قازقستان: ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر مظاہرے، وزیر اعظم مستعفی

ویب ڈیسک

قشلاق – وسطی ایشیا کے ملک قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف نے بدھ کو وزیراعظم عسکر مامن کا استعفیٰ قبول کرتے ہوئے نائب وزیراعظم علی خان اسماعیلوف کو قائم مقام وزیر اعظم مقرر کر دیا

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق صدر نے یہ اقدام منگل کو شہریوں کے پرتشدد مظاہروں کی شدت میں اضافے کے بعد کیا، جہاں اس سے قبل وہ ملک کے سب سے بڑے شہر الماتی اور تیل پیدا کرنے والے مغربی صوبے مین قشلاق میں ہنگامی حالت نافذ کر چکے تھے۔

یہ غیر معمولی مظاہرے اتوار کو مین قشلاق کے قصبے جانااوزن سے پیٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہوئے تھے، جنہوں نے ملک کے دیگر حصوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق قازقستان کے اقتصادی حب الماتی میں اس وقت صورت حال خراب ہوئی جب مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمتوں میں اضافے پر شروع ہونے والی بدامنی پر قابو پانے کے لیے پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس اور اسٹن گرینیڈ فائر کیے تھے

صدارتی ویب سائٹ کے مطابق قاسم جومارت توقایف نے الماتی اور مغربی علاقے مین قشلاق میں ہنگامی حالت کے احکامات پر دستخط کیے، جو پانچ جنوری سے 19 جنوری تک نافذ العمل ہیں اور یہاں مخصوص وقت میں کرفیو نافذ رہے گا

صدر توقایف نے اس سے قبل اپنے پریس سیکرٹری کے ذریعے فیسبک پر پوسٹ کی گئی ایک وڈیو میں مظاہرین سے پر امن رہنے کی اپیل کی تھی

ان کا نے کہنا تھا کہ اپنی صفوں کے اندر اور باہر اشتعال انگیزی سے گریز کریں۔ سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنے کی باتوں پر کان نہ دھریں۔ یہ ایک ایسا جرم ہے جس کی آپ کو سزا دی جائے گی۔ حکومت کو گرایا نہیں جائے گا، لیکن ہمیں تنازعات کی ضرورت نہیں ہے

الماتی میں اے ایف پی کے ایک رپورٹر نے پولیس کو پانچ ہزار سے زیادہ لوگوں کے ہجوم پر سٹن گرنیڈ اور آنسو گیس فائر کرتے ہوئے دیکھا۔ یہ مظاہرین مرکزی سڑکوں پر حکومت مخالف نعرے لگا رہے تھے اور گاڑیوں پر حملے کر رہے تھے

بدھ کو 1.9 کروڑ آبادی والے ملک قازقستان میں میسجنگ ایپس ٹیلی گرام، سگنل اور وٹس ایپ بھی دستیاب نہیں تھے، جب کہ دو آزاد میڈیا ویب سائٹس، جنہوں نے مظاہروں کی اطلاع دی تھی، بلاک کر دی گئی ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close