”لندن والے کو ایک بہت ہی بری عادت تھی، جس متعلق کھل کر نہیں بتا سکتا“ فاروق ستار

نیوز ڈیسک

کراچی – متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ زمانہ طالب علمی میں جن لڑکیوں سے متعلق انہوں نے بہت کچھ سوچ رکھا تھا، ان کے میئر بننے تک وہ مائیں بن چکی تھیں، جس وجہ سے ان کے ارمان دل کے دل میں ہی رہے

ایک ٹی وی شو میں بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے یونیورسٹی کے دور اور سیاسی یادداشتوں پر کھل کر گفتگو کی

فاروق ستار نے کہا کہ لندن میں رہنے والے الطاف حسین اور نواز شریف کے ساتھ پاکستان کا رویہ مختلف ہے اور دونوں کے ساتھ الگ الگ سلوک کیا جا رہا ہے

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں جب الطاف حسین تقریر کے دوران کچھ غلط کہہ جاتے تھے تو ان سمیت پارٹی کے تمام لوگ انہیں وہ بات کہنے سے کم از کم چار مرتبہ روکتے تھے مگر اس کے باوجود وہ متنازع بات کر جاتے تھے

انہوں نے کیا ”16 اگست 2016 میں کراچی پریس کلب پر خطاب کے بعد میں، مصطفیٰ کمال اور دیگر پانچ رہنماؤں کے ہمراہ لندن گیا تھا اور ہم نے الطاف حسین کو چند ماہ تک بحالی مرکز میں رکھ کر ان کا علاج کروایا تھا“

فاروق ستار نے کہا ”لندن والے شخص کو متعدد طبی مسائل رہتے تھے، جس وجہ سے وہ کبھی کبھار حد سے زیادہ بول لیتے تھے، لیکن انہیں ایک بہت ہی بری عادت تھی، جس متعلق وہ کھل کر نہیں بتا سکتے“

فاروق ستار نے اس بات کا بھی شکوہ کیا کہ الطاف حسین کی تقریر کے بعد انہیں رینجرز کے افسر ’ٹھاکر‘ گھسیٹ کر لے گئے جب کہ وہ دیگر پارٹیوں کے ان کی سطح کے اعلیٰ رہنماؤں کے ساتھ ایسا کبھی نہی کر سکتے تھے

ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے بتایا کہ ان پر بالواسطہ پریشر ڈالا گیا کہ پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے ساتھ اتحاد کریں مگر انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کیا

فاروق ستار نے یہ بھی کہا کہ ’مائنس الطاف‘ کے فارمولے کو آگے بڑھانے پر ان کی پارٹی کو ’اسپیس‘ ملنی چاہیے تھی، مگر ایسا نہ ہوسکا

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی پارٹی اور وہ پرویز مشرف کے مارشل لا کے دور میں مزید بہت کچھ کر سکتی تھی، مگر انہوں نے منظم طریقے سے بعض کام نہیں کیے

انہوں نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ مشرف دور میں ’رورل سندھ‘ کو وفاق سے تھوڑی سی خصوصی مراعات دلاکر سندھ سے کوٹا سسٹم ختم کروائیں، مگر ایسا بھی نہ ہوسکا

ایک سوال کے جواب میں فاروق ستار نے کہا کہ ماضی میں ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ سے کی گئی ملاقاتی اتفاقی تھی اور وہ انہیں پہلے سے نہیں جانتے تھے

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ ایک سماجی تقریب میں گئے تھے، جہاں انہیں بتایا گیا کہ تقریب کی ایک کارکن ان سے ملنا چاہتی ہیں جو کہ ان کی فین ہیں

فاروق ستار کے مطابق انہوں نے پہلے سے حریم شاہ کی ٹک ٹاک ویڈیوز نہیں دیکھی تھیں اور وہ انہیں نہیں جانتے تھے اور ان کے اصرار پر ہی انہوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائی تھیں

زمانہ طالب علمی کو یاد کرتے ہوئے فاروق ستار نے بتایا ”جب میں سندھ میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی تعلیم حاصل کر رہا تھا، تب لڑکیاں مجھے تنگ کرتی تھیں اور مجھ سے ملاقات کا وقت بھی مانگتی رہتی تھیں مگر میرے پاس وقت نہیں ہوتا تھا“

ان کے مطابق وہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد جب ہاؤس جاب کرنے لگے، تب ہی انہیں لوکل الیکشن میں کھڑا کیا گیا اور وہ کونسلر بنے، بعد ازاں وہ جلد ہی اٹھائیس سال کی عمر میں کراچی کے میئر منتخب ہوئے

انہوں نے کہا کہ میئر بننے کے بعد کراچی کے کچھ ہسپتال ان کے ماتحت ہوگئے تھے، جن میں ان کی کلاس فیلو لڑکیاں بھی ملازمت کرتی تھیں اور وہ وہی لڑکیاں تھیں، جو انہیں یونیورسٹی میں تنگ کرتی تھیں

فاروق ستار نے کہا ”یونیورسٹی میں تنگ کرنے والی لڑکیوں سے متعلق میں نے بہت کچھ سوچ رکھا تھا، لیکن جب تک میں میئر بنا، تب تک وہ لڑکیاں مائیں بن چکی تھیں اور میں ان کے بچوں کو دیکھ کر خاموش رہ گیا اور ارمان دل کے دل میں ہی رہے.“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close