وفاقی حکومت کا سرکاری ملازمین کو 15 فیصد الاؤنس دینے کا فیصلہ

نیوز ڈیسک

اسلام آباد – وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی اداروں کے سرکاری ملازمین کے احتجاجی دھرنے سے ایک روز قبل حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم مارچ سے کم مراعت یافتہ گریڈ ایک سے گریڈ 19 تک کےملازمین کو ان کی بنیادی تنخواہوں کے مطابق 15 فیصد تفاوت/ ڈسپیرٹی الاؤنس دیا جائے گا

تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں صوبائی حکومتوں کو بھی سرکاری ملازمین کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے یہ الاؤنس دینے کی ہدایت کی گئی ہے

وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الاونس رننگ بیسک تنخواہ پر دیا جائے گا، جس کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا

علاوہ ازیں تحریری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فنانس ڈویژن کی جانب سے طویل عرصے سے ایک ہی گریڈ پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی ترقی کے لیے ٹائم اسکیل پروموشن کی سمری بنانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے

وزارتِ خزانہ کے مطابق خیبر پختون خواہ کے ملازمین کی طرز پر ملازمین کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ اپریل تک ہوگا

بیان میں کہا گیا کہ ایڈہاک ریلیف/ الاؤنسز کو تنخواہوں میں ضم کرنے کا فیصلہ پے اینڈ کمیشن کی رپورٹ کے بعد کیا جائے گا

یاد رہے کہ وفاقی حکومت کے ماتحت ملازمین کی نمائندہ تنظیموں نے حکومت کی جانب سے انہیں خصوصی الاؤنس فراہم کرنے کے وعدے کی تکمیل میں ناکامی کےخلاف آج سے اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کر رکھا تھا

گزشتہ سال وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق فیصلہ نہ ہونے پر سرکاری ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے شدید احتجاج کیا تھا اور اس دوران ان کی پولیس سے جھڑپ بھی ہوئی تھی، جس کے بعد متعدد ملازمین کو گرفتار بھی کیا گیا تھا

تاہم سرکاری ملازمین کے ساتھ حکومتی کمیٹی کے کامیاب مذاکرات کے بعد ایک سے 19 گریڈ کے وفاقی ملازمین کو 25 فیصد ایڈہاک ریلیف دینے، ملازمین کے خلاف مقدمات واپس لینے اور گرفتار افراد کو رہا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close