کراچی میں سرد ہواؤں کے ڈیرے، حد نگاہ متاثر

نیوز ڈیسک

کراچی :  سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور حد نگاہ صرف چار کلومیٹر کے لگ بھگ ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سرد ہوائیں چل پڑی ہیں،جن کی رفتار 34 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے، شمال مشرقی سمت بلوچستان کی جانب سے چلنے والی معمول سے تیز ہواؤں کی وجہ حدِ نگاہ بھی متاثر ہورہی ہے، اور اس وقت شہر کی حدنگاہ چار کلومیٹر کے لگ بھگ ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق آج صبح شہر میں کم سے کم پارہ 16.6 ڈگری ریکارڈ ہوا، اگلے تین روز کے دوران صبح و رات کے وقت موسم سرد رہنے کی توقع ہے، اس دوران دوپہر کو شمالی جب کہ شام کے وقت سمندری ہوائیں چلنے کا امکان ہے

دوسری جانب صوبۂ بلوچستان کے دارالخلافہ وادیٔ کوئٹہ سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں موسم شدید سرد ہے

سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سوئی گیس کے پریشر میں کمی کی شکایات پیدا ہونا شروع ہو گئی ہیں

وادیٔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع صاف، موسم خشک اور سرد ہے

بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد رہنے کے سا تھ ساتھ صوبے کے شمالی علاقوں میں بھی شدید سرد ہو گیا ہے

آج صبح کم سے کم درجۂ حرارت وادیٔ کوئٹہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی، گریڈ قلات میں منفی 4، ژوب میں 5، سبی میں 8، لسبیلہ میں 11 اور گوادر میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

محکمۂ موسمیا ت نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیش گوئی بھی کی ہے

جبکہ لاہور آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہا اور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر موجود تھا

لاہور سمیت پنجاب بھر میں اسموگ اور فضائی آلودگی کے بدستور ڈیرے ہیں جس کے باعث دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور آج بھی پہلے نمبر پر ہے، چین کا شہر بیجنگ دوسرے جب کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تیسرے نمبر پر ہے

لاہور میں ائیر کوالٹی انڈیکس 370 ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ بیجنگ کا ائیر کوالٹی انڈکس 277 اور نئی دہلی کا ائیر کوالٹی انڈکس 252 ہے، فضائی آلودگی کے باعث نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر انفیکشنز کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے

لاہور کے مختلف علاقوں میں ائیرکوالٹی انڈکس خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے، سب سے زیادہ ائیر کوالٹی انڈیکس کوٹ لکھپت میں 581 ریکارڈ کیا گیا، گلبرگ 484، فنجا ہاؤس 449، ماڈل ٹاؤن440، ڈی ایچ اے فیز ایٹ 440، ٹاؤن شپ414 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 406 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا ہے

ادہر دھند کے باعث بند پشاور موٹر وے حد نگاہ میں بہتری کے بعد دوبارہ کھول دی گئی اور ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی

موٹروے حکام نے شدید دھند کے باعث کسی بھی حادثاتی صورتحال سے بچنے کے لئے موٹروے بند کردی تھی، موٹروے بندش کے باعث شہریوں نے متبادل روٹ جی ٹی روڈ کا استعمال شروع کیا تھا تاہم حد نگا بہتر ہوتے ہی موٹروے دوبارہ کھول دی گئی ہے

واضح رہے کہ خیبر پختون خوا کے کچھ علاقے آج صبح سے ہی شدید دھند کی لپیٹ میں تھے، شدید دھند کی وجہ سے ان علاقوں میں حدِ نگاہ انتہائی کم تھی اور چند فٹ کے فاصلے سے کچھ نظر نہیں آ رہا تھا

حدِ نگاہ کم ہوجانے کی وجہ سے کسی بھی حادثے سے بچنے کے لیے موٹر وے ایم ون مردان سے پشاور تک بند کر دی گئی تھی

موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری شدید دھند کے دوران سفر کرنے سے گریز کریں، اشد ضرورت کے تحت گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close