظات بھی بکیں، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، تاہم جسٹس فائز عیسیٰ وہاں سے چلے گئے اور پولیس کو شکایات کردی

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اکرم چیمہ کو گرفتار کرکے گاڑی بھی قبضے میں لے لی، اور یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کے زیر استعمال گاڑی ویگو ڈالا بھی نان کسٹم ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی نان کسٹم ہے یا کلئر ہے چیکنگ کر رہے ہیں

واقعے کے  بعد جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے مؤقف دیتے ہوئے بتایا کہ میں نے کسی کی گرفتاری کا حکم نہیں دیا، میں حکم عدالت میں دیتا ہوں راہ چلتے نہیں، روزانہ پیدل سپریم کورٹ آتا ہوں، صبح پارلیمنٹ کے سامنے فٹ پاتھ پر مشکوک گاڑی سامنے آئی، مجھے نہیں معلوم گاڑی میں کون تھا، صرف پولیس سے گاڑی سے متعلق پوچھا، گاڑی میں بیٹھے شخص نے سخت زبان استعمال کی اور گاڑی پارلیمنٹ میں لے گیا

قاضی فائز عیسٰی کے مطابق پارلیمنٹ کے گیٹ پر موجود پولیس اہلکاروں کو گاڑی چیک کرنے کا کہا، تو گاڑی کے ڈرائیور نے پارلیمنٹ سے واپس آکر پھر میرا راستہ روکا، گاڑی میں موجود نامعلوم شخص نے پھر برا بھلا کہا مگر میں خاموش رہا۔ میں نے غیر قانونی نمبر پلیٹ دیکھ کر پولیس کو صرف گاڑی چیک کرنے کا کہا تھا، لاقانونیت پر میں اپنے ڈرائیور کا بھی چالان کروا دیتا ہوں

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صبح ڈی چوک پر واک کر رہے تھے کہ انہوں نے ایک گاڑی کے کالے شیشے ہونے پر کار کے مالک کی پولیس کو شکایت کی تھی

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ تھانہ سیکریٹریٹ کی جانب سے جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی شکایت پر گاڑی کے مالک اکرم چیمہ کو حراست میں لیا گیا تھا

جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اکرم چیمہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close